راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستانی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49.5 اوورز میں 305 رنز بنائے اور پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔

پاکستان کی پہلی وکٹ 23 رنز پر گری، اوپنر صائم ایوب 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، جبکہ ان کے ساتھ اننگز کا آغاز کرنے والے فخر زمان بھی 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

ابتدائی دو وکٹیں جلد گرنے کے بعد سابق کپتان بابر اعظم اور اپنا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلنے والے وکٹ کیپر بلے باز سعد بیگ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اننگز کو سنبھالا اور ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا۔

دونوں بلے بازوں نے تیسری وکٹ کے لیے اہم شراکت قائم کی، تاہم پاکستان کا مجموعی اسکور 106 رنز تک پہنچا تو بابر اعظم 45 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

بابر اعظم کے آؤٹ ہونے کے بعد سعد بیگ نے بھی محتاط انداز میں بیٹنگ جاری رکھی اور 39 رنز کی عمدہ اننگز کھیلنے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

دونوں سیٹ بلے بازوں کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستانی بیٹنگ لائن پر سری لنکن باؤلرز نے دباؤ بڑھانے کی کوشش کی اور رنز بنانے کی رفتار بھی کسی حد تک سست پڑ گئی، تاہم بعد میں پاکستانی بیٹرز نے اسکور کو تیزی سے آگے بڑھایا۔

پاکستان نے 49.5 اوورز میں 305 رنز بنا کر اپنی اننگز مکمل کی، یوں سری لنکا کو میچ جیتنے کے لیے 306 رنز کا ہدف ملا۔

ٹاس کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی نے کہا کہ وکٹ فریش ہے اور اگر وہ بھی ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کرتے۔

شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ ٹیم کے تمام کھلاڑی سہ ملکی سیریز کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور پاکستان کی کوشش ہے کہ میچ میں 300 رنز بنائے جائیں اور سیریز کا آغاز کامیابی کے ساتھ کیا جائے۔

شاہین شاہ نے بتایا کہ آج کے میچ میں وکٹ کیپر بلے باز سعد بیگ اپنا ون ڈے انٹرنیشنل ڈیبیو کر رہے ہیں۔

قومی ٹیم میں کپتان شاہین آفریدی کے علاوہ صائم ایوب، فخر زمان، بابر اعظم، سعد بیگ، حسن نواز، سلمان علی آغا، عرفات منہاس، فہیم اشرف، نسیم شاہ اور حارث رؤف شامل ہیں۔

واضح رہے کہ سہ ملکی ون ڈے سیریز میں پاکستان اور سری لنکا کے علاوہ انگلینڈ کی ٹیم بھی شامل ہے، جب کہ سیریز کے میچز راولپنڈی اور لاہور میں کھیلے جا رہے ہیں۔