آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی نئی قیمت 322 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، جب کہ ڈیزل کی قیمت 357 روپے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق 21 نومبر سے 23 نومبر تک ہوگا۔

یاد رہے کہ رواں سال مارچ کے پہلے ہفتے میں پیٹرول کی قیمت 266 روپے فی لیٹر سے بڑھنا شروع ہوئی تھی اور 3 اپریل کو 458 روپے 41 پیسے فی لیٹر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی تھی۔

اس سے قبل 13 ستمبر کو وزیراعظم شہباز شریف نے موٹر سائیکلوں، رکشوں اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کے لیے ریلیف اسکیم کا اعلان کیا تھا، جس کا مقصد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات کم کرنا تھا۔

17 جولائی کو وزیر پیٹرولیم نے اعلان کیا تھا کہ ایران اور امریکا کے درمیان خلیج فارس میں کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے پیش نظر ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں روزانہ مقرر کی جائیں گی۔

واضح رہے کہ رواں سال مارچ کے آغاز سے حکومت ہفتہ وار بنیادوں پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کر رہی تھی۔ مشرق وسطیٰ میں جاری تنازع کے باعث تیل کی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات کے پیش نظر حکومت نے ایندھن کی بچت کے اقدامات بھی کیے تھے۔