انڈیا نے گھٹیا حرکت کی ہے، صوبائی وزیر نے حملے کی جگہ پر ‘پاکستان زندہ باد ‘کے نعرے لگوا دیے

وزیر صحت پنجاب خواجہ عمران نذیر نے مرید کے میں حملہ کی جگہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انڈیا کی یہ حرکت انتہائی گھٹیا ہے جبکہ پاکستانی قوم اور عوام کے حوصلے بلند ہیں ،مرید کی عوام یہاں پر موجود ہے دیکھ لیں کسی کے چہرے پر بھی آپ کو خوف نظر آ جائے۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا نے جب بھی پاکستان پر حملہ کیا رات کے اندھیرے میں کیا اور یہ انتہائی گھٹیا حرکت کی ہے، مگر پاکستانی قوم کے جذبے کو میں داد دیتا ہوں جن کے چہروں پر کسی قسم کا کوئی بھی خوف نظر نہیں آ رہا۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا پاک فوج کا یہ نعرہ  کراچی سے خیبر تک مزید حوصلے بلند کرے گا  کہ پاک فوج کا ہر نوجوان چلتا پھیرتا پاکستان۔ انہوں نے کہا کہ جن کو یہ غلط فہمی تھی کہ جب ہم ان پر حملہ کریں گے تو ان کی قوم فوج کے ساتھ کھڑی نہیں ہو گی، ان کی یہ غلط فہمی دور ہونے کے ساتھ ساتھ طبعیت بھی صاف ہو چکی ہے کہ پاکستانی قوم کل بھی اپنی قوم کے ساتھ تھی اور آج بھی ان کے ساتھ ہے۔

مرید کے پر انڈین حملہ: رات گئے کیا کچھ ہوا؟عینی شاہدین نے ’پاکستان میٹرز‘ کو ساری کہانی بتادی

انڈیا نے بزدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے رات کی تاریکی میں پاکستان پر مریدکے سمیت  دیگر چھ مقامات پر  حملہ کیا، جس  میں انڈیا نے 24 حملے کیے ، بچوں اورعورتوں سمیت 26 بے قصور شہری شہید ہوئے۔ پاکستان میٹرز سے مریدکے ایک شہری نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انڈیا کی طرف سے جب مزائل گرایا گیا تو ایسے محسوس ہوا جیسے آسمانی بجلی گری ہے بعد میں لوگوں کے اکٹھے ہونے سے پتہ چلا کہ یہ انڈیا کی طرف سے مزائل گرایا گیا ہے۔ شہری نے کہا کہ انڈیا ہماری قوم اور ہماری فوج کے حوصلوں کو پست نہیں کر سکتی، ہمیں اپنی فوج پر فخر ہے اور ہمارے اندر کسی قسم کا بھی ڈر خوف نہیں آیا، ہم ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ ایک اور شہری نے پاکستان میٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب انڈیا کی طرف سے حملہ کیا گیا ہمیں ذرا سا بھی کسی قسم کا ڈر نہیں لگا،شہری نے کہا کہ ہماری جان پاکستان اور پاک فوج کے لیے حاضر ہے جب موقع آیا تو ہم جہاد سمجھ کر اپنی جان کا نذرانہ پیش کریں گے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ رات گئے حملے کے دوران وہ سو رہے تھے، لیکن جیسے ہی دھماکوں کی آواز آئی، وہ جاگ گئے۔ ایک شہری نے جذباتی انداز میں کہا کہ “میرے دو بیٹے ہیں، ایک دس سال کا ہے اور ایک آٹھ ماہ کا۔ اگر ان کی قربانی دینا پڑی، تو میں سب سے پہلے اپنی جان اور پھر اپنے بچوں کی قربانی بھی پاک فوج کے لیے دینے کو تیار ہوں۔”

