پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق صوبے میں 29 اگست سے 5 ستمبر تک بیشتر اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، تلہ گنگ، اٹک، سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال، گجرات، لاہور، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، وزیرآباد، حافظ آباد، قصور، اوکاڑہ، ننکانہ صاحب، سرگودھا، خوشاب، میانوالی، نورپور تھل، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال اور پاکپتن میں بارشیں متوقع ہیں۔
محکمے نے خبردار کیا ہے کہ لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، گجرات اور سیالکوٹ میں اربن فلڈنگ جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔ برساتی نالوں میں بھی فلیش فلڈنگ کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور نے وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر تمام ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے اور بارشوں سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور بوسیدہ و کچے مکانات میں رہائش اختیار نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
شہریوں کو آندھی، طوفان اور آسمانی بجلی کے دوران محفوظ مقامات پر رہنے جب کہ بچوں کو نشیبی علاقوں، جمع پانی، بجلی کے کھمبوں اور تاروں سے دور رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا میں بھی 29 اگست سے 5 ستمبر تک بارش، گرج چمک اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا کے مطابق چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، ملاکنڈ، باجوڑ اور کوہستان سمیت مختلف بالائی اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔ پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، مردان، صوابی، خیبر اور مہمند میں بھی بارش اور گرج چمک کے ساتھ تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق یکم سے 4 ستمبر تک کرک، بنوں، لکی مروت، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک اور وزیرستان میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔
شدید بارشوں کے باعث بالائی اضلاع کے حساس علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ جب کہ مردان اور صوابی کے نشیبی علاقوں میں 31 اگست سے 5 ستمبر تک اربن فلڈنگ کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ تیز ہواؤں اور آسمانی بجلی کے باعث کمزور تعمیرات، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز اور فصلوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے، اس لیے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے پیشگی حفاظتی اقدامات یقینی بنائیں۔
سیاحوں اور مسافروں کو بھی موسم کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ شدید بارش کے دوران ٹریکنگ، ہائیکنگ اور کیمپنگ سے بھی اجتناب کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
عوام کو ندی نالوں اور برساتی پانی سے دور رہنے، زیرِ آب سڑکوں کو عبور نہ کرنے اور گرج چمک کے دوران محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق صورتحال کی 24 گھنٹے نگرانی جاری ہے۔ پنجاب میں کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں شہری 1129 جب کہ خیبرپختونخوا میں 1700 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔







