پاکستان کی جیت کے مرکزی کردار عرفات منہاس رہے، جنہوں نے پہلے بیٹنگ میں 58 گیندوں پر 59 رنز بنائے اور پھر بولنگ کرتے ہوئے 40 رنز کے عوض 6 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کی آل راؤنڈ کارکردگی نے انگلینڈ کی بیٹنگ لائن کو مشکلات سے دوچار کردیا۔

پاکستان کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور فخر زمان پہلی ہی گیند پر گس اٹکنسن کا شکار بن گئے، جب کہ صائم ایوب 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

بابر اعظم نے 34 رنز بنائے، تاہم ابتدائی وکٹیں گرنے کے بعد حسن نواز اور عرفات منہاس نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو سنبھالا دیا۔ حسن نواز نے 74 گیندوں پر 79 رنز کی اننگز کھیلی، جب کہ فہیم اشرف نے 26 گیندوں پر 39 اور سعد بیگ نے 35 رنز بنائے۔

303 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کی جانب سے ٹام بینٹن 57، بین ڈکٹ 45 اور جو روٹ 33 رنز بنا کر نمایاں رہے، لیکن پاکستانی بولرز نے وقفے وقفے سے وکٹیں حاصل کرکے انگلش ٹیم کو ہدف تک پہنچنے سے روک دیا۔ عرفات منہاس کے علاوہ حارث رؤف نے 2 جب کہ نسیم شاہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ پاکستان نے سہ ملکی سیریز کے پہلے میچ میں سری لنکا کو 37 رنز سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز کیا تھا۔ سیریز میں پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں شریک ہیں، جب کہ ابتدائی مرحلے کے اختتام پر پوائنٹس ٹیبل کی سرفہرست دو ٹیمیں 31 اکتوبر کو لاہور میں فائنل کھیلیں گی۔