آرٹیکل 232 کیا ہے؟
آرٹیکل 232 اس وقت نافذ کیا جا سکتا ہے جب ملک کی سلامتی کو بیرونی جارحیت، جنگ یا اندرونی خلفشار کے باعث شدید خطرہ لاحق ہو۔ ایسی صورتِ حال میں، اگر صدرِ مملکت مطمئن ہوں کہ پاکستان یا اس کے کسی حصے کی سلامتی کو سنگین خطرہ درپیش ہے، تو وہ ایمرجنسی کا اعلان کر سکتے ہیں۔
اگر اندرونی خلفشار کی بنیاد پر ایمرجنسی نافذ کی جائے تو متعلقہ صوبائی اسمبلی سے قرارداد منظور ہونا ضروری ہے۔ تاہم، اگر صدرِ مملکت اپنے طور پر ایمرجنسی کا اعلان کریں تو اس کی آئینی تقاضوں کے مطابق پارلیمنٹ سے منظوری حاصل کرنا لازم ہوتا ہے۔

صوبائی حکومت معطل کیوں نہیں ہوتی؟ اس آرٹیکل کا بنیادی مقصد صوبائی حکومت کو ختم کرنا نہیں، بلکہ غیر معمولی حالات میں وفاق کو صوبے کی مدد اور صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے اضافی اختیارات فراہم کرنا ہے۔ اس کے تحت وزیرِ اعلیٰ اور صوبائی کابینہ اپنے فرائض انجام دیتے رہتے ہیں، تاہم وفاقی پارلیمنٹ کو بعض ایسے معاملات میں بھی قانون سازی کا اختیار حاصل ہو سکتا ہے جو معمول کے حالات میں صوبائی دائرۂ اختیار میں آتے ہیں۔
آرٹیکل 234 کیا ہے؟
آرٹیکل 234 اس وقت نافذ کیا جا سکتا ہے جب کسی صوبے کا انتظام آئین کے مطابق چلانا ممکن نہ رہے۔ ایسی صورتِ حال میں صدرِ مملکت صوبے کے گورنر کی رپورٹ یا کسی دوسرے ذریعے سے حاصل ہونے والی معلومات کی بنیاد پر یہ نتیجہ اخذ کر سکتے ہیں کہ صوبائی حکومت آئین کے مطابق امور انجام دینے سے قاصر ہے۔
صوبائی حکومت کے اختیارات کیوں معطل ہو جاتے ہیں؟ اس آرٹیکل کے تحت صدرِ مملکت کو یہ اختیار حاصل ہوتا ہے کہ وہ صوبائی حکومت کے بعض یا تمام اختیارات اپنے ہاتھ میں لے لیں یا گورنر کو تفویض کر دیں۔ اس کے نتیجے میں وزیرِ اعلیٰ اور صوبائی وزرا کے اختیارات بھی متاثر ہو سکتے ہیں۔

آرٹیکل 234 کے تحت صوبائی اسمبلی کے قانون سازی کے اختیارات پارلیمنٹ استعمال کر سکتی ہے۔ اس طرح صوبے کے قانون سازی کے معاملات وفاقی سطح پر منتقل ہو جاتے ہیں اور صوبائی اسمبلی معمول کے مطابق اپنے اختیارات استعمال نہیں کر سکتی۔
یہ دونوں آرٹیکل ایک دوسرے سے مختلف کیوں ہیں؟
آرٹیکل 232 اور آرٹیکل 234 کے درمیان بنیادی فرق ان کے نفاذ کے اسباب اور ان کے تحت حاصل ہونے والے اختیارات کا ہے۔
آرٹیکل 232 کے تحت وفاق غیر معمولی خطرے سے نمٹنے کے لیے صوبے کی مدد اور نگرانی کا کردار ادا کرتا ہے۔ اس کا نفاذ بذاتِ خود صوبائی حکومت کو ختم نہیں کرتا، بلکہ وزیرِ اعلیٰ اور کابینہ اپنے عہدوں پر برقرار رہتے ہیں۔
اس کے برعکس آرٹیکل 234 اس وقت زیرِ عمل آتا ہے جب صوبے کا انتظام آئین کے مطابق چلانا ممکن نہ رہے۔ اس صورت میں صوبائی حکومت کے اختیارات گورنر یا وفاقی سطح پر منتقل کیے جا سکتے ہیں، جب کہ صوبائی اسمبلی کے قانون سازی کے اختیارات بھی متاثر ہوتے ہیں۔

