الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ نئے صوبوں کی تشکیل سے متعلق حکومت کا مؤقف واضح ہے، اس معاملے پر عوامی رائے لی جائے اور اسی کے مطابق فیصلہ کیا جائے۔ عوام کی رائے معلوم کرنے کے لیے ریفرنڈم کرانے میں کوئی قباحت نہیں۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ وہ گوجرانوالہ اپنے آبائی شہر میں ڈسٹرکٹ بار کے جنرل سیکرٹری کی دعوت پر گئے تھے۔ یہ دعوت الیکشن شیڈول جاری ہونے سے پہلے دی گئی تھی اور دورے کے دوران وہاں کوئی امیدوار موجود نہیں تھا۔ انہوں نے اس معاملے پر الیکشن کمیشن سے غیرمشروط معذرت بھی کی۔

عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ صوبوں کے قیام اور گڈ گورننس سے متعلق بحث عوام میں جاری ہے، جسے روکنے کے بجائے اس میں لوگوں کو اپنی رائے دینے کا موقع ملنا چاہیے۔ عوام اچھی اور جوابدہ حکومت چاہتے ہیں اور عوام ہی حتمی فیصلہ ساز ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ریفرنڈم آئین کا حصہ اور عوام کی منشا جاننے کا ایک آئینی و قانونی طریقہ ہے۔ کسی بھی سیاسی جماعت کو عوام سے رجوع کرنے پر تحفظات نہیں ہونے چاہئیں۔ سندھ، پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے عوام کی رائے معلوم کیے بغیر کوئی شخص اپنی ذاتی سوچ یا ایجنڈا دوسروں پر مسلط نہیں کر سکتا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ چھوٹے انتظامی یونٹس کے قیام کے معاملے کو تنازع بنانے کے بجائے تعمیری انداز میں دیکھنا چاہیے۔ اگر ماضی میں ریفرنڈم کا غلط استعمال ہوا تو اس بنیاد پر عوام کو ان کے جمہوری حق اور گڈ گورننس سے متعلق رائے دینے کے موقع سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔

عطا تارڑ نے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ملک میں گڈ گورننس اور اصلاحات پر بحث جاری ہے اور عوام کی فلاح و بہبود تمام حکومتوں کے ایجنڈے کا حصہ ہونی چاہیے۔ سیاسی جماعتیں دہائیوں سے اس نظام کا حصہ رہی ہیں، اس لیے انہیں اس کی کمزوریوں سے خود کو الگ نہیں کرنا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیاست کی آڑ میں احتساب سے مبرا ہونے کی بات کو قانون اور عوام دونوں مسترد کرتے ہیں۔ نیب میں اصلاحات بھی خود کی گئیں اور اب اسی ادارے کو موردِ الزام ٹھہرانا سمجھ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے بیک وقت حکومت میں رہنے اور اپوزیشن کا کردار ادا کرنے کو بھی تضاد اور دوہرا معیار قرار دیا۔

مزید پڑھیں: بلاول بھٹو کا سیاسی بحران کے حل کے لیے نئے انتخابات کا فارمولا

وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت کی گزشتہ روز ملاقات میں معاملات کو افہام و تفہیم سے آگے بڑھانے پر بات ہوئی۔ انہوں نے صحافیوں کے حقوق کے تحفظ پر بھی زور دیا اور کہا کہ سندھ حکومت کو بھی صحافیوں کے استحصال کے واقعات کا نوٹس لینا چاہیے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ نئے صوبوں کے معاملے پر بحث کھل کر ہونی چاہیے اور عوامی رائے دبانے کا تاثر نہیں جانا چاہیے۔ حکومت چاہتی ہے کہ اس معاملے سمیت تمام فیصلوں میں عوام کے بہترین مفاد اور ان کی رائے کو مقدم رکھا جائے۔