میٹا نے انسٹاگرام سے منسلک ایڈٹس ایپ میں ایک نیا مصنوعی ذہانت پر مبنی اسسٹنٹ متعارف کرایا ہے، جو صارفین کو ریلز ویڈیوز کی کارکردگی اور رسائی بہتر بنانے کے لیے مختلف تجاویز فراہم کرے گا۔

ایڈٹ اسسٹنٹ نامی یہ نیا اے آئی ٹول ایڈٹس ایپ میں صارفین کو دستیاب ہوگا، جو ناظرین، ویڈیو میٹرکس اور انسٹاگرام کے موجودہ ٹرینڈز کا تجزیہ کرکے مواد کو بہتر بنانے کے لیے آئیڈیاز دے سکے گا۔

صارفین ایڈٹس ایپ میں نیچے دائیں جانب موجود ’نیو چیٹ‘ بٹن پر کلک کرکے اس اے آئی اسسٹنٹ سے بات چیت کرسکیں گے۔

صارف اس سے یہ بھی پوچھ سکیں گے کہ آخر ایک ریل ویڈیو بہتر کارکردگی کیوں دکھا رہی ہے جبکہ دوسری ویڈیو کو مطلوبہ رسائی کیوں نہیں مل رہی۔

اسی طرح اے آئی اسسٹنٹ کو اپنی انسٹاگرام پروفائل کا تجزیہ کرنے کی ہدایت بھی دی جاسکے گی، جس کے بعد یہ ان پہلوؤں کی نشاندہی کرے گا جن میں بہتری کی ضرورت ہو۔

یہ اے آئی ٹول صرف ویڈیو کی کارکردگی کے تجزیے تک محدود نہیں ہوگا بلکہ صارفین کو ویڈیوز کے لیے کیپشنز، اسکرپٹس اور آڈیو سمیت دیگر مواد کے حوالے سے بھی تجاویز فراہم کرسکے گا۔

میٹا کے مطابق انسٹاگرام اس اے آئی ٹول کی کچھ عرصے سے محدود صارفین کے درمیان آزمائش کر رہا تھا، تاہم اب اسسٹنٹ کو متعارف کرانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔

یہ اے آئی اسسٹنٹ بہت جلد تمام صارفین کے لیے دستیاب ہوگا، تاہم میٹا کی سروسز مفت استعمال کرنے والے صارفین کے لیے اے آئی اسسٹنٹ کو دی جانے والی تحریری ہدایات کی تعداد پر ایک حد مقرر ہوگی۔

یوں انسٹاگرام ریلز بنانے والے صارفین اس نئے اے آئی اسسٹنٹ کی مدد سے اپنی ویڈیوز کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ مواد، کیپشن، اسکرپٹ اور دیگر پہلوؤں کو بہتر بنانے کے لیے تجاویز بھی حاصل کرسکیں گے۔