Follw Us on:

دوسرے صوبوں سے تین ججوں کی اسلام آباد منتقلی: لاہور ہائی کورٹ بار کا احتجاج

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک

اسلام آباد کی تینوں بار کونسلز نے لاہور، بلوچستان اور سندھ ہائی کورٹس سے تین ججوں کی اسلام آباد ہائی کورٹ منتقلی کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ اور ماتحت عدالتوں میں ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ بار کونسلز کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ججوں کی منتقلی کا نوٹیفیکیشن واپس لیا جائے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ بار، اسلام آباد بار کونسل اور ڈسٹرکٹ کورٹس ایسوسی ایشن کی مشترکہ قرار داد میں کہا گیا ہے کہ وہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججوں کے اس خط کے ساتھ ہیں جس میں ملک کی دوسری ہائی کورٹس سے ججوں کو اسلام آباد ہائی کورٹ ٹرانسفر کرنے کی مخالفت کی گئی ہے۔ خط میں کہا گیا تھا اسلام آباد ہائی کورٹ کا چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ سے ہی لگایا جائے۔

واضح رہے کہ صدر آصف علی زرداری نے دو روز قبل لاہور، سندھ اور بلوچستان ہائی کورٹ سے ایک، ایک جج کا اسلام آباد ہائی کورٹ تبادلہ کر دیا تھا جبکہ اس سے ایک روز قبل ہی اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججوں نے دوسری ہائی کورٹ سے جج لا کر اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیف جسٹس بنانے کی خبروں پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔

صدر زرداری نے آئین کے آرٹیکل 200 کی شق (ون) کے تحت تینوں ججوں کے تبادلے کیے ہیں جس کا نوٹی فکیشن وزارت قانون و انصاف کی جانب سے جاری کر دیا گیا ہے۔

نوٹی فکیشن کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر، سندھ ہائی کورٹ سے جسٹس خادم حسین سومرو اور بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس محمد آصف کا اسلام آباد ہائی کورٹ تبادلہ کیا گیا ہے۔

لاہور ہائی کورٹ بار کا کہنا ہے کہ ‏وکلا ارجنٹ کیسز کے بعد عدالتوں میں پیش نہیں ہوں گے۔ (فوٹو: ایکس)

آئین کے آرٹیکل 200 کے مطابق صدر ہائی کورٹ کے کسی بھی جج کو ایک ہائی کورٹ سے دوسری ہائی کورٹ میں منتقل کر سکتے ہیں، لیکن جج کو ان کی رضامندی اور صدر کی طرف سے چیف جسٹس آف پاکستان اور دونوں ہائی کورٹس کے چیف جسٹس کی مشاورت کے بعد منتقل کیا جائے گا۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسڑار آفس کی جانب سے جاری ججز روٹا کے مطابق ٹرانسفر ہونے والے ججز آج مختلف مقدمات کی سماعت کریں گے۔

جسٹس سرفراز ڈوگر سینیئرز میں دوسرے نمبر ہر آگئے ہیں جبکہ جسٹس محسن اختر کیانی اب سینیئرز میں تیسرے نمبر پر چلے گئے ہیں۔

دوسری جانب لاہور ہائی کورٹ بار نے ججوں کے اسلام آباد ہائی کورٹ ٹرانسفر پر ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔

لاہور ہائی کورٹ بار کا کہنا ہے کہ ‏وکلا ارجنٹ کیسز کے بعد عدالتوں میں پیش نہیں ہوں گے۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس