آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت اور تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے دہشتگردوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ کارروائی تقریباً 36 گھنٹے جاری رہی، جس کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کے 15 دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔

بیان کے مطابق ہلاک دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کے بعد علاقے میں کلیئرنس آپریشن کیا گیا، جس کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ برآمد ہونے والا اسلحہ اور گولہ بارود دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کی ملک میں امن و استحکام کو متاثر کرنے کی کوششوں کا ثبوت ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاک افغان سرحد پر ہونے والا واقعہ ایک بار پھر اس مؤقف کی تائید کرتا ہے کہ افغان طالبان حکومت اپنی سرزمین کو پاکستان کے خلاف سرحد پار دہشتگردی کے لیے استعمال ہونے سے روکنے میں ناکام رہی ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ افغان طالبان حکومت مؤثر سرحدی انتظام یقینی بنانے اور اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں پوری کرنے میں بھی مسلسل ناکام رہی ہے۔

سیکیورٹی فورسز نے ملک کی سرحدوں کے دفاع کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ علاقے میں مزید دہشتگردوں کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق وفاقی ایپکس کمیٹی برائے قومی ایکشن پلان کی منظوری سے ’عزمِ استحکام‘ کے وژن کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشتگردی کے خلاف کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