محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرۂ عرب سے معتدل مرطوب ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں، جبکہ مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ بھی ملک کے شمال مغربی حصوں پر اثر انداز ہو رہا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شمال مشرقی پنجاب، بالائی خیبرپختونخوا، شمال مشرقی بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی، جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہا۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سب سے زیادہ بارش پنجاب کے مختلف علاقوں میں ریکارڈ کی گئی، جہاں چکوال میں 26 ملی میٹر، مری میں 15، سیالکوٹ ایئرپورٹ میں 11، سیالکوٹ سٹی میں 8، گجرات میں 5، منگلا میں 3 اور نارووال میں 2 ملی میٹر بارش ہوئی۔
خیبرپختونخوا میں لوئر دیر میں 20 ملی میٹر، بالاکوٹ میں 14، مالم جبہ میں 6، کالام اور پاراچنار میں 2، جبکہ پٹن میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
کشمیر میں مظفرآباد ایئرپورٹ پر 6، مظفرآباد سٹی میں 5، گڑھی دوپٹہ اور کوٹلی میں 2، جبکہ بلوچستان میں ژوب میں 22 اور خضدار میں 8 ملی میٹر بارش ہوئی۔
گلگت بلتستان کے گوپس میں 5، بابوسر میں 4، جبکہ بونجی اور چلاس میں ایک، ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہفتہ کو ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت دالبندین میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ نوکنڈی میں 44 اور سبی میں 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔







