چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے مطابق ڈی جی کی ہدایات پر خصوصی ٹیمیں جناح اسپتال اور متعلقہ تھانے پہنچ گئیں۔ بیورو نے متاثرہ بچے کو مکمل طبی سہولیات، قانونی تحفظ اور انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔

درج ایف آئی آر کے مطابق متاثرہ بچے امجد ولد منور کی عمر 11 سال ہے اور وہ ڈی ایچ اے فیز 6 کے ایک گھر میں گھریلو ملازم تھا۔ بچے کے چچا محمد بلال نے پولیس کو دی گئی درخواست میں الزام عائد کیا کہ 17 نومبر کو گھر کے مالک کے بیٹے فیضان نے بچے کو چائے بنانے کا کہا۔

درخواست گزار کے مطابق بچہ کچن میں چائے تیار کر رہا تھا کہ فیضان وہاں آیا اور چائے دیر سے بنانے پر اس پر تشدد شروع کر دیا۔ الزام ہے کہ اس دوران اس نے آگ پر پکنے والی گرم چائے کی پتیلی بچے کے منہ پر پھینک دی، جس سے اس کا چہرہ اور جسم جھلس گیا۔

ایف آئی آر کے مطابق واقعے کے تقریباً دو گھنٹے بعد ملزم کی والدہ نے بچے کے اہلِ خانہ کو فون کرکے اسے گھر لے جانے کا کہا۔ اہلِ خانہ پہلے بچے کو ایویسینا اسپتال لے گئے، جہاں سے انہیں جواب ملنے کے بعد جنرل اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ درخواست گزار نے بچے کی حالت تشویش ناک بتائی ہے۔

پولیس نے 19 نومبر کو تھانہ ڈیفنس سی میں مقدمہ نمبر 3018/26 تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 328-اے کے تحت درج کیا۔ مقدمے میں 17 سالہ فیضان ولد محمد فیاض کو نامزد کیا گیا ہے۔

چائلڈ پروٹیکشن بیورو نے پولیس کو دفعہ 328-اے کے تحت قانونی کارروائی یقینی بنانے اور چائلڈ لیبر سمیت بچوں پر تشدد سے متعلق دیگر قابلِ اطلاق قانونی دفعات کا جائزہ لینے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں۔