یہ محض ایک مالی بے ضابطگی نہیں بلکہ حکومتی ترجیحات، ناقص معاہدوں اور عوامی وسائل کے تحفظ پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔
قطر سے پاکستان آنے والی ایل این جی قدرتی گیس ہی ہوتی ہے، لیکن اسے انتہائی کم درجہ حرارت پر مائع حالت میں تبدیل کیا جاتا ہے تاکہ جہازوں کے ذریعے منتقل کیا جا سکے۔
یہ گیس کراچی کے قریب پورٹ قاسم پہنچتی ہے، جہاں دو ایل این جی ٹرمینلز قائم ہیں۔ ایک اینگرو ایل این جی کا اور دوسرا پاکستان گیس پورٹ کا۔
ان ٹرمینلز پر مائع گیس کو دوبارہ گیس میں تبدیل کیا جاتا ہے، جسے ری گیسیفکیشن کہتے ہیں۔ اس کے بعد گیس پائپ لائنوں کے ذریعے گھروں، صنعتوں اور بجلی گھروں تک پہنچائی جاتی ہے۔
لیکن اصل مسئلہ یہاں سے شروع ہوتا ہے۔ چار مارچ سے قطر انرجی نے جنگی صورتحال اور راس لفان پر حملوں کے بعد ہنگامی حالت کا اعلان کر رکھا ہے، جس کے نتیجے میں ایل این جی کی پیداوار متاثر ہوئی۔ 27 مارچ اور 2 اپریل سے پاکستان کے دونوں ٹرمینلز پر ری گیسیفکیشن کا عمل بھی بند ہو چکا ہے۔
حیران کن بات یہ ہے کہ جب ٹرمینلز پر گیس کی ری گیسیفکیشن نہیں ہو رہی تو بھی ان کی صلاحیت دستیاب رکھنے کے عوض ادائیگیاں جاری ہیں۔ اسے کیپیسٹی چارجز کہا جاتا ہے۔
دستیاب تفصیلات کے مطابق سوئی سدرن گیس کمپنی روزانہ دو لاکھ 28 ہزار ڈالر سے زائد، جب کہ پاکستان ایل این جی لمیٹڈ دو لاکھ 45 ہزار ڈالر سے زائد ادا کرتی رہی۔ اس طرح روزانہ لاکھوں ڈالر، ماہانہ کروڑوں ڈالر اور طویل مدت میں اربوں ڈالر کا بوجھ قومی خزانے پر پڑ رہا ہے۔
یعنی گیس آئے یا نہ آئے، ٹرمینل کی ادائیگی کا میٹر چلتا رہتا ہے۔ سوال یہ ہے کہ آخر اس نظام میں عوام کے پیسے کی حفاظت کون کرے گا؟
اس معاملے کا سب سے اہم پہلو ان معاہدوں کی شرائط ہیں۔ ذرائع کے مطابق ٹرمینل کمپنیوں کے ساتھ کیے گئے معاہدوں میں ایسی ہنگامی صورتحال میں ادائیگیاں روکنے کی گنجائش موجود نہیں۔ ٹرمینل کمپنیاں اس مؤقف پر قانونی طور پر ادائیگی کی حق دار ہیں کہ ان کا انفراسٹرکچر موجود ہے اور استعمال کے لیے تیار ہے۔
دوسری جانب وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک خود ان معاہدوں کو ناقص اور ملکی مفاد کے خلاف قرار دے چکے ہیں۔ حکومت اگر یک طرفہ طور پر ادائیگیاں روکنے کا فیصلہ کرتی ہے تو اسے لندن کورٹ آف انٹرنیشنل آربٹریشن میں قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
یہاں ایک بنیادی سوال پیدا ہوتا ہے: اگر معاہدے ملکی مفاد کے خلاف تھے تو انہیں منظور کس نے کیا؟ ان کی شرائط طے کرتے وقت مستقبل کی ہنگامی صورتحال کو کیوں نظرانداز کیا گیا؟ اور اب ان معاہدوں کی قیمت عوام کیوں ادا کریں؟
مئی میں مذاکرات کے بعد ٹرمینل کمپنیوں نے ایک مرتبہ رعایت ضرور دی تھی۔ پاکستان گیس پورٹ نے 34 دن اور اینگرو نے 39 دن کے لیے رعایت دی، لیکن اس حوالے سے مالی تفصیلات خفیہ رکھی گئیں۔ یوں مسئلے کا مستقل حل نکالنے کے بجائے اسے کچھ وقت کے لیے ٹال دیا گیا۔
اب آنے والی سردیوں میں پاکستان کو اسپاٹ مارکیٹ سے ایل این جی کے 10 کارگو خریدنے ہیں، جہاں قیمتیں طویل مدتی معاہدوں کے مقابلے میں تقریباً دگنی ہو سکتی ہیں۔
ایک طرف مہنگی گیس خریدنے کا دباؤ ہے اور دوسری طرف ایسے معاہدوں کی ادائیگیاں جاری ہیں جن پر نظرثانی کی ضرورت خود حکومتی وزیر تسلیم کر چکے ہیں۔
یہ پہلی مرتبہ نہیں کہ جماعت اسلامی نے حکومت کی توانائی پالیسی اور عوام پر پڑنے والے مالی بوجھ کی نشاندہی کی ہو۔ اس سے پہلے بھی آئی پی پیز کے معاہدوں، پیٹرولیم لیوی اور آئل ریفائنریز کے منافع اور مارجنز جیسے معاملات پر سوالات اٹھائے جاتے رہے ہیں۔
لیکن سوال یہ ہے کہ اگر حکومت کے اندر موجود خامیوں اور عوام کے پیسے پر پڑنے والے بوجھ کی نشاندہی اپوزیشن جماعتیں ہی کرتی رہیں گی تو متعلقہ وزارتیں اور ان کے ذمہ دار وزرا کیا کر رہے ہیں؟
وزارتِ پیٹرولیم، وزارتِ خزانہ اور توانائی کے شعبے سے وابستہ اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایسے معاہدوں کا جائزہ لیں، قومی خزانے کو نقصان سے بچائیں اور عوام کو بتائیں کہ ان کی رقم کہاں اور کیوں خرچ ہو رہی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف صاحب! قوم پہلے ہی مہنگائی، قرضوں اور توانائی کے بھاری بلوں تلے دبی ہوئی ہے۔ اب عوام کو یہ بھی بتایا جائے کہ ایسے معاہدے کس نے کیے، ان کی نگرانی کس کی ذمہ داری تھی اور ان کے نتیجے میں ہونے والے مالی نقصان کا جواب دہ کون ہے؟
اگر آپ کی شان میں گستاخی نہ ہو تو اپنے وزرا کی کارکردگی رپورٹ بھی عوام کے سامنے رکھ دیجیے۔ قوم کو معلوم ہونا چاہیے کہ کن وزرا نے اپنے محکموں میں بہتری لائی، کس نے قومی خزانے کو بچایا اور کس کی نااہلی کا بوجھ عوام اٹھا رہے ہیں۔
آخر یہ وزیروں کی فوج کس کام کے لیے ہے؟ کیا ان کی ذمہ داری صرف عہدے، پروٹوکول اور پریس کانفرنسوں تک محدود ہے، یا عوام کے پیسے کی حفاظت کرنا بھی ان کے فرائض میں شامل ہے؟







