اس طرزِ فکر کے پیچھے دو بنیادی محرکات کار فرما ہوتے ہیں، اول، اپنی نسلی و لسانی عصبیت کو مظلومیت کا لبادہ پہنا کر دوسروں کے خلاف نفرت کو جواز فراہم کرنا، دوم، اپنی قیادت کی ناکامیوں، بدعنوانی، طبقاتی استحصال اور سیاسی غلطیوں پر پردہ ڈالنا۔

بلوچستان، سندھ اور خیبر پختونخوا کی محرومیاں اپنی جگہ حقیقت ہو سکتی ہیں مگر یہ سوال بھی اتنا ہی اہم ہے کہ ان صوبوں کے وسائل، اختیارات اور ترقیاتی منصوبوں پر قابض مقامی سرداروں، وڈیروں، اشرافیہ اور سیاسی قیادت کا کردار کیا ہے؟

ہرچند کہ محرومیوں کا اعتراف ضروری ہے مگر مظلومیت کو تعصب، نفرت اور احتساب سے فرار کا ہتھیار اور مستقل جمود کا جواز نہیں بننا چاہیے۔ حقیقی سیاسی شعور وہی ہے جو دوسروں سے جواب طلب کرنے کے ساتھ اپنی قیادت کا احتساب کرنے کا حوصلہ بھی رکھتا ہو۔

امر واقعہ یہ ہے کہ پاکستان کا وفاقی نظام محض چار صوبوں کے جغرافیائی اتحاد کا نام نہیں بلکہ ایک مشترکہ آئینی، سیاسی، معاشی اور انتظامی وحدت کا جامع مظہر ہے، جس کی بنیادیں باہمی اعتماد، وسائل کی منصفانہ تقسیم، اختیارات کی آئینی حدود میں پیوست ہیں جو دراصل عقلی قومیت پہ مبنی ایک متنوع معاشرے کو قومی یکجہتی میں متشکل کرتی ہیں۔

اس نظام میں وفاق صوبوں کا حاکم ہے نہ صوبے وفاق سے آزاد خودمختار ریاستیں ہیں۔ بلکہ چاروں انتظامی اکائیوں کو باہمی انحصار نے ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم بنا دیا۔ وفاق کی مضبوطی صوبوں کو باہم مربوط رکھنے اور ان کی انتظامی تقسیم کو مشترکہ قوت میں سمو کر انہیں مربوط و مستحکم مملکت کے طور پر منظم کرنے کا آئینی بندوبست میں مضمر ہے۔

بدقسمتی سے ہمارے ہاں فکری ،سیاسی اور سماجی ارتقاء سے جڑے فطری تقاضوں کی وجہ سے بعض انتظامی تجاویز اور پالیسی مباحث کو اس انداز میں پیش کیا جاتا ہے جیسے ان کا واحد مقصد صوبوں کے وسائل پر قبضہ کرنا، ثقافت، تمدن اور علاقائی شناخت کو ختم کرنا یا کسی مخصوص علاقے کو اس کے جائز حقوق سے محروم کرنا ہو۔

جیسے کراچی اور گوادر کو وفاق کے زیر انتظام لانے، سابق قبائلی اضلاع کو دوبارہ وفاقی انتظام میں دینے اور ہزارہ کو الگ انتظامی یونٹ بنانے جیسی تجاویز پر اختلاف رائے یقیناً فطری اور جمہوری حق ہے لیکن ان تجاویز کو زیر بحث لاتے ہوئے آئینی تقاضوں، انتظامی ضرورتوں اور قومی مفادات کو سامنے رکھنے کی بجائے ہر معاملے کو صوبائی حقوق پر حملے یا وفاق کی طرف سے استحصال کی عینک سے نہیں دیکھنا چاہئے۔ بلکہ اسی پیش دستی کے ردعمل سے یہ بھی واضح ہوا ہے کہ سندھی قوم پرستوں نے سندھ کی جغرافیائی وحدت کو معبود کا درجہ دیکر اس کی پرستش کو الہیات میں شامل کر لیا ہے اور اب اگر عہد جدید تقاضوں اور انتظامی ضرورتوں کے تحت سندھ کو ٹرانسفارم کرنے کی تجویز دی جائے تو راشد سومرو جیسے مواحد سے لیکر بلاول بھٹو جیسے ماڈرن سیکولر لوگ بھی خون کی ندیاں بہہ نکلنے کے خدشات ظاہر کرنے میں کوئی عار محسوس نہیں کرتے۔

