جاری بیان کے مطابق نیا پلیٹ فارم مختلف ذرائع نقل و حمل، جن میں کاریں، موٹر سائیکلیں اور رکشے شامل ہیں، رائیڈ ہیلنگ کی سہولت فراہم کرے گا۔
پلیٹ فارم کی اہم خصوصیت یہ ہوگی کہ جاز نیٹ ورک استعمال کرنے والے مسافر اور ڈرائیور موبائل ڈیٹا خرچ کیے بغیر ایپ تک رسائی حاصل کرسکیں گے۔ اس سہولت کے تحت صارفین کو ایپ استعمال کرنے کے لیے الگ انٹرنیٹ پیکیج کی ضرورت نہیں ہوگی اور وہ رائیڈ بک کرنے، درخواستیں قبول کرنے اور اپنے سفر کا انتظام کرنے کے قابل ہوں گے۔
معاہدے کے تحت جاز کیش ڈرائیور کے نظام میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کی سہولت فراہم کرے گا، جب کہ آئی ٹیکنالوجی پلیٹ فارم کی ٹیکنالوجی، سروس میں جدت اور آپریشنز سے متعلق امور کی قیادت کرے گی۔
دوسری جانب جاز پلیٹ فارم کو رابطے اور ڈیجیٹل بنیادی ڈھانچے کی معاونت فراہم کرے گا۔
پاکستان میں رائیڈ ہیلنگ کا شعبہ روزمرہ آمدورفت کا اہم حصہ بن چکا ہے۔ محدود عوامی ٹرانسپورٹ کے باعث پیدا ہونے والے خلا کو پُر کرنے کے ساتھ یہ شعبہ لوگوں کے لیے آمدن کے نئے مواقع بھی پیدا کر رہا ہے۔
حالیہ برسوں میں رائیڈ ہیلنگ کا شعبہ روایتی سفری سہولیات سے آگے بڑھ کر سپر ایپ ماڈل کی جانب بھی گامزن ہے، جس میں کورئیر ڈیلیوری، مال برداری اور گروسری جیسی خدمات شامل ہیں۔
اس رجحان کے باعث آمدن کے متنوع مواقع پیدا ہونے کے ساتھ ملکی ڈیجیٹل معیشت میں بھی رائیڈ ہیلنگ کے شعبے کا کردار مزید مضبوط ہو رہا ہے۔







