Follw Us on:

قومی اسمبلی اجلاس: مقبوضہ کشمیر واقعہ کو بہانہ بنا کر انڈیا کا حملہ قابل مذمت ہے، شہباز شریف

نیوز ڈیسک
نیوز ڈیسک
Shahbaz sharif
ہمارے پاس ناقابل تردید شواہد موجود ہیں کہ اس حملے میں انڈین پشت پناہی شامل تھی۔ (فوٹو: پی ٹی وی)

قومی اسمبلی کے خصوصی اجلاس میں انڈین جارحیت کے خلاف افواجِ پاکستان کی جوابی کارروائی پر وزیراعظم شہباز شریف نے قوم اور مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے اجلاس کا آغاز کرتے ہوئے ارکانِ پارلیمنٹ کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے قومی سلامتی کے معاملے پر سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر یکجہتی کا مظاہرہ کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ کل رات دشمن نے ماضی کی طرح بزدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اندھیرے میں پاکستان پر حملہ کیا، مگر اللہ تعالیٰ کے فضل، 24 کروڑ عوام کی دعاؤں اور افواجِ پاکستان کی بہادری سے یہ رات نعرۂ تکبیر اور پاکستان زندہ باد کے نعروں میں تبدیل ہو گئی۔

وزیراعظم نے کہا ہے کہ انڈین حملے میں کئی پاکستانی شہری شہید ہوئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ پاکستان نے ہمیشہ امن کو ترجیح دی، مگر دشمن کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

شہباز شریف نے کہا ہے کہ انڈیا نے مقبوضہ کشمیر میں ایک واقعے کو بہانہ بنا کر صرف 10 منٹ میں ایف آئی آر درج کی اور پاکستان پر الزامات کی بارش کر دی۔ ’’ہم نے اس حملے میں کسی قسم کے تعلق سے انکار کیا اور بین الاقوامی تحقیقات کی پیشکش کی، مگر انڈیا نے ہماری شفاف پیشکش کو رد کر دیا۔‘‘

انہوں نے بلوچستان میں ٹرین ہائی جیکنگ اور دہشتگردی کے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ہمارے پاس ناقابل تردید شواہد موجود ہیں کہ اس حملے میں انڈین پشت پناہی شامل تھی۔‘‘

وزیرِاعظم پاکستان نے کہا ہے کہ انہوں نے ترکی، برطانیہ اور دیگر ممالک کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کر کے پاکستان کا مؤقف کھل کر بیان کیا۔ انہوں نے بین الاقوامی کمیشن کی پیشکش کی جو مکمل شفاف تحقیقات کر سکے، مگر انڈیا نے اس پیشکش کو بھی مسترد کر دیا۔

انہوں نے قومی اسمبلی میں پاکستانی ایئر فورس کے افسر “ظہیر بالغ” کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’ان کی بروقت کارروائی نے انڈین رافیل طیاروں کی کمیونیکیشن لاک کر دی، جس پر وہ واپس جانے پر مجبور ہو گئے۔‘‘ پاکستانی افواج مکمل تیار ہیں اور قوم ہر حملے کا جواب دینے کے لیے متحد ہے۔

وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہاہے کہ ایسا نہیں کہ ہمیں دشمن کے ناپاک عزائم کا علم نہ تھا۔ ہمیں مکمل خبر تھی کہ انڈیا کیا سازشیں کر رہا ہے۔ کل رات اس نے چھ مختلف مقامات پر حملہ کیا، لیکن اللہ کے فضل اور افواجِ پاکستان کی تیاری کی بدولت دشمن کو ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ہمارے شاہین مکمل تیار تھے۔ جیسے ہی انڈین طیاروں نے پاکستانی حدود کی جانب پیش قدمی کی، ہماری فضائیہ نے فوری کارروائی کی اور دشمن کے پانچ طیارے مار گرائے، جن میں تین رافیل بھی شامل تھے۔ ان میں سے ایک بجنڈا جیسے تاریخی مقام پر گرا، اور یہ واقعہ پاکستان کے لیے عزت و افتخار کا باعث بن گیا۔

وزیراعظم نے کہا ہے کہ یہ صرف فوجی کامیابی نہیں، بلکہ پوری قوم کی دعاؤں، اتحاد اور افواج کی پیشہ ورانہ تیاری کا نتیجہ ہے۔ یہ وہ لمحہ تھا جس پر ہم جتنا بھی سجدہ شکر کریں، کم ہے۔ دشمن سمجھتا تھا کہ وہ ہمیں کنونشنل وار میں پیچھے چھوڑ چکا ہے، لیکن کل رات اسے اپنے وہم و گمان کا انجام نظر آ گیا۔

شہباز شریف نے کہاپاکستان آج ایک ایسا ملک بن چکا ہے جس کی جانب دنیا مشکل وقت میں مدد کی امید سے دیکھے گی۔ ہماری فوج دنیا کی بہترین افواج میں شامل ہے اور ہم نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ ہم نہ صرف دفاع کے قابل ہیں بلکہ دشمن کے حملوں کو منہ توڑ جواب دینے کی بھی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔

آخر میں وزیرِاعظم نے اپوزیشن سمیت تمام ارکانِ اسمبلی سے اتحاد کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ آئیے آج کے دن اس ایوان میں اور ملک میں اتحاد، اتفاق اور یکجہتی کا مظاہرہ کریں۔ آج پاکستان اکٹھا ہے اور یہی ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔

چور اور بزدل رات کے اندھیرے میں حملہ کرتے ہیں، بلاول بھٹو

قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بزدل انڈیا نے رات کے اندھیرے میں پاکستان پر حملے کیے، چور اور بزدل رات کے اندھیرے میں حملے کرتے ہیں۔ انڈیا کے بزدلانہ حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