پاکستان پر انڈین حملے، کس ملک نے کیا ردعمل دیا؟

پاکستان میں انڈین فوجی حملوں کے بعد دنیا بھر سے ردعمل کا سلسلہ جاری ہے، جس میں عالمی رہنماؤں اور اداروں نے کشیدگی کے خاتمے اور امن کے قیام پر زور دیا ہے۔ مختلف ممالک نے انڈیا کے یکطرفہ اقدام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ متحدہ عرب امارات:- گلف نیوز کے مطابق متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے انڈیا اور پاکستان پر زور دیا ہے کہ وہ کشیدگی کم کریں اور سفارتی ذرائع سے مسائل کو حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ ’’سفارت کاری ہی بحرانوں کو پرامن طریقے سے سلجھانے کا مؤثر ذریعہ ہے۔‘‘ چین:- چینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ”آج صبح سویرے انڈیا کی فوجی کارروائی پر افسوس اور موجودہ پیشرفت پر تشویش ہے۔ انڈیا اور پاکستان دونوں سے امن اور استحکام کو اوّلین ترجیح دینے، پُرامن رہنے اور تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔” قطر:- قطر کی وزارت خارجہ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہاکہ ”ہم ہندوستان اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی پر بڑی تشویش کے ساتھ پیروی کرتے ہیں اور سفارتی ذرائع سے بحران کو حل کرنے پر زور دیتے ہیں۔ وزارت خارجہ انڈیا اور پاکستان کے درمیان مواصلاتی راستے کھلے رکھنے کی فوری ضرورت پر زور دیتی ہے۔“ Statement | Qatar follows with deep concern the continuing escalation between India and Pakistan and calls for resolving the crisis through diplomatic means#MOFAQatar pic.twitter.com/DmRAmjOf1v — Ministry of Foreign Affairs – Qatar (@MofaQatar_EN) May 7, 2025 اقوامِ متحدہ:- اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ترجمان سٹیفن دوجارک نے کہا کہ ”سیکریٹری جنرل کو لائن آف کنٹرول اور بین الاقوامی سرحد کے پار پاکستان میں انڈین فوجی کارروائیوں پر گہری تشویش ہے۔ دنیا انڈیا اور پاکستان کے درمیان فوجی تصادم کی متحمل نہیں ہوسکتی۔“ ترکیہ:- ترکیہ نے بھی انڈین جارحیت پر تشویش کا اظہار کیا، دفترِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ”ہم انڈیا اور پاکستان پر مشترکہ عقل سے کام لینے پر زور دیتے ہیں۔ انڈیا کی تازہ ترین فوجی کارروائی نے آل آؤٹ جنگ کا خطرہ پیدا کر دیا ہے۔ ہم پاکستان کے مطالبے کی حمایت کرتے ہیں کہ 22 اپریل کے حملوں کی مکمل اور شفاف تحقیقات کی جائیں۔“ جاپان:- جاپان کے چیف کیبنٹ سیکریٹری یوشیماسا حیاشی نے کہا کہ ”22 اپریل کو کشمیر میں ہونے والی دہشت گردانہ کارروائی کے حوالے سے، ہمارا ملک دہشت گردی کی ایسی کارروائیوں کی سختی سے مذمت کرتا ہے۔ ہم اس بات پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہیں کہ یہ صورت حال مزید انتقامی کارروائیوں اور ایک مکمل فوجی تنازع کی طرف بڑھ سکتی ہے۔“ امریکا:- امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ”یہ شرم کی بات ہے، ابھی اس حملے کے بارے میں سنا ہے۔ میرا اندازہ ہے کہ لوگ جانتے تھے کہ ماضی کی تھوڑی سی چیزوں کی بنیاد پر کچھ ہونے والا ہے۔ وہ ایک طویل عرصے سے لڑ رہے ہیں۔ وہ کئی کئی دہائیوں سے لڑ رہے ہیں۔ مجھے امید ہے کہ یہ بہت جلد ختم ہو جائے گا۔“ امریکہ کے سینیئر سینیٹر اور سیکریٹری مارکو روبیو نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹویٹر) پر اپنے بیان میں کہاکہ’’میں انڈیا اور پاکستان کے درمیان صورت حال کا قریب سے جائزہ لے رہا ہوں۔ میں صدرِ امریکہ کے آج کے بیان کی تائید کرتا ہوں کہ امید ہے یہ بحران جلد ختم ہو جائے گا اور میں دونوں انڈین اور پاکستانی قیادت سے پُرامن حل کے لیے رابطے میں رہوں گا۔‘‘ I am monitoring the situation between India and Pakistan closely. I echo @POTUS's comments earlier today that this hopefully ends quickly and will continue to engage both Indian and Pakistani leadership towards a peaceful resolution. — Secretary Marco Rubio (@SecRubio) May 6, 2025 فرانس:- فرانسیسی وزیر خارجہ جین نول بیروٹ نے TF1 چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہاکہ ”ہم دہشت گردی کی لعنت سے خود کو بچانے کی ہندوستان کی خواہش کو سمجھتے ہیں، لیکن ہم واضح طور پر ہندوستان اور پاکستان دونوں پر زور دیتے ہیں کہ وہ تحمل سے کام لیں تاکہ کشیدگی میں اضافہ نہ ہو اور یقیناً شہریوں کی حفاظت کی جائے۔“ ایران:- تہران میں وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل باغائی نے بیان میں کہاکہ ”ہم فوجی اضافے کو تشویش کا باعث سمجھتے ہیں اور امید ظاہر کرتے ہیں کہ دونوں فریق اب بھی کشیدگی کم کر سکتے ہیں۔ ہم دونوں ممالک سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کرتے ہیں۔“ اسرائیل:- انڈیا میں موجود اسرائیلی سفیر ریوین آزر نے ایکس پر کہاکہ ”اسرائیل اپنے دفاع کے لیے ہندوستان کے حق کی حمایت کرتا ہے۔ دہشت گردوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ بے گناہوں کے خلاف ان کے گھناؤنے جرائم سے چھپنے کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ #OperationSindoor“ Israel supports India’s right for self defense. Terrorists should know there’s no place to hide from their heinous crimes against the innocent. #OperationSindoor — 🇮🇱 Reuven Azar (@ReuvenAzar) May 7, 2025 روس:- روسی وزارت خارجہ کی ویب سائٹ پر شائع بیان میں کہا گیاکہ ”ہم انڈیا اور پاکستان کے درمیان بڑھتے ہوئے فوجی تصادم پر گہری تشویش کا شکار ہیں اور دونوں ممالک سے تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ ہم ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کرتے ہیں۔“ برطانیہ:- برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے بیان میں کہاکہ ”انڈیا اور پاکستان کے درمیان موجودہ تناؤ ایک سنگین تشویش ہے۔ برطانوی حکومت انڈیا اور پاکستان پر زور دے رہی ہے کہ وہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور تیزی سے سفارتی راستہ تلاش کرنے کے لیے براہ راست بات چیت میں شامل ہوں۔“ آذربائیجان:- آذربائیجان کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ملک کو ہندوستان اور پاکستان کے درمیان مزید کشیدگی پر تشویش ہے اور اس تنازع کو سفارتی ذرائع سے حل کرنے پر زور دیا ہے۔ وزارت نے ایک بیان میں کہاکہ “ہم اسلامی جمہوریہ پاکستان کے خلاف فوجی حملوں کی مذمت کرتے ہیں، جس کے نتیجے میں متعدد شہری ہلاک اور زخمی ہوئے۔”