علی ہذالقیاس! وفاقی نظام کا بنیادی فلسفہ تو یہی ہے کہ ریاست کے مختلف جغرافیائی، لسانی اور ثقافتی خطے اپنی جداگانہ شناخت اور آئینی حقوق برقرار رکھتے ہوئے مشترکہ قومی ریاست کا اٹوٹ حصہ ہیں۔ اس اشتراک کا تقاضا ہے کہ وسیع تر دفاعی ضرورتوں اور جدید معاشروں کی انتظامی نزاکتوں کے پیش نظر رکھتے ہوئے قومی وسائل کو محض علاقائی ملکیت کے تناظر میں نہیں بلکہ مجموعی قومی ملکیت کے طور پر آئین میں متعین اختیارات، ذمہ داریوں اور تقسیم کے اصولوں کے مطابق منظم کیا جائے۔

دنیا کے کامیاب وفاقی نظاموں میں بھی یہی اصول کارفرما ہے۔ امریکہ، کینیڈا، آسٹریلیا اور جرمنی جیسے ممالک میں قدرتی وسائل، قومی ٹیکس، بندرگاہوں، تجارت کی آمدن اور مالیاتی اختیارات کے معاملات مختلف آئینی و قانونی انتظامات کے تحت چلتے ہیں۔ کہیں صوبائی یا ریاستی حکومتوں کو قدرتی وسائل پر زیادہ اختیار حاصل ہے اور کہیں وفاقی حکومت کو قومی معاشی و انتظامی معاملات میں مرکزی کردار حاصل ہے لیکن ان تمام نظاموں میں بنیادی اصول یہی ہے کہ اختلافات کا حل آئینی اداروں اور قانونی طریقۂ کار کے ذریعے تلاش کیا جاتا ہے نہ کہ قومی وحدت کو شک کی نگاہ سے دیکھتے ہوئے انحراف کو بڑھایا جائے۔

ہمارا 1973 کا آئین اسی نوعیت کی متفقہ دستاویز ہے جو ہمیں ایک جامع بندوبست فراہم کرتا ہے۔جس کے آرٹیکل 160 کے تحت قومی مالیاتی کمیشن (NFC) کا قیام اور وفاق و صوبوں کے درمیان قابل تقسیم محاصل کی تقسیم کا طریقۂ کار متعین کیا گیا۔ اس کا مقصد ہی یہ ہے کہ قومی سطح پر جمع ہونے والے مخصوص ٹیکسوں کی آمدن وفاق اور صوبوں کے درمیان طے شدہ فارمولہ کے مطابق تقسیم ہو۔

یہ تاثر درست نہیں کہ وفاقی سطح پر جمع ہونے والی تمام آمدن وفاقی حکومت کی ملکیت بن جاتی ہے اور صوبوں کو ان کے حقوق سے محروم رکھا جاتا ہے۔ پاکستان کا مالیاتی نظام اس سے کہیں زیادہ پیچیدہ اور آئینی طور پر منظم ہے۔

ساتویں قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ نے پاکستان کے مالیاتی وفاقی نظام میں ایک اہم تبدیلی متعارف کروائی۔ اس کے تحت قابلِ تقسیم محاصل میں صوبوں کا مجموعی حصہ پہلے 56 فیصد اور بعد ازاں 57.5 فیصد مقرر ہوا جبکہ وفاق کا حصہ 42.5 فیصد رہا۔

