جامع مسجد منصورہ میں اجتماعِ جمعہ سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ سندھ، بلوچستان اور خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر کو سنگین مسائل کا سامنا ہے۔ کوئی صوبہ فنڈز کی کمی کا شکوہ کرتا ہے تو کہیں نئے صوبوں کے قیام کا مطالبہ سامنے آ رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال انتہائی خراب ہے، تاہم بدامنی کے باوجود جماعت اسلامی وہاں بھرپور انداز میں کام کر رہی ہے۔
انہوں نے غزہ کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے ہزاروں معصوم بچوں کو شہید کیا ہے۔ موجودہ نظام میں خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی کی کمیٹی نے پیٹرول کے معاملے پر تحقیقات اور کام کیا تو مختلف مقامات پر کرپشن کے انکشافات سامنے آئے۔
انہوں نے بینکاری نظام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں شرح سود 12 فیصد ہے، لیکن کھاتہ داروں کو صرف 5.6 فیصد منافع ملتا ہے، جب کہ بینکوں میں موجود 40 فیصد رقم کرنٹ اکاؤنٹس میں ہے، جس پر سود نہیں دیا جاتا۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ حکومت کسی بھی جماعت کی ہو، مافیاز کا کارٹیل ہمیشہ اس میں موجود رہتا ہے۔ بلاول بھٹو نے پی ٹی آئی حکومت گرانے میں کردار ادا کیا، لیکن آج انہیں بہت فکر ہو رہی ہے۔
مزید پڑھیں: احتجاج کے نتیجے میں پیٹرول 146 اور ڈیزل 242 روپے فی لیٹر سستا ہوا: جماعتِ اسلامی
ان کے بقول خیبر پختونخوا میں پیپلز پارٹی ہی کا گورنر ہے، جہاں ایمرجنسی اور گورنر راج نافذ ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سیاسی جماعتیں باہم ملی ہوئی ہیں اور صرف اپنے ذاتی مفادات کا سوچتی ہیں۔
حافظ نعیم الرحمان نے اعلان کیا کہ جماعت اسلامی 22 نومبر کو کوئٹہ اور 29 نومبر کو مینار پاکستان لاہور پر بھرپور جلسے کرے گی۔