یوں آرٹیکل 232 کے تحت صوبائی حکومت برقرار رہتے ہوئے ایمرجنسی کے خصوصی آئینی انتظامات کے تحت کام کرتی ہے، جب کہ آرٹیکل 234 کے تحت صوبائی نظام کے اختیارات میں زیادہ براہِ راست مداخلت کی گنجائش پیدا ہو جاتی ہے۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا کی موجودہ صورتِ حال میں وفاق نے آرٹیکل 234 کے تحت گورنر راج نافذ کیا ہے، جس کے نتیجے میں وزیرِ اعلیٰ کے اختیارات اور صوبائی انتظامی ڈھانچے کی حیثیت متاثر ہوئی ہے۔ دوسری جانب آرٹیکل 232 کے تحت ایمرجنسی کا تعلق صوبے میں سیکیورٹی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے غیر معمولی آئینی اقدامات سے ہے۔
18ویں ترمیم کے بعد ایمرجنسی کے نفاذ کا طریقۂ کار
یاد رہے کہ آئین کی 18ویں ترمیم کے بعد آرٹیکل 232 کے تحت اندرونی خلفشار کی بنیاد پر ایمرجنسی نافذ کرنے کے لیے متعلقہ صوبائی اسمبلی کی قرارداد اہم آئینی تقاضا ہے۔ اگر صدرِ مملکت صوبائی اسمبلی کی قرارداد کے بغیر اپنے طور پر ایمرجنسی کا اعلان کریں تو اس کی پارلیمنٹ سے مقررہ مدت کے اندر منظوری حاصل کرنا ضروری ہوتا ہے۔
آئینی طریقۂ کار کے مطابق اگر صدرِ مملکت آرٹیکل 232 کے تحت ایمرجنسی کا اعلان کرتے ہیں اور متعلقہ صوبائی اسمبلی نے اس حوالے سے قرارداد منظور نہیں کی ہوتی، تو اعلان کو 10 دن کے اندر پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے الگ الگ منظور کروانا لازم ہوتا ہے۔
چونکہ خیبر پختونخوا اسمبلی میں پاکستان تحریکِ انصاف کی اکثریت ہے اور اسمبلی سے قرارداد منظور نہیں ہوئی، اس لیے وفاقی حکومت کو ایمرجنسی کے اعلان کی آئینی توثیق کے لیے مقررہ مدت کے اندر پارلیمنٹ سے رجوع کرنا ہوگا۔
دوسری جانب آرٹیکل 234 کے تحت نافذ کیے گئے گورنر راج کی پارلیمانی منظوری کے لیے دو ماہ کی مدت مقرر ہے۔
وفاق کو بیک وقت دو آئینی طریقۂ کار کا سامنا
آرٹیکل 232 اور آرٹیکل 234 کے تحت منظوری کے لیے الگ الگ آئینی تقاضے اور مدتیں مقرر ہونے کے باعث وفاقی حکومت کو بیک وقت دو مختلف پارلیمانی طریقۂ کار اختیار کرنا ہوں گے۔
ایک جانب ایمرجنسی کے اعلان کی توثیق کے لیے 10 دن کی مدت اہم ہے، تو دوسری جانب گورنر راج کے لیے دو ماہ کے اندر پارلیمانی منظوری حاصل کرنا ضروری ہے۔ ان دونوں اقدامات کو بیک وقت آگے بڑھانے کے لیے آئینی تقاضوں کی تکمیل وفاقی حکومت کے لیے ایک اہم سیاسی اور قانونی مرحلہ ہوگا۔