اس ایوارڈ کی اہم خصوصیت یہ بھی تھی کہ صوبوں کے درمیان وسائل کی تقسیم صرف آبادی کی بنیاد پر نہیں رکھی گئی بلکہ غربت و پسماندگی، محصولات کی وصولی و پیداوار اور آبادی کی الٹی کثافت جیسے عوامل بھی شامل کیے گئے۔

اس کا مطلب یہ ہے کہ پاکستان کا مالیاتی وفاقی نظام پہلے ہی اس اصول کو تسلیم کرتا ہے کہ قومی وسائل کی تقسیم میں صرف آبادی نہیں بلکہ مختلف علاقوں کی معاشی اور جغرافیائی ضروریات بھی اہمیت رکھتی ہیں۔

اب سوال بلوچستان کی گیس، سندھ کے قدرتی وسائل، خیبر پختونخوا کے معدنی ذخائر اور کراچی و گوادر کی بندرگاہوں سے متعلق آمدن کا ہے۔

کیا ان وسائل پر متعلقہ علاقوں کے عوام کے حقوق کا تحفظ ضروری ہے؟ یقیناً ضروری ہے۔ کیا ان علاقوں کو اپنے وسائل سے حاصل ہونے والے فوائد میں مناسب حصہ ملنا چاہیے؟ بلاشبہ ملنا چاہیے۔ لیکن کیا اس کا مطلب یہ ہے کہ ان وسائل سے متعلق ہر قومی یا وفاقی انتظام کو صوبائی استحصال قرار دے دیا جائے؟ ایسا نتیجہ بھی درست نہیں۔

پاکستان کے آئین کا آرٹیکل 172(3) معدنی تیل اور قدرتی گیس کے حوالے سے ایک واضح اصول فراہم کرتا ہے۔ اس کے مطابق صوبے کے اندر یا اس سے ملحقہ علاقائی پانیوں میں موجود معدنی تیل اور قدرتی گیس صوبے اور وفاق میں مشترکہ اور مساوی طور پر ملکیت ہوں گے، موجودہ ذمہ داریوں اور معاہدوں کے تابع۔ اسی طرح آرٹیکل 158 گیس پیدا کرنے والے صوبے کو اس کے کنویں سے حاصل ہونے والی گیس کی ضروریات پوری کرنے میں ترجیح دیتا ہے۔

یہ دونوں آئینی دفعات ایک اہم حقیقت واضح کرتی ہیں کہ1973 کے آئین کے بانیوں نے صوبائی حقوق کو نظرانداز کیا نہ قومی شراکت کے تصور کو ختم کیا بلکہ انہوں نے دونوں کے درمیان متعین آئینی توازن قائم رکھنے کی کوشش کی ہے۔

کراچی، گوادر، قبائلی اضلاع اور ہزارہ کے حوالے سے سامنے آنے والی تجاویز پر ایک سنجیدہ سوال یہ بھی ہے کہ کیا کسی علاقے کی انتظامی حیثیت تبدیل کرنے کی تجویز لازماً اس کے وسائل پر قبضے کی کوشش ہوتی ہے؟

انتظامی تشکیل، سیاسی نمائندگی، مالیاتی اختیارات اور قدرتی وسائل کی ملکیت چار الگ الگ معاملات ہیں۔ انہیں ایک دوسرے کے ساتھ خلط ملط کرنا علمی اور آئینی بحث کو پیچیدہ بنا دیتا ہے۔

