عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق جینسن ہوانگ نے مبینہ طور پر ملازمین کے ساتھ ازدواجی تعلقات سے باہر تعلقات، جن میں ایک مشتبہ چینی جاسوس سے مبینہ تعلق بھی شامل ہے، کے انکشافات کے بعد جمعرات کو عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔
’اسٹینڈ ود جینسن‘ کے نام سے شروع کی گئی مہم کے دستخط کنندگان میں اسپیس ایکس اور ٹیسلا کے سربراہ ایلون مسک، ریپلٹ کے سی ای او امجد مسعود اور ایپک گیمز کے سی ای او ٹم سوینی بھی شامل ہیں۔
مہم کی ویب سائٹ کے مطابق 8 ہزار 400 سے زائد افراد نے خود کو این ویڈیا کا موجودہ ملازم جب کہ تقریباً 90 ہزار افراد نے کمپنی کے حصص یافتگان ظاہر کیا ہے۔ تاہم ویب سائٹ نے واضح کیا کہ دستخط کنندگان کی پیشہ ورانہ وابستگیوں کی آزادانہ تصدیق نہیں کی گئی۔
مہم کے تحت جاری کھلے خط میں کہا گیا ہے کہ موجودہ اور سابق ملازمین، شراکت دار، حصص یافتگان اور حامی جینسن ہوانگ کے شکر گزار ہیں اور بورڈ آف ڈائریکٹرز سے مطالبہ کرتے ہیں کہ آزادانہ تحقیقات مکمل ہونے اور حقائق سامنے آنے تک انہیں دوبارہ سی ای او مقرر کیا جائے۔
دوسری جانب بعض بڑے سرمایہ کاروں نے بھی این ویڈیا کے بورڈ پر زور دیا ہے کہ وہ جینسن ہوانگ کے متبادل کی تقرری میں جلد بازی نہ کرے۔ ایٹریڈیز مینجمنٹ کے گیون بیکر اور آلٹی میٹر کیپیٹل مینجمنٹ کے سی ای او بریڈ گیرسٹنر نے ایک کھلے خط میں کہا کہ تمام حقائق سامنے آنے تک بورڈ کو انتظار کرنا چاہیے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی جینسن ہوانگ کی ممکنہ واپسی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ انہیں ان کی دوبارہ بطور سی ای او تقرری پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں جینسن ہوانگ نے اس واقعے سے ایک بڑا سبق سیکھا ہے۔
ٹرمپ کے بیان کے بعد این ویڈیا کے حصص میں ابتدائی گراوٹ کسی حد تک کم ہوئی، تاہم اسٹاک مارکیٹ میں کمپنی کے شیئرز ایک فیصد سے زیادہ نیچے رہے۔
جینسن ہوانگ کی رخصتی نے مصنوعی ذہانت کے شعبے کی اہم ترین کمپنیوں میں شامل این ویڈیا کو بحران سے دوچار کر دیا ہے۔ ماضی میں بھی بڑی کمپنیوں کے بورڈز ملازمین کے ساتھ تعلقات سے متعلق پالیسیوں کی خلاف ورزی پر اپنے سربراہان کو عہدوں سے ہٹا چکے ہیں۔
میکڈونلڈز نے 2019 میں اسٹیو ایسٹربروک کو ملازمہ کے ساتھ رضامندی سے تعلق کے باعث کمپنی پالیسی کی خلاف ورزی پر برطرف کیا تھا، جب کہ انٹیل کے سی ای او برائن کرزانیچ نے بھی 2018 میں اسی نوعیت کی پالیسی کی خلاف ورزی کے بعد استعفیٰ دیا تھا۔
خیال رہے کہ این ویڈیا کا معاملہ اس لیے بھی اہمیت اختیار کر گیا ہے کہ جینسن ہوانگ کو ملازمین اور سرمایہ کاروں کی نمایاں حمایت حاصل ہے۔ نومبر 2023 میں اوپن اے آئی کے بورڈ کی جانب سے سیم آلٹمین کو عہدے سے ہٹائے جانے کے بعد ملازمین اور سرمایہ کاروں کی مخالفت پر انہیں چند روز میں دوبارہ سی ای او مقرر کر دیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: جینسن ہوانگ کے بعد اینویڈیا کی باگ ڈور سنبھالنے والی کولیٹ کریس آخر کون ہیں؟
ادھر امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے این ویڈیا پر زور دیا ہے کہ وہ نئے سی ای او کے لیے کمپنی سے باہر کسی شخص کا انتخاب کرے۔ ہوانگ کی رخصتی کے بعد کمپنی کو بڑی تبدیلیوں کی ضرورت ہے۔
رائٹرز کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مالیاتی گوشواروں کے جائزے سے متعلق واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اگست کے اختتام تک ان کے پاس این ویڈیا کے 1 کروڑ 30 لاکھ سے 6 کروڑ 20 لاکھ ڈالر مالیت کے حصص ہو سکتے تھے۔
دوسری جانب وال اسٹریٹ جرنل کے مطابق ٹرمپ انتظامیہ این ویڈیا سمیت مصنوعی ذہانت کے شعبے کی دو درجن سے زائد کمپنیوں کو ’قومی چیمپئنز‘ قرار دینے کا منصوبہ بھی رکھتی ہے۔
این ویڈیا منگل کو امریکی مارکیٹ بند ہونے کے بعد رواں مالی سال کی تیسری سہ ماہی کے مالی نتائج جاری کرے گی۔







