ایک شخص آیا، جہاز ہائی جیک کیا، لاکھوں ڈالر لیے اور پھر ہزاروں فٹ کی بلندی سے چھلانگ لگا کر کہیں غائب ہوگیا۔ وہ کون تھا، کہاں گیا اور اس کے ساتھ آخر ہوا کیا؟

یہ بات ہے 24 نومبر 1971 کی۔ امریکی ریاست اوریگن کے شہر پورٹ لینڈ سے نارتھ ویسٹ اورینٹ ایئرلائنز کی ایک پرواز سیئٹل جانے کے لیے تیار تھی۔ ایک شخص سیاہ سوٹ، سفید شرٹ، کالی ٹائی اور ہاتھ میں ایک بریف کیس کے ساتھ ایئرپورٹ پہنچا، اپنا نام ڈین کوپر بتایا اور سیئٹل کے لیے ایک طرف کا ٹکٹ خریدا۔

جہاز نے اڑان بھری تو کچھ ہی دیر بعد اس شخص نے ایک ایئر ہوسٹس کو ایک پرچی تھمائی۔ اس پر لکھا تھا کہ اس کے بریف کیس میں بم ہے۔

اس نے مطالبہ کیا کہ اسے دو لاکھ ڈالر نقد اور چار پیراشوٹ دیے جائیں۔ بصورتِ دیگر وہ جہاز کو دھماکے سے اڑا دے گا۔ اب جہاز میں 36 مسافر سوار تھے۔ انتظامیہ اور حکام کے پاس اس کے مطالبات ماننے کے سوا کوئی راستہ نہیں تھا۔ چنانچہ جہاز کو سیئٹل اتارا گیا، جہاں اسے دو لاکھ ڈالر اور چار پیراشوٹ فراہم کردیے گئے۔

لیکن کہانی یہاں ختم نہیں ہوئی! ڈی بی کوپر نے تمام مسافروں کو رہا کردیا، مگر عملے کے چند ارکان کو جہاز میں ہی روک لیا۔ اس کے بعد پائلٹ کو حکم دیا کہ جہاز دوبارہ اڑایا جائے اور میکسیکو سٹی کی طرف روانہ ہوا جائے۔

اس نے جہاز کو کم بلندی پر اڑانے اور اس کی رفتار محدود رکھنے سمیت کچھ خاص ہدایات بھی دیں۔ رات تقریباً 8 بج کر 13 منٹ پر ڈی بی کوپر نے جہاز کی پچھلی سیڑھی کھولی، دو لاکھ ڈالر کا بیگ اٹھایا اور پیراشوٹ کے ساتھ ہزاروں فٹ کی بلندی سے چھلانگ لگا دی۔

جہاز رینو میں بحفاظت اتر گیا، لیکن ڈی بی کوپر غائب تھا۔ ایف بی آئی نےتحقیقات کیں۔ سینکڑوں افراد سے پوچھ گچھ ہوئی، 800 سے زائد مشتبہ افراد زیرِ تفتیش آئے، مگر کوئی بھی اس شخص کی شناخت ثابت نہ کرسکا۔

پھر 1980 میں ایک حیران کن انکشاف ہوا۔ دریائے کولمبیا کے کنارے ایک آٹھ سالہ بچے کو ریت میں دبے ہوئے 5,800 ڈالر ملے۔ جب ان نوٹوں کے سیریل نمبرز چیک کیے گئے تو معلوم ہوا کہ یہ وہی رقم تھی جو ڈی بی کوپر کو دی گئی تھی۔

8 جولائی 2016 کو 45 سالہ تحقیقات کے بعد ایف بی آئی نے اس کیس پر اپنے فعال وسائل لگانا بند کردیے۔

مزید پڑھیں: ایمازون کے جنگلوں میں دنیا سے کٹے قبیلے نے اچانک رابطہ کیوں کیا اور شکر قندی کیوں مانگی؟

9 جون 2021 کو مارول کی سیریز لوکی کا پہلا ایپی سوڈ ریلیز ہوا۔ اس میں انکشاف کیا گیا کہ 1971 میں جہاز ہائی جیک کرنے والا ڈی بی کوپر دراصل لوکی تھا!

سیریز کے مطابق لوکی نے اپنے بھائی تھور کے ساتھ ایک شرط ہاری تھی اور اسی شرط کے نتیجے میں اس نے یہ کارنامہ انجام دیا۔ جہاز سے چھلانگ لگانے کے بعد وہ بائی فراسٹ کے ذریعے واپس اسگارڈ پہنچ گیا۔ کیا واقعی ڈی بی کوپر لوکی تھا؟ نہیں یہ مارول کی ایک دلچسپ فرضی کہانی ہے۔