قومی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، ہر محاذ پر منہ توڑ جواب دیا جائے گا، سینیٹر پلوشہ

سینیٹر پلوشہ  پاکستان اپنی قومی سلامتی اور ڈیجیٹل خودمختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا، دشمن کو ہر محاذ پر منہ توڑ جواب دیا جائے گا اور ریاستی ادارے اس ضمن میں مکمل تیاری اور چوکسی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ پلوشہ خان نے چیئرمین پی ٹی اے کے فوری اور مؤثر ردعمل کی بھرپور تعریف کرتے ہوئے اسے “بروقت اور اسٹریٹجک اقدام” قرار دیا، جس نے قوم کو ایک بار پھر متحد کیا۔ سینیٹر نے خاص طور پر ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کی بحالی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام نے اس پلیٹ فارم پر بھرپور قومی بیانیے کو فروغ دیا اور دشمن کے پروپیگنڈے کا منہ توڑ جواب دیا۔ ان کا کہنا تھا، “یہ ایک خوش آئند قدم ہے اور ہمیں بطور پارلیمنٹیرینز اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے ہر فورم پر آواز بلند کرنی چاہیے۔” انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر ایک منتخب پارلیمنٹیرین محفوظ نہیں ہے تو عام شہریوں کا کیا ہوگا؟ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر آگاہی مہم اور حفاظتی اقدامات کے پیغامات میڈیا اور سوشل پلیٹ فارمز کے ذریعے عوام تک پہنچائے جائیں۔ سینیٹر نے زور دیا کہ دشمن کی ہر چال کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے پاکستان کو “ڈیجیٹل محاذ” پر بھی مکمل تیار رہنا ہوگا، اور اس حوالے سے قومی سطح کی مربوط پالیسی کی تشکیل وقت کی اہم ضرورت ہے۔

پی ایس ایل 10: کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اسلام آباد یونائیٹڈ کو 109 سے عبرتناک شکست

