اس ریچھ کا نام ووجٹیک تھا جو شامی نسل کا بھورا ریچھ تھا اور دوسری جنگ عظیم کے دوران پولینڈ کی فوج میں شامل رہا۔
پولش فوجیوں نے 1943 میں ایران میں اسے اس وقت دیکھا جب ایک چرواہا ریچھ کے اس بچے کو بوری میں ڈال کر لے جا رہا تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ اس کی ماں کو شکاریوں نے ہلاک کردیا تھا۔ فوجیوں نے کچھ سامان دے کر ریچھ کے بچے کو اپنے ساتھ لے لیا۔

ابتدا میں فوجی اسے دودھ پلاتے تھے تاہم بعد میں اس کی خوراک میں شہد، پھل اور دیگر اشیا بھی شامل ہوگئیں۔ وہ جلد ہی فوجی دستے کا حصہ بن گیا اور اسے ووجٹیک کا نام دیا گیا جس کا پولش زبان میں مطلب خوش مزاج جنگجو ہے۔
ایک فوجی کو خاص طور پر اس کی دیکھ بھال کے لیے مقرر کیا گیا جس نے اسے فوجیوں کی طرح مارچ کرنے اور سلیوٹ کرنے کی تربیت دی۔ ووجٹیک فوجیوں کے ساتھ دوڑنے، کشتی کرنے اور کھیلنے میں بھی دلچسپی لیتا تھا۔
ریچھ کو فوج میں شامل کیوں کیا گیا؟
1944 میں جب پولش فوجی دستہ اتحادی افواج کے آپریشن کے لیے اٹلی روانہ ہونے لگا تو فوجیوں کو معلوم ہوا کہ فوجی ضابطوں کے تحت پالتو جانوروں کو ساتھ لے جانے کی اجازت نہیں۔

ووجٹیک کو اپنے ساتھ رکھنے کے لیے فوجیوں نے اسے باقاعدہ فوج میں بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس طرح اسے فوجی شناختی نمبر اور سپاہی کا عہدہ دیا گیا جبکہ اس کے نام پر تنخواہ بھی جاری ہوتی تھی۔
مئی 1944 میں اٹلی کی جنگ مونٹی کیسینو کے دوران ووجٹیک نے فوجیوں کی مدد کی۔ وہ توپوں کے گولے اور گولہ بارود لڑائی کے محاذ تک پہنچاتا تھا۔ اس کارکردگی کے باعث وہ فوجی دستے میں خاص اہمیت اختیار کرگیا۔
جنگ کے بعد ریچھ کہاں گیا؟
دوسری جنگ عظیم کے اختتام کے بعد ووجٹیک کو ترقی دے کر کارپورل کا عہدہ دیا گیا۔ 1946 میں وہ پولش فوجیوں کے ساتھ اسکاٹ لینڈ کے ایک فوجی کیمپ منتقل ہوگیا۔
بعد ازاں 1947 میں اسے ایڈنبرا کے چڑیا گھر منتقل کردیا گیا جہاں وہ عوام کی توجہ کا مرکز بن گیا۔ پولش فوجی بھی وقتاً فوقتاً اس سے ملاقات کے لیے آتے رہے۔
ووجٹیک 1963 تک چڑیا گھر میں رہا اور 21 سال کی عمر میں اس کی موت ہوگئی۔
اس غیر معمولی ریچھ کی یاد میں پولینڈ، اسکاٹ لینڈ اور دنیا کے دیگر مقامات پر مجسمے اور یادگاریں تعمیر کی گئیں جو آج بھی اس کی جنگی خدمات کی یاد دلاتی ہیں۔








