پولیس ذرائع کے مطابق حماد اظہر کو لاہور کے علاقے آر اے بازار کے قریب سے حراست میں لیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حماد اظہر ملتان جارہے تھے جہاں چیکنگ کے دوران پولیس نے ان سے دستاویزات طلب کیں، تاہم وہ وہاں سے روانہ ہوکر واپس لاہور آگئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق حماد اظہر لاہور میں اپنے ایک دوست کے گھر موجود تھے جہاں سے انہیں حراست میں لیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حماد اظہر 9 مئی کے جی او آر گیٹ حملہ کیس میں مطلوب تھے۔ انسداد دہشتگردی عدالت انہیں اشتہاری قرار دے چکی ہے، جبکہ عدالت نے ان کے دائمی وارنٹ گرفتاری بھی جاری کر رکھے ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق حماد اظہر کو مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا گیا ہے۔

حماد اظہر نے اپنے خلاف درج مقدمات میں لاہور اور پشاور ہائیکورٹس سے حفاظتی ضمانت کے لیے بھی رجوع کر رکھا ہے۔

مقدمات کے اندراج کے بعد حماد اظہر نے پارٹی عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا، تاہم پی ٹی آئی نے اس سے قبل انہیں پنجاب کی صدارت کی ذمہ داری سونپ رکھی تھی۔