اسلام آباد پولیس کے ترجمان کے مطابق پولیس ٹیم زیرِ حراست ملزم محمد نعمان کو اس کی نشاندہی پر برآمدگی کے لیے لے جا رہی تھی کہ تھانہ رمنا کی حدود میں دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار ملزمان نے اسے چھڑوانے کی کوشش میں پولیس ٹیم پر فائرنگ کردی۔

ترجمان کے مطابق فائرنگ کے تبادلے کے دوران محمد نعمان اپنے ہی ساتھیوں کی گولیوں کا نشانہ بن کر زخمی ہوا۔ اسے اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اہلکار بلٹ پروف جیکٹس اور حفاظتی اقدامات کے باعث محفوظ رہے، جب کہ فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔

پولیس کے مطابق محمد نعمان تھانہ رمنا کی حدود میں لائبہ اعجاز کی مبینہ خودکشی سے متعلق مقدمے میں نامزد تھا۔

مقدمے کے مطابق لائبہ اعجاز امریکا کی ہارورڈ یونیورسٹی میں داخلے اور اسکالرشپ کی خواہشمند تھی۔ الزام ہے کہ ملزم نے اسے امریکی ویزا، داخلے اور اسکالرشپ دلوانے کا جھانسہ دے کر 93 لاکھ روپے وصول کیے اور اس کے حوالے جعلی اسکالرشپ دستاویزات، یونیورسٹی کے آفر لیٹرز اور فیس کی رسیدیں کیں۔

اطلاعات کے مطابق امریکا میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے اور اسکالرشپ حاصل کرنے کا خواب پورا نہ ہونے، مالی نقصان اور ذہنی اذیت کے بعد لائبہ نے 9 اکتوبر کو مبینہ طور پر خودکشی کرلی تھی۔

پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور مقدمے میں نامزد دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