مثلاً کراچی کو وفاق کے زیر انتظام لانے کی تجویز پر یہ سوالات اٹھائے جا سکتے ہیں کہ کیا اس سے انتظامی کارکردگی بہتر ہوگی؟ کیا اس سے شہری مسائل حل ہوں گے؟ سندھ اسمبلی اور صوبائی حکومت کے آئینی اختیارات پر کیا اثر پڑے گا؟ مقامی آبادی کی نمائندگی اور مالیاتی حقوق کیسے محفوظ ہوں گے؟ ان سوالات کے جواب دیے بغیر اس تجویز کو درست یا غلط قرار دینا قبل از وقت ہوگا۔

اسی طرح گوادر کی بندرگاہ کی قومی اور بین الاقوامی اہمیت اپنی جگہ ضرور ہے لیکن گوادر کے مقامی باشندوں کی فلاح و بہبود، بلوچستان کے اجتماعی ڈھانچے کی صدیوں سے حاوی سرداری نظام کے جمود کو تحلیل کرکے وہاں کے عوام کے لئے ترقی و خوشحالی کی راہیں بنانا اور ان کی سماجی آزادیوں کی بحالی بھی اپنی جگہ اہم ہیں۔ بندرگاہ کو قومی معاشی مفاد کے لیے استعمال کرنے کا مطلب یہ نہیں کہ مقامی آبادی ترقی کے ثمرات سے محروم ہو جائے گی بلکہ اس سے تو وہاں کے عوام کے لئے اپنے وسائل سے استفادہ کے مواقع پیدا ہوں گے۔

ہزارہ اور بہاولپور کو الگ انتظامی یونٹ بنانے کی تجویز بھی اسی تناظر میں دیکھی جانی چاہیے۔ اگر کسی علاقے کے عوام انتظامی سہولت، بہتر حکمرانی، وسائل تک رسائی اور سیاسی نمائندگی کے لیے الگ صوبے یا انتظامی یونٹ کا مطالبہ کرتے ہیں تو اسے محض علاقائی تعصب قرار نہیں دیا جا سکتا۔ البتہ ایسے کسی اقدام کے لیے آئینی طریقۂ کار، عوامی خواہش، مالیاتی استطاعت اور متعلقہ صوبے کے آئینی مفادات کو ملحوظ رکھنا ضروری ہے۔

آئین پاکستان کا آرٹیکل 239 صوبوں کی حدود میں تبدیلی سمیت آئینی ترامیم کے لیے مخصوص پارلیمانی طریقۂ کار متعین کرتا ہے۔ لہٰذا انتظامی نقشے میں بنیادی تبدیلیاں کسی سیاسی خواہش یا انتظامی حکم سے نہیں بلکہ آئینی تقاضے پورے کرکے ہی ممکن ہیں۔

خیبر پختونخوا کے سابق قبائلی اضلاع کا معاملہ بھی خاص اہمیت رکھتا ہے۔ 2018ء میں پچیسویں آئینی ترمیم کے ذریعے سابق فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کیا گیا۔ یہ محض انتظامی تبدیلی نہیں تھی بلکہ ایک تاریخی اور آئینی پیش رفت تھی، جس کا مقصد قبائلی علاقوں کو قومی و صوبائی سیاسی، عدالتی اور انتظامی نظام کے مرکزی دھارے میں شامل کرنا اور ایف سی آر جیسے کالے قانون کو ختم کرکے وہاں کے عوام کے بنیادی حقوق کی بحالی تھا۔

اب اگر کوئی حلقہ ان علاقوں کو دوبارہ وفاقی انتظام کے تحت لانے کی تجویز پیش کرتا ہے تو اس پر تنقید اور اختلاف کا پورا حق موجود ہونے کے باوجود اس بحث میں یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ انضمام کے بعد قبائلی اضلاع میں ترقیاتی وعدے کس حد تک پورے ہوئے، مالی وسائل کی فراہمی میں کیا مشکلات پیش آئیں، مقامی آبادی کو انتظامی سہولتیں کتنی ملیں اور وہاں کے عوام خود کس نظام کو بہتر سمجھتے ہیں۔ اس بحث کو محض صوبائی وسائل پر قبضہ اور جغرافیائی حدود میں کمی سے جوڑنا قبائلی عوام کی خواہشات اور ضروریات کو پس پشت ڈالنے کے مترادف ہوگا۔ ماضی سے چمٹے رہنے یا جمود پہ اصرار کرنے کی بجائے اصل معیار یہ ہونا چاہیے کہ کون سا نظام مقامی آبادی کو زیادہ سیاسی نمائندگی، بہتر انصاف، معاشی مواقع اور بنیادی سہولتیں فراہم کرتا ہے۔