انڈیا تیاری کرو ابھی پاکستان کا جواب آنا ہے۔ (فوٹو: پی ٹی وی)

بلاول بھٹو نے انڈیا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انڈیا تیاری کرو ابھی پاکستان کا جواب آنا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ انڈیا کا گھناؤنا چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کریں گے، انڈیا وحشی اور درندہ بن چکا ہے، انڈیا نے نہتے بچوں کو نشانہ بنایا۔

انڈیا نے کہا کہ رافیل طیارے بہت اچھے ہیں مگر انڈین پائلٹ نکمے نکلے، اسحاق ڈار

نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ طاس معاہدہ دونوں فریقین کی مرضی کے بغیر معطل نہیں کیا جاسکتا، پاکستان نے فیصلہ کیا تھا کہ انڈین اقدامات کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ موجودہ صورتحال کے پیچھے انڈیا کی بدنیتی عیاں ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان نے پہلگام واقعے کی مذمت کی، انڈیا نے پہلگام واقعے کے بعد پاکستان پر بےبنیاد الزامات لگائے۔پاکستان نے پہلگام واقعے کی شفاف تحقیقات کی پیشکش کی۔

نائب وزیرِاعظم نے کہا ہے کہ 40 سے زائد ممالک سے رابطہ کرکے پاکستان مؤقف سے آگاہ کیا گیا ہے، پاکستان کے شفاف تحقیقات کے مؤقف کو دنیا بھر نے سراہا ہے، سفارتی سطح پر پاکستان نے اپنا مؤقف بھرپور انداز میں پیش کیا ہے۔ پاکستان نے انڈیا پر واضح کیا تھا کہ اگر پانی روکا گیا تو اقدام اعلانِ جنگ تصور ہوگا۔

انہوں نے کہا ہے کہ انڈیا نے مزید کوئی اقدام کیا تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے، پاک فضائیہ نے انڈین طیارے گرا کر قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔ انڈیا نے پاکستان کے چھے مقامات پر 24 حملے کیے۔

انڈیا نے پاکستان میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ (فوٹو: پی ٹی وی)

اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ انڈیا نے پاکستان میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا، پاکستان کے نیلم جہلم منصوبے کو نشانہ بنایا گیا، پاکستان نے دوست ممالک کو انڈین جارحیت سے آگاہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان نے انڈین ناظم الامور کو دفترِ خارجہ طلب کرکے بھرپور احتجاج ریکارڈ کروایا، انڈیا کے رافیل طیاروں کا غرور خاک میں مل گیا ہے، پہلگام واقعے کے بعد انڈین بیانیے کو بری طرح مسترد کردیا گیا ہے۔

وزیرِ خارجہ نے واضح کیا ہے کہ اسلام آباد میں موجود غیر ملکی سفیروں کو صورتحال سے متعلق آگاہ کیا جائے گا، تمام سیاسی قیادت کو جراجِ تحسین پیش کرتا ہوں۔انڈیا نے کہا کہ رافیل طیارے بہت اچھے ہیں مگر انڈین پائلٹ بہت نکمے نکلے۔

آج کوئی سوال نہیں ہوگا صرف پاکستان کی بات ہوگی، زرتاج گل

پی ٹی آئی رہنما زرتاج گل نے قومی اسمبلی کے اجلاس سے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ بزدل انڈیا نے رات کی تاریکی میں معصوم شہریوں پر حملہ کیا، انڈیا نے پاکستان کی خودمختاری پر حملہ کیا ہے، ملکی دفاع کے لیے ہم سب متحد ہیں۔

زرتاج گل نے کہا ہے کہ آج قومی اسمبلی میں کوئی سوال نہیں ہوگا بلکہ صرف پاکستان کی بات ہوگی، انڈیا اپنی ناکامی کا الزام پاکستان پر لگاتا ہے۔ انڈیا کو منہ توڑ جواب دینے پر ہمیں اپنی مسلح افواج پر فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ انڈیا یکطرفہ طور پر معطل نہیں کرسکتا، عالمی بینک سندھ طاس معاہدے کا ضامن ہے۔

آج قومی اسمبلی میں کوئی سوال نہیں ہوگا بلکہ صرف پاکستان کی بات ہوگی۔ (فوٹو: پی ٹی وی)

امن کے حامی ہیں، جنگ مسلط کی گئی تو بھرپور جواب دیں گے، مولانا عبدالغفور حیدری

مرکزی سیکرٹری جنرل جمیعت علمائے اسلام مولانا عبدالغفور حیدری نے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ انڈیا نے رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملہ کیا، انڈین جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا گیا۔ پہلگام واقعے کی عالمی سطح پر شفاف اور غیر جانبدارانہ تحقیقات چاہتے ہیں۔

انڈیا انتہا پسند اور جنونی ریاست ہے جو کہ خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے، خالد مقبول صدیقی

وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہےکہ انڈیا کو ہر محاذ پر شکست کا سامنا ہے، مسلح افواج کسی بھی قسم کی کارروائی کا جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ انڈیا کی مہم جوئی کا بھرپور جواب دیا گیا ہے۔ مسلح افواج نے انڈین طیارے گرا کر قوم کا سر فخر سے بلندکردیا ہے۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ انڈیا کو ہر محاذ پر شکست کا سامنا ہے، انڈیا انتہا پسند اور جنونی ریاست ہے، جو خطے کے امن کے لیے خطرہ ہے، پاک فضائیہ نے رافیل طیارہ گرا کر انڈین غرور خاک میں ملا دیا۔

یہ پاکستان میٹرز نیوز ڈیسک کی پروفائل ہے۔

نیوز ڈیسک

نیوز ڈیسک

Share This Post:

متعلقہ پوسٹس