ملاقات میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال، اسلاموفوبیا اور مسلم امہ کو درپیش سیاسی، سلامتی اور معاشی چیلنجز سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پاکستانی سفیر نے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی جانب سے نو منتخب سیکریٹری جنرل کے لیے خط بھی پیش کیا اور پاکستانی قیادت و عوام کی طرف سے انہیں نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔

سید محمد فواد شیر نے اسماعیل ولد شیخ احمد کے انتخاب کو او آئی سی کے رکن ممالک کے اعتماد کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور او آئی سی کے درمیان دیرینہ تعلقات ہیں اور پاکستان تنظیم کے بانی ارکان میں شامل ہے۔

ملاقات کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال بھی زیر بحث آئی۔ پاکستانی سفیر نے امید ظاہر کی کہ او آئی سی کی نئی قیادت مسلم دنیا کے دیرینہ مسائل، بالخصوص مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے تنظیم کے کردار کو مزید مؤثر بنانے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔

فواد شیر نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات میں مسلم ممالک کے درمیان تعاون، باہمی رابطے اور مشترکہ حکمت عملی پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہو چکی ہے۔ انہوں نے مسلم امہ کو درپیش سیاسی، سلامتی اور معاشی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے او آئی سی کے مؤثر اور متحد کردار کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

نو منتخب سیکریٹری جنرل اسماعیل ولد شیخ احمد نے پاکستانی قیادت کی جانب سے نیک خواہشات اور پیغام پر سفیر سید محمد فواد شیر کا شکریہ ادا کیا۔

موریتانیہ کے سابق وزیر خارجہ اور اقوام متحدہ کے سفارت کار اسماعیل ولد شیخ احمد نے 28 اگست 2026 کو او آئی سی کے سیکریٹری جنرل کا منصب سنبھالا۔ وہ سابق سیکریٹری جنرل حسین ابراہیم طہٰ کی جگہ ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔

اسماعیل ولد شیخ احمد نے مسلم امہ کے مشترکہ مفادات کے فروغ اور او آئی سی کے رکن ممالک کے درمیان تعاون مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