پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 29 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 402 روپے 96 پیسے مقرر کردی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت 377 روپے 91 پیسے فی لیٹر برقرار رکھی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ پیٹرول اور ڈیزل کی یہ قیمتیں 2 نومبر کے لیے ہوں گی۔
دوسری جانب اوگرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق آر ایل این جی کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔
سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل) کے لیے آر ایل این جی کی ترسیلی قیمت 13.89 فیصد اضافے سے 15.9357 ڈالر فی ملین برٹش تھرمل یونٹ (ایم ایم بی ٹی یو) مقرر کی گئی ہے، جو ستمبر میں 13.9927 ڈالر تھی۔
اسی طرح ایس این جی پی ایل کے لیے آر ایل این جی کی تقسیم کی قیمت 14.01 فیصد بڑھا کر 17.3259 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کردی گئی ہے، جو گزشتہ ماہ 15.1963 ڈالر تھی۔

سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ (ایس ایس جی سی) کے لیے آر ایل این جی کی ترسیلی قیمت 15.25 فیصد اضافے سے 14.5339 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو ہوگئی ہے، جو ستمبر میں 12.6112 ڈالر تھی۔
ایس ایس جی سی کے لیے تقسیم کی قیمت بھی 15.27 فیصد بڑھا کر 16.3959 ڈالر فی ایم ایم بی ٹی یو کردی گئی ہے، جو گزشتہ ماہ 14.2233 ڈالر تھی۔
اوگرا کے مطابق نوٹیفائی کردہ قیمتوں کا تعین پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کے دو کارگوز کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔







