8 فروری سے پاکستان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان سہ ملکی کرکٹ سیریز کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔
قذافی اسٹیڈیم لاہور میں اس ایونٹ کے میچز کے انعقاد کے لیے تیاریاں عروج پر ہیں اور اس کی گونج کرکٹ کے شائقین میں بڑھتی جا رہی ہے۔
سیریز کی ابتدائی دو میچز 8 اور 10 فروری کو لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ہوں گے جہاں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلا ون ڈے میچ کھیلا جائے گا۔
اس سیریز کا حصہ بننے کے لیے نیوزی لینڈ کی ٹیم 4 فروری کو آکلینڈ سے براستہ دبئی لاہور پہنچی گئی ہے۔ لاہور پہنچنے پر نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو سخت سیکیورٹی میں ہوٹل منتقل کیا گیا، جہاں وہ آج مکمل آرام کریں گے اور کل سے پریکٹس سیشن کا آغاز کریں گے۔

(فائل فوٹو)
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اس سیریز کے لیے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے ہیں جس کے تحت نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس کو عام ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے اور مختلف اداروں کے سیکیورٹی اہلکار اس کی نگرانی کر رہے ہیں۔
پاکستان کرکٹ کے شائقین کے لیے خوشخبری ہے کہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں جاری ترقیاتی کام تقریباً مکمل ہو چکے ہیں۔
اس اسٹیڈیم کی مین بلڈنگ پر جاری کام آج رات تک مکمل ہونے کا امکان ہے جس سے اس کی حالت مزید بہتر اور شائقین کرکٹ کے لیے ایک شاندار تجربہ فراہم کرے گا۔
قذافی اسٹیڈیم کا منظر ان کی توقعات سے بھی بڑھ کر ہو گا جب پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں 6 اور 7 فروری کو یہاں پریکٹس کریں گی۔
پاکستان میں ہونے والی سہ ملکی کرکٹ سیریز اس مرتبہ سنگل لیگ کی بنیاد پر کھیلی جائے گی جس میں 8 سے 14 فروری تک میچز کا انعقاد ہوگا۔
لاہور میں ابتدائی دو میچز کے بعد آخری لیگ میچ اور فائنل کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں ہوں گے۔
ضرور پڑھیں: مچل مارش کے بعد آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز کا چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہونیکا امکان
اس سیریز کے فائنل کا میچ 14 فروری کو کراچی میں کھیلا جائے گا جبکہ اس ایونٹ کا جوش اور جذبہ کرکٹ کے مداحوں کو ایک نیا تڑکا دینے والا ہے۔
یہ سیریز پاکستان کے لیے اس لحاظ سے بھی اہم ہے کہ اس میں عالمی کرکٹ کی کئی بڑی ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں۔
اس کے علاوہ، 2025 میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی پاکستان کو حاصل ہوئی ہے، جو ایک اور بڑا سنگ میل ثابت ہو گا۔

(فائل فوٹو)
آئی سی سی نے 2025 کی چیمپئنز ٹرافی کے میچ آفیشلز کا اعلان بھی کر دیا ہے جس میں پاکستان کے احسن رضا کا نام شامل ہے۔
احسن رضا کے ساتھ دیگر معروف امپائرز جیسے رچرڈ کیٹلبرو، کرس گیفانی، کمار دھرماسینا اور رچرڈ ایلنگ ورتھ بھی اس ایونٹ میں اپنی ذمہ داریوں کو ادا کریں گے۔ اس چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد پاکستان اور یو اے ای میں ہوگا جس میں کرکٹ کے شائقین کو عالمی سطح کے کرکٹ کا ایک اور شاندار موقع ملے گا۔
یہ بھی پڑھیں: آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025: روی شاستری نے فائنلسٹ ٹمیوں کی پیش گوئی کر دی
دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10ویں ایڈیشن کا لوگو بھی رونمائی کر دی ہے۔
یہ ایونٹ 8 اپریل سے 19 مئی 2025 تک منعقد ہو گا اور اس ایڈیشن کا آغاز کرکٹ کے شائقین کے لیے ایک نیا جوش اور جذبہ لے کر آئے گا۔ نیا لوگو پی ایس ایل کی 6 فرنچائزز کو خراج تحسین پیش کرتا ہے اور اس میں جڑنے والی لائنز لیگ کی طاقتور اور ایکدوسرے سے جڑی ٹیموں کی نمائندگی کرتی ہیں۔

(فائل فوٹو)
اس کے علاوہ چیف ایگزیکٹو پی ایس ایل ‘سلمان نصیر’ نے کہا کہ “ایچ بی ایل پی ایس ایل صرف ایک کرکٹ لیگ نہیں بلکہ یہ قومی جذبے کا آئینہ دار ہے جس نے قوم کو متحد کر رکھا ہے۔ 10ویں ایڈیشن میں شائقین کرکٹ کو بے شمار یادگار لمحے دیکھنے کو ملیں گے۔”
پاکستان میں ہونے والے یہ عالمی کرکٹ ایونٹس اس بات کا غماز ہیں کہ ملک میں کرکٹ کا جوش اور جوہر اب ایک نئے عروج پر پہنچ چکا ہے۔
پاکستان کے کرکٹ شائقین کے لیے یہ ایونٹس یادگار ثابت ہونے والے ہیں جہاں وہ عالمی کرکٹ کی مہارت اور مہمان ٹیموں کے ساتھ شاندار مقابلوں کا لطف اٹھائیں گے۔
جہاں ایک طرف پاکستان کرکٹ کے نئے سنہری دور کی جانب بڑھ رہا ہے، وہیں کرکٹ کے شائقین کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والے اس تاریخی سیریز میں کس کا پلڑا بھاری رہتا ہے اور کیا پاکستان اپنے ہوم گراؤنڈ پر کامیابی حاصل کر پائے گا؟