مال روڈ پر سیرت النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ آج نبی کریم حضرت محمد ﷺ کا یوم ولادت ہے، تاہم ایک چھوٹا سا گروہ اس موقع پر بھی عوام میں تفریق پیدا کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اپنے دھرنوں میں سیرت النبی ﷺ کا پیغام بھی پہنچائے گی۔ لاہور، پشاور اور کراچی میں جاری دھرنے اب ملک بھر میں پھیل رہے ہیں جبکہ حیدرآباد میں بھی مہنگائی اور پیٹرولیم لیوی کے خلاف دھرنا شروع ہوچکا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے پمز سانحے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اللہ نے جن لوگوں کو عوام کی امانتیں سونپی ہیں، وہ کرپشن میں مبتلا ہیں۔ اگر پمز میں سیاستدانوں اور طاقتور لوگوں کے بچے ہوتے تو آج حالات ایسے نہ ہوتے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں سانحات کے بعد صرف کمیٹیاں بنتی ہیں، نتائج سامنے نہیں آتے۔ ہمیں پمز میں جاں بحق ہونے والے بچوں کا حساب چاہیے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ پیپلز پارٹی اسلام آباد واقعے کی مذمت کر رہی ہے، لیکن یہ سب نورا کشتی ہے۔ ایک دوسرے کے خلاف بات کرکے عوام کو بے وقوف بنایا جاتا ہے۔ ن لیگ، پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے عوام کو کچھ نہیں دیا۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے دھرنے مہنگائی، پیٹرولیم لیوی اور آئی پی پیز کے ناجائز معاہدوں کے خلاف ہیں۔ ن لیگ کے وزرا اگر دھرنوں کے خلاف بات کرتے ہیں تو یہ ان کی ڈیوٹی ہے، لیکن ہمارے دھرنے کسی ذاتی مفاد کے لیے نہیں بلکہ 25 کروڑ عوام کے لیے ہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ جماعت اسلامی اپنے دھرنوں کے ذریعے ظالم حکمرانوں کو پیچھے ہٹنے پر مجبور کرے گی۔ جماعت اسلامی اقامت دین کی تحریک ہے اور وہ کبھی چور دروازے یا اسٹیبلشمنٹ کی مدد سے اقتدار میں نہیں آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی رائے عامہ کی طاقت سے آگے بڑھے گی اور پورا نظام تبدیل کرے گی۔ عوام کی طاقت سے انقلاب برپا کریں گے، اتار چڑھاؤ آتے رہتے ہیں لیکن جماعت اسلامی ایک منظم جماعت ہے۔