فلڈ فارکاسٹنگ ڈویژن لاہور، محکمہ موسمیات پاکستان اور وزارت دفاع کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق نالہ ڈیک میں پانی کا بہاؤ 22 ہزار 545 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث وہاں اونچے درجے کے سیلاب کی صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 1550 فٹ کی آخری حد تک پہنچ گئی ہے اور ڈیم 100 فیصد بھر چکا ہے۔ تربیلا ڈیم میں پانی کی آمد 2 لاکھ 43 ہزار کیوسک جبکہ اخراج 2 لاکھ 35 ہزار 300 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ برس اسی تاریخ کو تربیلا ڈیم 99.80 فیصد بھرا ہوا تھا، تاہم رواں سال ڈیم 10 اگست کو ہی اپنی 100 فیصد سطح تک پہنچ گیا تھا۔
دوسری جانب منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 1220.90 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ اس کی زیادہ سے زیادہ گنجائش 1242 فٹ ہے۔ منگلا ڈیم اس وقت 78 فیصد بھرا ہوا ہے، جہاں پانی کی آمد 25 ہزار اور اخراج 9 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ گزشتہ سال اسی روز منگلا ڈیم 85 فیصد بھرا ہوا تھا۔
فلڈ رپورٹ کے مطابق دریائے سندھ میں کالاباغ کے مقام پر 3 لاکھ 51 ہزار 217 کیوسک جبکہ چشمہ بیراج پر 2 لاکھ 83 ہزار 163 کیوسک پانی کی آمد ریکارڈ کی گئی ہے، جہاں نچلے درجے کا سیلاب برقرار ہے۔ تاہم تونسہ، گڈو، سکھر اور کوٹری کے مقامات پر پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق بتایا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق دریائے جہلم، چناب، راوی اور ستلج سمیت ان سے منسلک بیراجوں پر بھی فی الحال پانی کا بہاؤ معمول کی سطح پر ہے اور کسی بڑے سیلابی دباؤ کی اطلاع نہیں ہے۔
ادھر اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھی بارش ریکارڈ کی گئی۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق پی ایم ڈی ایچ ایٹ میں 25 ملی میٹر، سیدپور گاؤں میں 19 ملی میٹر، شمس آباد راولپنڈی میں 18 ملی میٹر جبکہ گولڑہ میں 14 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جبکہ دیگر علاقوں میں بارش کی مقدار نسبتاً کم رہی۔
محکمہ موسمیات اور واپڈا حکام کی جانب سے دریاؤں، ندی نالوں اور ڈیموں کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے، جبکہ متعلقہ انتظامیہ کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات جاری ہیں۔







