اسحاق ڈار کی زیرصدارت وزارت خارجہ میں منعقدہ اجلاس میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے لیے پاکستان کے مجوزہ پروگرام پر تفصیلی غور کیا گیا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق اجلاس میں سیکریٹری خارجہ اور ایڈیشنل سیکریٹری اقوام متحدہ نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کو جنرل اسمبلی اجلاس کے دوران پاکستان کی مصروفیات کے مجوزہ پروگرام پر بریفنگ دی۔

بریفنگ میں اعلیٰ سطحی ملاقاتوں، دوطرفہ اجلاسوں اور جنرل اسمبلی کے موقع پر ہونے والی دیگر اہم سفارتی سرگرمیوں کی تفصیلات پیش کی گئیں۔

وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مجوزہ پروگرام کا جائزہ لیتے ہوئے اس کی ترجیحات اور انتظامات کے حوالے سے ضروری ہدایات جاری کیں۔

انہوں نے جنرل اسمبلی کے اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران پاکستان کی مؤثر اور فعال سفارتی شرکت یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ حکام کے درمیان قریبی رابطہ اور مکمل تیاری برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔

دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر پاکستان کی سفارتی ترجیحات اور اہم دوطرفہ و کثیرالجہتی روابط کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کے لیے انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