پاکستان کے وفاقی نظام میں مرکز اور صوبوں کے درمیان اختلافات کوئی غیر معمولی بات نہیں۔ وسائل کی تقسیم، قدرتی گیس، بجلی، پانی، محصولات اور انتظامی اختیارات کے حوالے سے اختلافات دنیا کے تقریباً تمام وفاقی ممالک میں موجود رہتے ہیں۔لیکن مہذب وفاقی نظاموں میں ان اختلافات کو قومی وجود کے خلاف دلیل بنانے کے بجائے آئینی اداروں کے ذریعے حل کیا جاتا ہے۔

پاکستان میں مشترکہ مفادات کونسل (CCI) اسی مقصد کے لیے موجود ہے۔ اس کا بنیادی کردار وفاق اور صوبوں کے درمیان مشترکہ مفادات سے متعلق معاملات کو زیر بحث لانا اور آئینی دائرے میں ان کے حل کی راہ ہموار کرنا ہے۔ اسی طرح قومی مالیاتی کمیشن وسائل کی تقسیم کے لیے آئینی فورم ہے۔

اگر کسی صوبے کو یہ شکایت ہے کہ اس کے قدرتی وسائل سے حاصل ہونے والے فوائد میں اسے مناسب حصہ نہیں مل رہا، وفاقی حکومت اپنے آئینی اختیارات سے تجاوز کر رہی ہے یا مالیاتی وعدے پورے نہیں کیے جا رہے تو اس کا حل آئینی فورمز، پارلیمان، عدلیہ اور سیاسی مذاکرات کے ذریعے تلاش کیا جانا چاہیے۔

پاکستان میں بعض لسانی، نسلی اور علاقائی سیاسی رجحانات ریاست اور وفاقی اداروں کے بارے میں شدید بداعتمادی کا اظہار کرتے ہیں۔ پی ٹی ایم، بی ایل اے اور جئے سندھ محاذ جیسے مختلف النوع رجحانات کو ایک ہی سیاسی یا نظریاتی زمرے میں رکھنا درست نہیں، تاہم ان کے بعض بیانیوں میں مرکز گریز رجحانات کی پیروکاری اور صوبوں کے تعلقات میں رخنہ اندوزی، وسائل کی تقسیم ہغیر ضروری اعتراضات، علاقائی شناخت جیسے وہم باطل کی ترویج اور ریاستی اختیار پر شکوک و شبہات کو اچھال کر تقسیم پیدا کرنا مسائل کا حل نہیں ہے۔

جب قومی وسائل کی ہر تقسیم کو لوٹ مار، ہر انتظامی اصلاح کو قبضے اور ہر وفاقی ادارے کو کسی مخصوص نسل یا علاقے کا مخالف قرار دینے کا رجحان پیدا ہوتا ہے تو اس سے باہمی اعتماد کمزور ہوتا ہے۔ ایسی فضا کو مرکز گریز اور علیحدگی پسند رجحانات اپنے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔

قومی یکجہتی کا تقاضا یہ نہیں کہ صوبے اپنے حقوق پر خاموش رہیں، بلکہ یہ ہے کہ حقوق کی جدوجہد آئینی دائرے میں ہو اور قومی وحدت کو مستقل تصادم کا میدان نہ بنایا جائے۔

