پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سکیورٹی صورتحال اور پاکستان و ناروے کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے عالمی امن اور علاقائی استحکام کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف کو اجاگر کیا اور مشترکہ سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون اور مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ناروے کے وزیر خارجہ نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کی مسلح افواج کے پیشہ ورانہ کردار کو سراہا۔
دونوں جانب سے پاکستان اور ناروے کے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دفاع و سکیورٹی کے شعبوں میں باہمی روابط اور تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
اس سے قبل ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایدے نے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے بھی ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے بعد اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان ناروے کے وزیر خارجہ کی آمد کا خیرمقدم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان-انڈیا کشیدگی کے دوران ناروے پاکستان کے ساتھ رابطے میں رہا، جس پر پاکستان ناروے کا شکر گزار ہے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی کے دوران بھی ناروے پاکستان سے رابطے میں رہا، پاکستان ناروے کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور ناروے کے درمیان 78 سالہ شراکت داری موجود ہے اور پاکستان ناروے کے ساتھ اپنے قریبی اور مضبوط تعلقات کو مزید آگے بڑھانا چاہتا ہے۔
مزید پڑھیں: فرانس و دیگر مغربی ممالک کی منافقت واضح اور شرمناک ہے: عباس عراقچی
ناروے کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ناروے میں پاکستانی کمیونٹی کی ایک بڑی تعداد موجود ہے جب کہ ناروے کی کمپنیاں بھی پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہی ہیں۔
ایسپن بارتھ ایدے نے کہا کہ پاکستان نے خطے اور عالمی امن کے لیے بہترین کردار ادا کیا ہے۔ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی عالمی امن اور معیشت کے لیے نقصان دہ ہے، جب کہ پاکستانی قیادت نے مشکل وقت میں جرأت مندانہ کردار ادا کیا۔
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کردار کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی امن کے لیے کوششوں کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی ہے۔







