اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے بتایا کہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کے 9 ادوار پہلے بھی ہوچکے ہیں اور آج کا دور انتہائی اہم تھا۔ حکومت نے عالمی صورتحال کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی ترسیل میں مسائل کو تسلیم کیا ہے۔

لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ مذاکرات میں طے پایا ہے کہ عوام کے لیے جاری ریلیف میں وسعت لائی جائے۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ ریلیف برقرار رکھنے کے لیے آئی ایم ایف سے بات کرے۔ جماعت اسلامی نے تجویز دی ہے کہ ایک ہزار سی سی تک کی گاڑیوں اور زرعی شعبے کو بھی ریلیف اسکیم میں شامل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کے مطالبے کو جائز تسلیم کیا ہے، تاہم اس حوالے سے آئندہ لائحہ عمل سے جماعت اسلامی کو آگاہ کرنے کا کہا ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ لیوی فوری ختم کی جائے اور عوام کو ایسا ریلیف دیا جائے جو فوری طور پر نظر بھی آئے۔

نائب امیر جماعت اسلامی نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی عیاشیاں چھوڑنے کو تیار نہیں، جب کہ ایف بی آر کی ناکامیوں کا بوجھ بھی عوام پر پڑ رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کے احتجاج کے نتیجے میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو بریک لگی اور ڈیزل پر 146 روپے جب کہ پیٹرول پر 120 روپے کا ریلیف ملا۔

لیاقت بلوچ کے مطابق مذاکرات کے ذریعے جماعت اسلامی نے اپنا مؤقف حکومت کے سامنے رکھ دیا ہے اور اب معاملہ حتمی اقدامات کے مرحلے میں داخل ہوچکا ہے۔ آج کے مذاکرات میں معاہدے کی ایک آؤٹ لائن طے کی گئی ہے، جس پر حکومت آئندہ جماعت اسلامی کو آگاہ کرے گی۔

انہوں نے بتایا کہ اگلے بدھ یا جمعرات کو دونوں فریقین کی دوبارہ میٹنگ ہوگی، جبکہ معاہدے کے حتمی فیصلے کے لیے وزیراعظم اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کے درمیان ایک اور ملاقات بھی متوقع ہے۔

لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے آئندہ لائحہ عمل سامنے آنے کے بعد جماعت اسلامی فیصلہ کرے گی کہ لانگ مارچ شروع کرنا ہے یا نہیں۔ جس دن محسوس ہوا کہ مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں، اسی دن مذاکرات سے باہر آجائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت جماعت اسلامی کو کریڈٹ دے یا نہ دے، اصل مقصد عوام کو ریلیف دلانا ہے۔