وزارتِ ہاؤسنگ اینڈ ورکس کے حکام نے سرکاری نشریاتی ادارے اے پی پی کو بتایا کہ وزیراعظم اپنا گھر پروگرام ملک بھر میں جاری ہاؤسنگ قرضوں کا ایک اہم منصوبہ ہے، جس کے تحت حکومتِ پاکستان کی جانب سے پہلی بار گھر بنانے کے لیے ایک کروڑ روپے تک کا قرض فراہم کیا جا رہا ہے۔

اسکیم کے تحت ہاؤسنگ فنانس کے لیے بینکوں کو درکار ضروری دستاویزات کو محدود اور معیاری بنایا گیا ہے۔ ان دستاویزات میں ٹرانسفر اور پوزیشن لیٹر، سائٹ کا نقشہ، رہن رکھنے کی اجازت کا خط اور اندراجِ رہن سمیت 5 ضروری کاغذات شامل ہیں۔

وزارت کے مطابق ان اقدامات کا مقصد قرض کے حصول کے طریقہ کار کو آسان بنانا، صارفین کو غیر ضروری دستاویزی تقاضوں سے نجات دلانا اور اپنے گھر کی تعمیر کے لیے مالی سہولتوں تک رسائی بہتر بنانا ہے۔

اس سے قبل بینکوں کی جانب سے قرض کے درخواست گزاروں سے بڑی تعداد میں دستاویزات طلب کیے جانے کی شکایات موصول ہو رہی تھیں۔ نئی ترامیم سے بالخصوص پہلی بار گھر بنانے کے لیے قرض حاصل کرنے والے افراد کو اہم ریلیف ملے گا اور ’وزیراعظم اپنا گھر پروگرام‘ سے استفادہ کرنے کا عمل مزید آسان ہوگا۔