وزیراعظم شہباز شریف نے ڈیرہ غازی خان میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترقی میں بھارت کو پیچھے نہ چھوڑا تو میرا نام شہباز شریف نہیں، جب تک جان میں جان ہے پاکستان کو عظیم بنائیں گے اور ہندوستان کو شکست دیں گے۔
پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے جنوبی پنجاب کی ترقی کے لیے ایک بڑے پیکج کا اعلان بھی کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ “آج میں یہاں ڈی جی خان میں کینسر اسپتال کی تعمیر کا اعلان کرتا ہوں”۔
اس کے علاوہ وزیر اعظم نے راجن پور میں ایک نئی یونیورسٹی کے قیام کا بھی عندیہ دیا جس سے اس خطے میں تعلیمی اور طبی سہولتوں میں اضافہ ہوگا۔
شہباز شریف نے جنوبی پنجاب کے عوام سے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ کوئی احسان نہیں بلکہ ان کا حق ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ “یہ وہ علاقے ہیں جنہیں ہمیشہ نظرانداز کیا گیا لیکن ہم نے ہمیشہ اس خطے کو ترقی کی راہوں پر گامزن کرنے کی کوشش کی ہے”۔
انہوں نے کہا کہ “نواز شریف اور میں ہمیشہ جنوبی پنجاب کے لیے زیادہ سے زیادہ وسائل فراہم کرنے کی کوشش کرتے ہیں، چاہے وہ روزگار سکیم ہو، لڑکیوں کی تعلیم کا پروگرام ہو یا دانیش سکولوں کا قیام ہو”۔
وزیر اعظم نے یہ بھی کہا کہ ان کی حکومت نے جنوبی پنجاب کے عوام کے لیے مختلف ترقیاتی منصوبے شروع کیے ہیں، جن میں مفت ادویات، لیپ ٹاپ سکیم، اور نقد امدادی پروگرام شامل ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ “ہم نے ہمیشہ اس خطے کو ترجیح دی ہے اور ہم اس بات کا عہد کرتے ہیں کہ اس خطے کو ترقی کے لحاظ سے کسی بھی جگہ پیچھے نہیں چھوڑا جائے گا”۔
یہ بھی پڑھیں: اوکاڑہ کے قریب مال بردار ٹرین پٹری سے اترگئی، رواں سال کا پانچواں حادثہ، ایسا کیوں ہورہا ہے؟
شہباز شریف نے اپنے خطاب میں جنوبی پنجاب کی عوام کی حمایت اور محبت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ “میں اور نواز شریف اس خطے کے عوام کے احسانات کا بدلہ پوری زندگی نہیں دے سکتے، لیکن ہم ہمیشہ اس علاقے کی ترقی کے لیے کام کرتے رہیں گے”۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ جب ان کی حکومت اقتدار میں آئی تو مہنگائی کی شرح 40 فیصد تک پہنچ چکی تھی لیکن موجودہ حکومت نے محنت اور ترقی پسند پالیسیوں کی بدولت مہنگائی کو 2.4 فیصد تک محدود کر لیا ہے، اور سود کی شرح کو بھی کم کر کے 12 فیصد تک لایا گیا ہے، جس سے سرمایہ کاروں، کاروباری افراد اور کسانوں کو فائدہ پہنچا ہے۔
وزیر اعظم نے جنوبی پنجاب کی عوام کے ساتھ اپنے ذاتی تعلقات کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ “جب سیلاب نے اس علاقے کو تباہ کیا تھا تو ہم نے دن رات کام کیا تاکہ اس کی حالت بہتر ہو سکے”۔
انہوں نے اپنے خطاب میں نواز شریف اور مریم نواز کی جانب سے جنوبی پنجاب کی ترقی کے لیے مسلسل محنت کی تعریف کی۔ انکا کہنا تھا کہ “نواز شریف اور مریم نواز اس وقت دن رات محنت کر رہے ہیں تاکہ پورے صوبے اور خصوصاً جنوبی پنجاب کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے”۔
وزیر اعظم نے اپنے خطاب میں ملکی معیشت کے حوالے سے بھی بات کی اور کہا کہ “ہمیں اقتصادی مسائل کا حل غیر ملکی قرضوں میں نہیں بلکہ اپنے وسائل سے ہی تلاش کرنا ہوگا۔
لازمی پڑھیں: حافظ نعیم کا’بنو قابل‘ کارواں گوجرانوالا پہنچ گیا، نوجوانوں کے لیے تعلیم اور روزگار کا اعلان
انہوں نے کہا کہ میں خالی نعروں پر یقین نہیں رکھتا، اور میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم بغیر قرضوں کے اس ملک کا مقدر بدل دیں گے”۔
شہباز شریف نے کہا کہ ان کی حکومت کا مقصد صرف جنوبی پنجاب کی ترقی نہیں بلکہ پورے ملک کی فلاح و بہبود ہے۔ “ہم ترقی، امن اور خوشحالی کے لئے کام کر رہے ہیں، اور ہم یقین دلاتے ہیں کہ ہم اس علاقے کی محرومیوں کو دور کریں گے”۔
وزیر اعظم کے اس خطاب کے دوران انہوں نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ پی ٹی آئی کی طرف سے صدر آصف علی زرداری پر تنقید کی گئی تھی کہ وہ جنوبی پنجاب صوبے کے قیام کے حوالے سے محض سیاسی کھیل کھیل رہے ہیں۔
اس پر وزیر اعظم نے کہا کہ “جنوبی پنجاب صوبے کا قیام ایک اہم معاملہ ہے اور اگر پی پی پی سنجیدہ ہے تو انہیں اس پر عملی اقدامات کرنے ہوں گے”۔
اس موقع پر شہباز شریف نے جنوبی پنجاب کے تمام رہنماؤں کی محنت اور ان کے علاقے کی ترقی کے لئے کوششوں کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ “ہم سب کا مقصد ایک ہی ہے، اور وہ ہے جنوبی پنجاب کی ترقی اور خوشحالی”۔
وزیر اعظم کا یہ خطاب جنوبی پنجاب کے عوام کے لیے ایک امید کی کرن بن کر ابھرا ہے۔ ان کے ترقی کے وعدوں نے عوام میں ایک نیا جذبہ پیدا کیا ہے، اور یہ بات بھی واضح کی ہے کہ شہباز شریف اور ان کی حکومت جنوبی پنجاب کو کبھی نظرانداز نہیں کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹیکس کا دائرہ کار بڑھانے سے قومی خزانے کا بوجھ کم ہوا، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب