دانش یونیورسٹی سے متعلق جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے یونیورسٹی کے قیام اور تعمیر کے منصوبے کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ یونیورسٹی کی تعمیر کا تفصیلی منصوبہ اور مقررہ مدت پر مشتمل شیڈول دو ہفتوں کے اندر پیش کیا جائے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دانش یونیورسٹی ایسے خاندانوں کے بچوں کے لیے امید کی نئی کرن ثابت ہونی چاہیے جو مالی وسائل محدود ہونے کے باعث عالمی معیار کے تعلیمی اداروں تک رسائی حاصل نہیں کر پاتے، مستحق طلبہ کو معیاری تعلیم فراہم کرکے انہیں ملک کی ترقی اور معیشت میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنایا جاسکتا ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ کم آمدن اور متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے خاندانوں میں دانش یونیورسٹی کے تعلیمی پروگرام اور داخلوں سے متعلق بھرپور آگاہی پیدا کی جائے تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق اور باصلاحیت طلبہ اس منصوبے سے فائدہ اٹھا سکیں۔

اجلاس کے دوران دانش یونیورسٹی کے بورڈ کی جانب سے وزیراعظم کو یونیورسٹی کے قیام کے مختلف مراحل، تعمیراتی منصوبے، تعلیمی نظام اور فیکلٹی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ یونیورسٹی میں عالمی معیار کی فیکلٹی تعینات کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے اور دنیا کی معروف جامعات سے فارغ التحصیل اساتذہ کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ ایک معروف امریکی کالج کی تدریسی خدمات اور فیکلٹی کے حوالے سے مذاکرات بھی حتمی مراحل میں داخل ہوچکے ہیں۔ اجلاس کو امریکی ادارے کے ساتھ تدریسی نظام، تعلیمی معیار اور فیکلٹی سے متعلق ہونے والی بات چیت کی تفصیلات سے بھی آگاہ کیا گیا۔

وزیراعظم نے عالمی معیار کے تعلیمی اداروں کے ساتھ تعاون کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ دانش یونیورسٹی کے طلبہ کو ایسا تعلیمی ماحول فراہم کیا جانا چاہیے جو انہیں بین الاقوامی سطح پر مسابقت کے لیے تیار کرسکے، اس بات پر بھی زور دیا کہ یونیورسٹی میں جدید تعلیم کے ساتھ تحقیق، ہنر اور عملی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔

اجلاس میں دانش یونیورسٹی کے مجوزہ کیمپس کے ڈیزائن اور تعمیراتی منصوبے کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی، کیمپس کو جدید ترین بین الاقوامی معیار کے مطابق تعمیر کیا جائے گا تاکہ طلبہ کو تعلیم، تحقیق اور دیگر علمی سرگرمیوں کے لیے بہترین سہولیات میسر آسکیں۔

وزیراعظم نے منصوبے کے تمام مراحل میں معیار، شفافیت اور بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دانش یونیورسٹی محض ایک تعلیمی ادارہ نہیں بلکہ باصلاحیت نوجوانوں کے لیے ترقی کے نئے مواقع پیدا کرنے کا منصوبہ ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک، وفاقی وزیر عطا تارڑ، وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان، دانش یونیورسٹی بورڈ کے ارکان اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں یونیورسٹی کے قیام، تعلیمی معیار، فیکلٹی اور تعمیراتی منصوبے سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