انہوں نے کہا کہ پٹرولیم لیوی ایک ’بھتہ ٹیکس‘ ہے، اس کا پٹرول کی قیمتوں سے کوئی تعلق نہیں۔ عالمی مارکیٹ میں قیمتیں کم ہونے کے باوجود پاکستان میں پٹرول کی قیمتیں کم نہیں ہوئیں۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ بجلی، گیس، پٹرول، آٹا اور چینی سمیت ہر چیز کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر رہی ہیں، لوگ گھروں کے کرائے اور بچوں کی فیسیں ادا نہیں کر پا رہے۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکمران عوام کے پیسوں پر عیاشیاں کر رہے ہیں جبکہ طویل عرصے سے ایک مخصوص طبقہ عوام پر مسلط ہے۔ مختلف سیاسی جماعتوں کا آنا جانا لگا رہتا ہے، لیکن عوام کے مسائل حل نہیں ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ ظالموں نے پٹرول مہنگا کرکے اور لیوی عائد کرکے عوام کو ذہنی اذیت میں مبتلا کردیا ہے۔ جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے لیے میدان میں نکلی ہے اور ہماری جماعت وڈیروں اور جاگیرداروں پر مشتمل نہیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے پنجاب حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مریم نواز نے پنجاب کو برباد کردیا ہے جبکہ شہباز شریف کی پالیسیاں عوام کو بے وقوف بنا رہی ہیں۔

پمز اسپتال میں نومولود بچوں کی اموات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہاں سہولیات ہی موجود نہیں تھیں۔ لوگوں نے اپنے بچوں کے نام بھی نہیں رکھے تھے کہ انہیں ان کی لاشیں مل گئیں۔

حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ عوام کے ساتھ ظلم کے باوجود ایک مخصوص طبقہ ان کے سروں پر مسلط ہے، تاہم جماعت اسلامی عوام کے حقوق کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