ایران کی نے بحری دفاع کے لیے زیرِ زمین اینٹی شپ کروز میزائل لانچ کرنے کا اعلان کر دیا ہے، یہ اقدام جنگ کے دوران آپریشنل رازداری اور غیر متوازن جنگ کی صلاحیتوں کو یقینی بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
غیر ملکی خبررساں ادارے سفارتی ترجمان کے مطابق ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ کور(آئی آر جی سی) کی بحریہ نے ایک جدید زیر زمین فوجی اڈے کا اعلان کیا ہے، جس میں جدید ترین کروز میزائل نصب ہیں۔
ذرائع کے مطابق یہ میزائل سسٹم خاص طور پر دشمن کے جنگی جہازوں اور بحری اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے ڈیزائن کیے گیے ہیں۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق یہ کروز میزائل اپنی وسیع رینج کے ساتھ بحر کے مختلف حصوں میں بڑے بحری اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
یہ نئے میزائل سسٹمز ایران کی دفاعی پوزیشن کو مستحکم کرنے کی ایک اہم کوشش ہیں۔

پاسداران انقلاب کی بحریہ کے کمانڈر ریئر ایڈمرل علی رضا تنگسیری نے اس نئے فوجی اڈے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کروز میزائل سسٹم انتہائی متحرک ہیں اور انہیں زیر زمین سائلوز سے فوراً تعینات کیا جا سکتا ہے۔
اس سے دشمن کے جہازوں کے لیے ایک فوری اور تباہ کن جواب دینے کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا۔
ایران کی یہ پیش رفت حالیہ فوجی کامیابیوں کے سلسلے میں شامل ہے، جن میں ہائپرسونک میزائلوں، ڈرونز اور تیز رفتار بحری جہازوں کا تعینات کرنا شامل ہے۔
اس پیشرفت نے ایران کی عسکری حکمت عملی میں ایک نئے دور کا آغاز کیا ہے، جس میں زیر زمین میزائل تنصیبات کی نمائش کی جا چکی ہے تاکہ جنگ کے دوران آپریشنل رازداری اور غیر متوازن جنگ کی صلاحیتوں کو یقینی بنایا جا سکے۔
واضح رہے کہ ایران گزشتہ ایک عرصے سے اپنے سمندری دفاع میں مسلسل سرمایہ کاری کر رہا ہے، تاکہ خطے میں اپنی موجودگی کو مستحکم اور عالمی سطح پر اپنے دفاعی مفادات کا تحفظ کر سکے۔