اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ حکومت مزید کفایت شعاری کے اقدامات کرے گی اور اپنے اخراجات کو جس حد تک ممکن ہوا کم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ریسٹورنٹس اور شادی ہالز مقررہ اوقات کے مطابق بند ہو رہے ہیں، جب کہ انرجی پالیسی کے خدوخال ابھی حتمی شکل دیے جا رہے ہیں۔ انرجی پالیسی فائنل ہوتے ہی اس کی تفصیلات عوام کے سامنے لائی جائیں گی۔
مصدق ملک نے کہا کہ غریب عوام کو دیا جانے والا فیول ریلیف ٹیکس کی رقم سے زیادہ ہے اور حکومت نے باقاعدہ سوچ سمجھ کر ٹیکس سے زیادہ ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ پیٹرول قیمت میں دیا جانے والا ریلیف بھی ناکافی ہے اور عوام پر بوجھ بہت زیادہ ہے، تاہم ملکی معیشت جتنا بوجھ برداشت کرسکتی تھی، حکومت نے اتنا ہی ریلیف دیا ہے۔
مزید پڑھیں: پیٹرول مہنگا ہونے پر حکومت کا اسمارٹ لاک ڈاؤن پر غور، ہفتے میں 3 روز چھٹی کی تجویز
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت توانائی کے اخراجات کم کرنے اور عوام پر بڑھتے ہوئے مالی بوجھ کو محدود کرنے کے لیے مزید اقدامات پر کام کر رہی ہے۔







