جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر خان کا کہنا ہے کہ پولیس نے لیاری میں جماعت اسلامی کے کارکنان کو گرفتار کیا، جبکہ سابق رکنِ صوبائی اسمبلی سید عبدالرشید کے بھائی جواد شعیب کو بھی کارکنوں کے ہمراہ حراست میں لیا گیا ہے۔ منعم ظفر خان نے گرفتار کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت احتجاج کرنے والے کارکنوں کے خلاف کارروائی کے بجائے عوام کے مطالبات سنے۔
منعم ظفر خان نے ریگل چوک کراچی میں تاجروں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تاجر برادری نے آج کی ہڑتال کو کامیاب بنایا ہے، شہر کی تین سو سے زائد چھوٹی بڑی مارکیٹیں بند ہیں، جبکہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی احتجاج کی حمایت کی ہے، اسکولز بھی بند ہیں جبکہ وکلا برادری کی جانب سے بھی ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے۔
جماعت اسلامی کراچی کے امیر کا کہنا تھا کہ شہر بھر کے تاجروں اور عوام نے امیر جماعت اسلامی کی اپیل پر لبیک کہا اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف اپنے احتجاج کا اظہار کیا، موجودہ حالات میں عام آدمی شدید مشکلات کا شکار ہے، کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں اور صنعتوں کو بھی مشکلات کا سامنا ہے۔
منعم ظفر خان نے کہا کہ عوام کو بجلی کی مسلسل لوڈشیڈنگ اور بھاری بلوں کا سامنا ہے، کے الیکٹرک کے زائد بلوں نے شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے، جبکہ صنعتوں اور کاروبار کے لیے بجلی کی صورتحال بھی انتہائی تشویشناک ہے، ظالمانہ لوڈشیڈنگ کا خاتمہ اور بجلی کے بھاری بلوں سے عوام کو نجات دلانا ضروری ہے۔
انہوں نے پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عوام پر مزید ٹیکس اور لیوی کا بوجھ ڈالنے کے بجائے حکمران اپنی مراعات اور اخراجات کم کریں، عوام مہنگائی کے بوجھ تلے دبے ہوئے ہیں، جبکہ حکمران اپنی عیاشیوں میں مصروف ہیں اور عام آدمی کے مسائل پر کوئی توجہ نہیں دی جا رہی۔
منعم ظفر خان نے کہا کہ جماعت اسلامی کی جدوجہد تاجر برادری کے ساتھ ہے اور عوام کے جائز مطالبات کے لیے احتجاج جاری رہے گا، عائد کیا کہ احتجاج کو دبانے کے لیے حکومت اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے اور لیاری و کورنگی میں کارکنوں کی گرفتاریاں اسی سلسلے کی کڑی ہیں۔
انہوں نے وفاقی اور سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ گرفتار تمام کارکنوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے اور پرامن احتجاج میں رکاوٹیں پیدا نہ کی جائیں۔ منعم ظفر خان نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی کی ہڑتال پرامن ہے اور کسی قسم کے جلاؤ گھیراؤ یا شرپسندی کی حمایت نہیں کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر کہیں شرپسند عناصر جلاؤ گھیراؤ یا توڑ پھوڑ کر رہے ہیں تو ایسے واقعات کی مذمت کی جائے گی، تاہم پرامن سیاسی کارکنوں کو گرفتار کرنا قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام اور تاجر برادری کے ساتھ مل کر مہنگائی، بجلی کے مسائل، اضافی ٹیکسز اور کاروباری مشکلات کے خلاف اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔







