اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران سجاد حیدر خان نے انڈیا کی جانب سے جارحیت کی دھمکیوں پر مبنی بیانات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انڈین حکام کے غیر ذمہ دارانہ بیانات ان کی بالادستی کی ذہنیت کی عکاسی کرتے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ انڈیا کا جارحانہ طرز عمل جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے لیے خطرات پیدا کر رہا ہے۔ پاکستان نے گزشتہ سال مئی میں انڈین جارحیت کا منہ توڑ جواب دے کر اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے دفاع کی صلاحیت اور عزم کا مظاہرہ کیا تھا۔
سجاد حیدر خان نے کہا کہ پاکستان کسی بھی غیر دانشمندانہ جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔ انڈیا کو گزشتہ سال کے تجربے سے سبق سیکھنا چاہیے اور جارحانہ طرز عمل کے ساتھ خطرناک بیان بازی بھی ترک کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کے لیے ذمہ دارانہ طرز عمل اختیار کرنا ضروری ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے سعودی عرب پر حوثیوں کے حملوں کی بھی مذمت کی اور کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔







