موجودہ دورمیں مہنگائی کی جو صورتِ حال ہے وہ کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ۔ اوراس مہنگائی کے عالم میں گھر کے اخراجات کا بوجھ اٹھانا محال ہے۔
تنخواہ دار طبقہ ہر ماہ مائنس میں ہے یعنی 30 دن پورے ہونے سے پہلے ہی اس کی تنخواہ ختم ہو جاتی ہے ۔ اب باقی دنوں کے اخراجات کیسے پورے کرنے ہیں یہی سوچ دن رات پریشان کیے ہوئے ہے۔
اپنی زندگی کو سہل بنانے کیلئے تین آسان عادات اپنائیں اور 2025 میں اپنی معاشی زندگی آسان بنائیں۔
اکثر آپ کے ساتھ ایسا ہوتا ہے کہ کبھی راہ چلتے کچھ دیکھ کر خریدنے کا ارادہ بنے یا آن لائن سرفنگ کرتے ہوئے کسی پراڈکٹ کو خریدنے کا من چاہے ، مگرمہینے کی آخری تاریخوں یا کسی اور وجہ سے جیب ہلکی دیکھ کر خواہش ادھوری رہ جاتی ہے۔
ایسا ہونا پریشان کن نہیں۔ مختلف سوشیو اکنامک کلاسز کے ساتھ مختلف مواقع پر ایسا ہوسکتا ہے جو معمول کی بات ہے۔
لیکن اگر ایسا اکثر ہونے لگے تو پھر یہ صورتحال تشویشناک ہے ۔ ایسے میں ہمارے ارد گرد موجود مختلف افراد معاشی انتظام یا فنانشل مینجمنٹ کے لیے مختلف ٹوٹکے تجویز کرتے ہیں جو کبھی تو کام کر جاتے ہیں لیکن کبھی نتائج نہیں دیتے۔
اب سوال یہ ہے کہ ایسا کیا کیا جائے جس سے ماضی کی یہ ناخوشگوار صورتحال دوبارہ پیدا نہ ہو۔
تین آسان عادات اپنا کر آپ اس مشکل سے جان چھڑا سکتے ہیں۔
نمبر ایک:50:20:30 کا قانون اپنائیں
اپنی آمدن میں سے 50 فیصد ضرورتوں کے لیے مختص کریں یعنی روز مرہ کی اشیا ، گروسریز،بچوں کی اسکولنگ ، یوٹیلیٹی بلز وغیرہ
30 فیصد کا خواہشات یا سہولیات پر خرچ کریں ، یعنی ہوٹلنگ ، ٹریولنگ ، فیملی ٹورزوغیرہ
20 فیصد کو سیونگز یا بچت کا حصہ بنائیں۔
نمبر دو: 60:40 کا قانون
سیونگز کے 60 فیصد کو اپنی پسند کے ایسے شعبے میں انویسٹ کریں جس کی آپ کو سمجھ بوجھ ہو اور جو اس وقت کے لحاظ سے بہتر شرح منافع رکھتا ہو۔
40 فیصد کو سونے یا کسی ایسی کموڈیٹی میں انویسٹ کریں جس کی گروتھ یا طلب مستقل نوعیت کی ہو اور حالات یا ٹیکنالوجی کی تبدیلیاں اس کی معاشی حیثیت کو خطرے میں نہ ڈال سکیں ۔
نمبر تین: مستقبل کا 4 فیصد
وقت کے ساتھ ساتھ آپ کی عمر نے بڑھنا ہے، آج جو زندگی خاندانی اور سماجی ذمہ داریوں کی ادائیگی پر فوکسڈ ہے کل ہو سکتا ہے یہ ذاتی ضروریات کے لیے پریشان ہو۔ ایسی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے اپنی سیونگز کا 4فیصد سالانہ ریٹائرمنٹ کے لیے بچا رکھیں۔
بڑھتی مہنگائی ، کم آمدن کے دور میں یہ تین اہم نکات آپ کی معاشی زندگی کو بہتر بنانے کے لیے رہنما ہدایات ہیں، ماضی تو گزر گیا لیکن اپنے حال اور مستقبل کو بہتر بنانے کیلئے ان تین نکات پر عمل ضروری ہے ۔
آپ آمدن کو ضروریات، خواہشات اور بچت میں تقسیم کر کے اپنے آپ کو پریشانی سے محفوظ رکھ سکیں گے ۔۔