ہمیں یہ بھی تسلیم کرنا ہوگا کہ پاکستان کے بہت سے وسائل سے بھرپور علاقے آج بھی غربت، بے روزگاری، پسماندگی، ناقص تعلیم اور بنیادی صحت کی سہولتوں سے محروم ہیں۔

بلوچستان میں قدرتی وسائل کی موجودگی کے باوجود عام شہری کی زندگی میں ان وسائل کے فوائد کا محدود ہونا ایک اہم سوال ہے۔ سندھ میں کراچی جیسا معاشی مرکز ہونے کے باوجود شہری سہولتوں کے مسائل موجود ہیں۔ خیبر پختونخوا کے معدنی ذخائر اور آبی وسائل کے باوجود کئی علاقے ترقی کے بنیادی تقاضوں سے محروم ہیں۔

یہ تمام حقائق اس امر کے متقاضی ہیں کہ وسائل کی تقسیم کے ساتھ ساتھ مقامی سرداری نظام کے جمود ، طبقاتی استحصال اور علاقائی قیادتوں کی نااہلی ، بدنیتی اور قرطبہ پروری کا بھی محاسبہ ہونا چاہئے۔

اگر وفاق صوبوں کو وسائل منتقل کرتا ہے تو صوبائی حکومتوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان وسائل کو عوامی فلاح، تعلیم، صحت، روزگار اور بنیادی ڈھانچے پر خرچ کریں۔ اسی طرح وفاقی حکومت پر بھی لازم ہے کہ وہ قومی وسائل کے استعمال میں شفافیت، علاقائی توازن اور آئینی تقاضوں کو یقینی بنائے۔

صرف وفاق کو موردِ الزام ٹھہرا کر صوبائی حکومتوں کی کارکردگی اور جواب دہی سے صرفِ نظر نہیں کیا جا سکتا۔ اسی طرح صوبائی حکومتوں کی ناکامیوں کو جواز بنا کر وفاقی مداخلت یا صوبائی خودمختاری میں غیر آئینی کمی کو بھی درست نہیں ٹھہرایا جا سکتا۔

کراچی، گوادر، ہزارہ اور قبائلی اضلاع سے متعلق کسی بھی انتظامی تجویز کو کھلے ذہن سے آئینی، قانونی، انتظامی اور عوامی مفاد کے پیمانوں پر پرکھنا چاہیے۔ نہ ہر تجویز کو قومی مفاد کا نام دے کر قبول کیا جا سکتا ہے اور نہ ہر تجویز کو صوبائی وسائل پر قبضے کی سازش قرار دے کر مسترد کیا جا سکتا ہے۔

ہمیں علاقائی تعصبات سے بلند ہوکر یہ سوال اٹھانا چاہیے کہ کون سا انتظامی ڈھانچہ عوام کو بہتر حکمرانی، زیادہ سہولتیں، مؤثر نمائندگی اور وسائل میں منصفانہ حصہ فراہم کر سکتا ہے؟

آخر میں یہ بات ذہن نشین رہنی چاہیے کہ پاکستان کی قومی وحدت کسی ایک زبان، نسل، صوبے یا انتظامی مرکز کی محتاج نہیں۔ یہ تمام اکائیوں کے باہمی اعتماد، مساوی احترام اور مشترکہ مفادات کے تحفظ سے قائم رہ سکتی ہے۔

صوبائی حقوق کے نام پر وفاق سے نفرت پیدا کرنا بھی قومی مفاد نہیں اور وفاق کے نام پر صوبائی حقوق کو نظرانداز کرنا بھی قومی مفاد نہیں۔ پاکستان کی بقا کا راستہ ان دونوں انتہاؤں کے درمیان آئین، انصاف اور باہمی اعتماد کے اصولوں میں پوشیدہ ہے۔

تحریر: اسلم اعوان

نوٹ: بلاگر کے ذاتی خیالات سے ادارے کا متفق ہونا ضروری نہیں۔ ایڈیٹر