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 10ویں ایڈیشن کا 26واں میچ آج اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے مابین راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے، جس میں یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے گلیڈی ایٹرز کو بلے بازی کی دعوت دی ہے۔ یونائیٹڈ کی قیادت سلمان علی آغا، جب کہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت سعود شکیل کررہے ہیں۔ واضح رہے کہ میچ سے قبل انڈین حملوں کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز نے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی۔

پاکستان اور قطر کے وزرائے اعظم کا ٹیلیفونک رابطہ، انڈین جارحیت کی شدید مذمت

وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور قطر کے وزیراعظم و وزیر خارجہ عزت مآب محمد بن عبدالرحمان بن جاسم بن جابر الثانی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں انڈیا کی جانب سے پاکستان پر میزائل حملوں اور خطے میں بڑھتی کشیدگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے انڈین میزائل حملوں کو بلا اشتعال اور بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے کہا کہ انڈیا نے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر حملہ کر کے جنوبی ایشیا کے امن کو سنگین خطرے سے دوچار کر دیا ہے۔ ان حملوں کے نتیجے میں 26 بے گناہ افراد بشمول مرد، خواتین اور بچے شہید ہوئے، جب کہ متعدد مساجد کو بھی نقصان پہنچا۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے اور ہمیشہ خطے میں امن کا خواہاں رہا ہے، تاہم اپنی سرزمین، خودمختاری اور شہریوں کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد انڈیا کی جانب سے لگائے گئے الزامات پر پاکستان نے غیر جانبدار عالمی تحقیقات کی پیشکش کی تھی اور اگر قطر بھی اس کوشش کا حصہ بنتا تو پاکستان اسے قدر کی نگاہ سے دیکھتا، لیکن افسوس کہ انڈیا نے جارحیت کا راستہ اپنایا۔ وزیراعظم نے قطر کی اس مشکل گھڑی میں پاکستان سے اظہارِ یکجہتی اور حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر قطر کے وزیراعظم نے انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جنوبی ایشیاء میں امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔ مزید پڑھیں: انڈیا کا رات کی تاریکی میں پاکستان پر حملہ: ‘رافیل طیارے اچھے ہیں مگر انڈین پائلٹ نکمے نکلے‘ انہوں نے کہا کہ قطر موجودہ کشیدگی کو کم کرنے کے لیے سفارتی سطح پر اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ واضح رہے کہ یہ رابطہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے، جب انڈیا اور پاکستان کے درمیان کشیدگی حد سے بڑھ چکی ہے اور عالمی برادری کی جانب سے فوری تحمل اور سفارتی راستہ اپنانے کی اپیلیں کی جا رہی ہیں۔

