آئی سی سی کے مطابق راولپنڈی میں پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلے گئے سہ ملکی ون ڈے سیریز کے افتتاحی میچ میں مقررہ وقت میں اوورز مکمل نہ کرنے پر دونوں ٹیموں کے خلاف کارروائی کی گئی۔

آئی سی سی نے سلو اوور ریٹ پر پاکستان کرکٹ ٹیم پر میچ فیس کا 10 فیصد جبکہ سری لنکن ٹیم پر میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ عائد کیا ہے۔ آئی سی سی میچ ریفری جیف کرو نے مقررہ وقت میں اوورز مکمل نہ کرنے پر دونوں ٹیموں پر جرمانے عائد کیے۔

آئی سی سی کے مطابق وقت کی رعایت کو مدنظر رکھنے کے بعد پاکستان نے مقررہ وقت میں 2 اوورز کم کرائے جبکہ سری لنکا کی ٹیم ایک اوور پیچھے رہی۔

آئی سی سی پلیئرز اینڈ پلیئر سپورٹ پرسنل ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.22 کے تحت سلو اوور ریٹ کی خلاف ورزی پر ٹیم کے ہر اضافی نامکمل اوور کے بدلے کھلاڑیوں پر ان کی میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ عائد کیا جاتا ہے۔

پاکستان کے کپتان شاہین شاہ آفریدی اور سری لنکا کے کپتان کوشل مینڈس نے سلو اوور ریٹ کی خلاف ورزی کا اعتراف کرتے ہوئے مجوزہ سزائیں قبول کرلیں، جس کے باعث اس معاملے پر باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔

واضح رہے کہ سلو اوور ریٹ کے الزامات آن فیلڈ امپائرز آصف یعقوب اور وین نائٹس، تھرڈ امپائر شرف الدولہ ابن شاہد اور فورتھ امپائر فیصل آفریدی کی جانب سے عائد کیے گئے تھے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سہ ملکی ون ڈے سیریز کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 37 رنز سے شکست دی تھی۔

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 49.5 اوورز میں 305 رنز بنائے تھے، جس کے جواب میں سری لنکن ٹیم 48.1 اوورز میں 268 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی۔

پاکستان کی جانب سے سلمان علی آغا نے شاندار سنچری اسکور کی تھی جبکہ قومی ٹیم نے کامیابی کے ساتھ سہ ملکی ون ڈے سیریز کا آغاز کیا۔