پولیس ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کارکنان کو 30 روز کے لیے اڈیالہ جیل میں نظر بند کیا گیا ہے۔ کارکنان کی نظربندی کے احکامات ڈسٹرکٹ انٹیلیجنس کمیٹی کی سفارش پر جاری کیے گئے، جبکہ نظربندی کے احکامات 3 ایم پی او کے تحت جاری کیے گئے ہیں۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ راولپنڈی ڈویژن سے مجموعی طور پر 106 پی ٹی آئی کارکنان کو نظر بند کیا گیا، جن میں راولپنڈی سے 31، اٹک سے 35، چکوال سے 23، جہلم سے 13 اور واہ کینٹ سے 4 پی ٹی آئی کارکنان شامل ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب مارچ کا اعلان کر رکھا ہے۔ اس حوالے سے گزشتہ روز وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شفیع جان کا کہنا تھا کہ وہ پرامن طریقے سے خیبرپختونخوا سے اسلام آباد کی طرف بڑھیں گے۔

شفیع جان کے مطابق دیگر شہروں کے لوگ اسلام آباد نہیں آئیں گے بلکہ اپنے شہر بند کریں گے، جبکہ خیبرپختونخوا کے ساتھ منسلک شہروں کے لوگ اسلام آباد آئیں گے۔