’ہم سب ایک ہیں‘ جماعت اسلامی کے مظاہرے میں وزیراعلیٰ سندھ بھی پہنچ گئے

کراچی میں انڈین جارحیت کے خلاف جماعتِ اسلامی کے زیر اہتمام کراچی پریس کلب کے باہر ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ مظاہرے میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر خان، نائب امیر مسلم پرویز، عوامی نیشنل پارٹی کے شاہی سید سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندے شریک ہوئے اور پاک فوج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہارکرتے ہوئے انڈین حملوں کی شدید مذمت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب بات ملکی وقار کی ہو، تو پوری قوم ایک ہو جاتی ہے۔ گجرات کے قصائی نریندر مودی نے اپنے ملک میں بڑھتی ہوئی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے پہلگام ڈرامہ رچایا اور صرف دس منٹ میں اس کا الزام پاکستان پر لگا دیا گیا۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان نے ابتدا سے واضح کیا ہے کہ ہم خود دہشتگردی کا شکار ہیں اور ہم نے انڈیا میں ہونے والے واقعے کی غیر جانب دار عالمی تحقیقات کی پیشکش بھی کی، لیکن انڈیا نے الزام تراشی کا راستہ چُنا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سیاسی اور عسکری قیادت نے ہر ملک سے رابطہ کر کے تعاون کی پیشکش کی اور اقوام متحدہ سمیت کئی ممالک نے ثالثی کی کوشش کی، لیکن انڈیا نے امن کے پیغام کے بجائے رات کی تاریکی میں چھ پاکستانی مقامات پر حملہ کر کے معصوم شہریوں کو نشانہ بنایا۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے ایسا جواب دیا کہ چند گھنٹوں میں انڈیا سفید جھنڈا لہرانے پر مجبور ہو گیا۔ ان کے مطابق پاک فضائیہ نے پانچ انڈین طیارے اور ایک ڈرون مار گرایا، اگر ہم نے خود روک نہ دیا ہوتا تو انڈیا کا ایک بھی طیارہ بچ نہ پاتا۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ گھمنڈ نہیں بلکہ ہمارا ایمان ہے کہ وطن کی حفاظت کے لیے ہم سب ایک ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حال ہی میں انڈین باکسرز کو شکست دینے والے پاکستانی کھلاڑی بھی مظاہرے میں موجود تھے، جنہوں نے قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ چند گھنٹوں میں تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندے پاک فوج کے ساتھ یکجہتی کے لیے جمع ہو گئے اور آج قوم نے ثابت کر دیا کہ ہم دشمن کے خلاف ایک ہیں۔ جلسے میں جماعت اسلامی کے نائب امیر مسلم پرویز نے تلاوتِ کلامِ پاک سے مظاہرے کا باقاعدہ آغاز کیا اور پاک فوج کے لیے استقامت اور جوانمردی کی دعا کی۔ جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انڈیا کی حالیہ جارحیت پوری پاکستانی قوم کی توہین ہے، جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دشمن کو ہر محاذ پر منہ توڑ جواب دے گی۔ منعم ظفر خان نے کہا کہ پاکستان ایک ایٹمی طاقت ہے اور انڈیا کی دھمکیاں ہمیں مرعوب نہیں کر سکتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلگام واقعے پر بغیر ثبوت کے پاکستان پر الزام لگانا مودی حکومت کی فاشسٹ سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ قومی سطح پر ایک آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے تاکہ انڈیا کو متحد قوم کا پیغام دیا جا سکے۔ انہوں نے یہ بھی تجویز دی کہ جمعہ کو ‘یومِ عزم’ کے طور پر منایا جائے اور نوجوانوں کو قومی دفاع کے لیے تربیت دی جائے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔ جلسے کے آخر میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے “پاکستان زندہ باد” کے نعرے لگوائے اور کہا کہ اگر وطن کو ضرورت پڑی تو 25 کروڑ عوام خون کا آخری قطرہ بھی قربان کرنے کو تیار ہیں۔

پاکستان مخالف پراپیگنڈہ: 16 بھارتی یوٹیوب نیوز چینلز اور درجنوں ویب سائٹس بلاک

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اٹھارٹی ( پی ٹی اے) نے پاکستان مخالف پراپیگنڈے اور جھوٹی خبریں پھیلانے کی صورت مین 16 انڈین یوٹیوب نیوز چینل ، 32 ویب سائیٹس اور 31 یوٹویب ویڈیو بھی بلاک کر دیے ہیں۔ ترجمان پی ٹی اے کے مطابق یہ اقدام موجودہ علاقائی کشیدگی اور قومی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ بلاک کیے گئے مواد میں جھوٹے بیانیے، گمراہ کن معلومات اور پاکستان کے خلاف منفی پراپیگنڈہ شامل تھا، جن کا مقصد عوامی رائے کو متاثر کرنا اور قومی یکجہتی کو نقصان پہنچانا تھا۔ پی ٹی اے کے مطابق اس اقدام کا مقصد پاکستان کے ڈیجیٹل ماحولیاتی نظام کا تحفظ اور سوشل میڈیا کے غلط استعمال کو روکنا ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ اس قسم کے منفی بیانیے نہ صرف عوام کو گمراہ کرتے ہیں بلکہ ملک کی داخلی سلامتی کے لیے بھی خطرہ بن سکتے ہیں۔ پاکستان میں سائبر سکیورٹی اور ڈیجیٹل میڈیا کے ماہرین نے اس فیصلے کو بروقت اور ضروری قرار دیا ہے، اور کہا ہے کہ ایسی کارروائیاں پاکستان کی خودمختاری اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے اہم ہیں۔

