پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بلوچستان کے اضلاع مستونگ، کوئٹہ، قلات اور سبی میں فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے خلاف انٹیلی جنس کی بنیاد پر متعدد کارروائیاں کی گئیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کوئٹہ کے علاقے شعبان میں فتنہ الخوارج کے 4 ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا، جہاں 26 خوارجی ہلاک کیے گئے۔

مستونگ میں کیے گئے آپریشن کے دوران انڈین اسپانسرڈ 6 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا، جب کہ دہشت گردوں کے قبضے سے برآمد ہونے والا گولہ بارود اور دیسی ساختہ بم موقع پر ہی تباہ کردیے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق قلات میں دہشت گردوں کے ٹھکانے پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران انڈین اسپانسرڈ 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جب کہ سبی کے علاقے بھاگ میں بھی انڈین اسپانسرڈ 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ 48 سے 72 گھنٹوں کے دوران بلوچستان بھر میں انڈین پراکسی، فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے مجموعی طور پر 48 دہشت گردوں کو بے اثر کردیا گیا ہے۔

بیان کے مطابق علاقے میں موجود دیگر انڈین اسپانسرڈ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز جاری ہیں۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے وژن ’اعظمیٰ استحکام‘ کے تحت انسدادِ دہشت گردی کی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی، جس کا مقصد ملک سے غیر ملکی اسپانسرڈ اور معاونت یافتہ دہشت گردی کے خطرے کا مکمل خاتمہ ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے قلات میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بہادری کو سراہا۔

وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کی عفریت کے ملک سے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھیں گے۔ وطنِ عزیز کی حفاظت کے غیر متزلزل عزم میں مجھ سمیت پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ بلوچستان کے امن کو تباہ کرنے کے مذموم عزائم میں دہشت گردوں کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے بھی قلات میں 12 دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

صدرِ مملکت نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں قابلِ تحسین ہیں۔ دہشت گردی کے ناسور کو ہر قیمت پر شکست دی جائے گی۔ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ ہے۔