وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کو پاکستان میں اپنی سفارتی ذمہ داریاں کامیابی سے مکمل کرنے پر مبارکباد پیش کی اور دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ کے لیے ان کی خدمات کو سراہا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات محض سفارتی روابط تک محدود نہیں بلکہ دونوں ممالک تاریخی، مذہبی، ثقافتی اور برادرانہ رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی سفیر نے اپنے دورِ سفارت کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

شہباز شریف نے پاک سعودی تعلقات کے مزید فروغ کے لیے نواف بن سعید المالکی کی کوششوں کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو نئی جہتیں دینے کے لیے سفارتی سطح پر مسلسل رابطے اور مشترکہ کاوشیں انتہائی اہم ہیں۔

وزیراعظم نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور سعودی ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور ان کی صحت، سلامتی اور درازیٔ عمر کے لیے دعا کی۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کے لیے سعودی عرب کی مسلسل حمایت اور تعاون پر بھی اظہارِ تشکر کیا، سعودی عرب نے مشکل اور اہم مواقع پر پاکستان کا ساتھ دیا ہے اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان محبت اور باہمی احترام کا رشتہ وقت گزرنے کے ساتھ مزید مضبوط ہوا ہے۔

وزیراعظم نے خطے میں امن، استحکام اور ترقی کے فروغ کے لیے سعودی عرب کے کردار کو بھی سراہا، مشرق وسطیٰ سمیت خطے میں پائیدار امن کے قیام اور معاشی ترقی کے لیے سعودی عرب ایک اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

ملاقات کے دوران سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے بھی وزیراعظم شہباز شریف اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔پاکستان میں اپنی سفارتی ذمہ داریوں کے دوران انہیں حکومت، عوام اور مختلف اداروں کی جانب سے بھرپور تعاون، گرمجوشی اور محبت حاصل ہوئی۔

سعودی سفیر نے پاکستان میں اپنے قیام کو خوشگوار اور یادگار تجربہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام کی جانب سے ملنے والی محبت اور میزبانی کو وہ ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں بھی پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

نواف بن سعید المالکی نے دونوں ممالک کے درمیان موجود مضبوط روابط کو مزید آگے بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات باہمی اعتماد، احترام اور مشترکہ مفادات کی بنیاد پر قائم ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی سفیر کے لیے ان کی آئندہ ذمہ داریوں میں کامیابی، نیک نامی اور بہترین مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ملاقات کے اختتام پر وزیراعظم نے نواف بن سعید المالکی کی پاکستان میں سفارتی خدمات کو ایک مرتبہ پھر سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ پاک سعودی برادرانہ تعلقات آئندہ بھی اسی جذبے اور باہمی اعتماد کے ساتھ مزید مستحکم ہوتے رہیں گے۔