پاکستان پر انڈین حملوں کے بعد الخدمت کا مرکزی ریلیف اینڈ ریسکیو کنٹرول روم قائم

انڈین جارحیت کے خلاف الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمان کی زیر صدارت ہنگامی صورتحال کے پیش نظر اجلاس منعقد ہوا جس میں ریسکیو، ریلیف، طبی امداد، خوراک اور ادویات کی فوری فراہمی سے متعلق اہم فیصلے کیے گے۔ اجلاس میں الخدمت فاؤنڈیشن کے سیکرٹری جنرل سید وقاص جعفری، چیئرمین ڈیزاسٹر مینجمنٹ اعجاز اللہ خان سمیت مرکزی، ریجنل اور علاقائی ذمہ داران نے شرکت کی۔ اجلاس میں سول آبادی پر حملے کی شدید مذمت کی گئی اور زخمیوں کی فوری امداد و شہداء کے لیے دعا بھی کی گئی۔ ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے بتایا کہ الخدمت کا مرکزی کنٹرول روم لاہور میں قائم کر دیا گیا ہے جبکہ آزاد جموں و کشمیر، وسطی اور جنوبی پنجاب میں ریجنل کنٹرول رومز کو بھی فوری طور پر فعال کر دیا گیا ہے تاکہ امدادی سرگرمیوں میں بروقت ردعمل ممکن ہو سکے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ الخدمت فاؤنڈیشن، حکومت پاکستان، افواجِ پاکستان اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے ساتھ مل کر مشترکہ طور پر ریسکیو اور ریلیف کی سرگرمیاں انجام دے گی۔ اجلاس میں طے پایا کہ طبی عملے، خوراک، ادویات اور رضاکاروں کی فوری دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے مکمل پلاننگ کو حتمی شکل دے دی گئی ہے تاکہ متاثرہ علاقوں میں بروقت اور مؤثر امداد پہنچائی جا سکے۔

سویلین ٹرائل کیس: سپریم کورٹ نے  فوجی عدالتوں میں شہریوں پر مقدمے چلانے کا عمل درست قرار دے دیا

سپریم کورٹ آف پاکستان نے پاکستان آرمی ایکٹ کو بحال کرتے ہوئے 23 اکتوبر 2023 سے پہلے کے فیصلے کو کالعدم قرار دے دیا اور فوجی عدالتوں میں سویلین ٹرائل کی اجازت دے دی۔ سپریم کورٹ نے 5-2 کی اکثریت سے فیصلہ سنایا، جس میں جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس نعیم اختر افغان نے اختلاف کیا، جبکہ اکثریتی ججوں میں جسٹس امین الدین خان، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس حسن اظہر رضوی شامل تھے۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔ عدالت نے وزارت دفاع اور دیگر فریقین کی جانب سے دائر اپیلیں منظور کر لیں۔ اس نے آرمی ایکٹ کی پہلے منسوخ شدہ شقوں کو بھی بحال کیا۔ فوجی عدالتوں کے فیصلوں کے خلاف اپیل کا حق دینے کا معاملہ حکومت کو بھجوا دیا گیا ہے۔ عدالت نے اپیل کے حق کو یقینی بنانے کے لیے حکومت کو 45 دن کے اندر قانون سازی کرنے کی ہدایت کی ہے۔ عدالت نے فوجی عدالتوں کے فیصلوں کے خلاف ہائی کورٹس میں اپیلوں کی اجازت کے لیے آرمی ایکٹ میں ترامیم کا حکم دیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال عدالت عظمیٰ کے آئینی بنچ نے فوجی عدالتوں کو 9 مئی 2023 کے فسادات میں مبینہ طور پر ملوث 85 مشتبہ افراد کے مقدمات میں فیصلے سنانے کی مشروط اجازت دی تھی۔ شہریوں کے ملٹری ٹرائل کے خلاف اپیلوں کی سماعت پر اپنے حکم میں آئینی بنچ نے کہا تھا کہ فوجی عدالتوں کے فیصلے اس سے پہلے زیر التوا مقدمات پر سپریم کورٹ کے فیصلے سے مشروط ہوں گے۔ اس کے بعد، فوجی عدالتوں نے پی ٹی آئی کے 85 کارکنوں کو 9 مئی کے احتجاج میں ملوث ہونے پر دو سے 10 سال کی سخت قید کی سزا سنائی، جو کہ فوجی تنصیبات اور یادگاروں پر حملوں کے الزام میں فوجی حراست میں رکھے گئے افراد کے ٹرائل کے اختتام پر تھے۔ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے کہا کہ بعد ازاں جنوری میں، فوج نے 9 مئی کے فسادات کے کیس میں سزا پانے والے 67 مجرموں میں سے 19 کی رحم کی اپیلیں انسانی بنیادوں پر قبول کر لیں۔ سپریم کورٹ نے 23 اکتوبر 2023 کو پانچ رکنی بینچ کے متفقہ فیصلے میں 9 مئی کے فسادات میں ملوث شہریوں کے ٹرائل کو چیلنج کرنے والی درخواستوں کو تسلیم کرنے کے بعد فوجی عدالتوں میں عام شہریوں کے ٹرائل کو کالعدم قرار دے دیا۔