سعودی عرب کے شہر الخبر میں انٹرنیشنل اسپورٹس اکیڈمی کی جانب سے منعقدہ تقریب کے موقع پر شاہد آفریدی، فاسٹ بولر سہیل خان اور قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ندا ڈار نے شرکت کی۔ اکیڈمی کی چیف ایگزیکٹو آفیسر مریم عمر نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ اس موقع پر پاکستانی صحافیوں اور کمیونٹی کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے سعودی عرب میں کرکٹ کے بڑھتے ہوئے رجحان اور پاکستانی کھلاڑیوں کے کردار پر اظہار خیال کیا۔
شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں مقیم لاکھوں پاکستانی نہ صرف اپنے ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں بلکہ مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کے ذریعے مثبت کردار بھی ادا کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق سعودی عرب میں مقیم ہزاروں پاکستانی کرکٹرز بھی اس کھیل کے فروغ کے لیے محنت کر رہے ہیں، جو قابلِ ستائش ہے۔
سابق کپتان نے کہا کہ سعودی عرب میں کرکٹ کی ترقی کے لیے بنیادی سہولیات کی فراہمی انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ اور سعودی کرکٹ فیڈریشن کے تعاون سے بین الاقوامی معیار کے کرکٹ اسٹیڈیم کی تعمیر ایک مثبت پیش رفت ہے، جس سے مملکت میں اعلیٰ سطح کے مقابلوں کے انعقاد کی راہ ہموار ہوگی اور کرکٹ شائقین کو معیاری کھیل دیکھنے کے مزید مواقع میسر آئیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں کرکٹ کا مستقبل روشن دکھائی دیتا ہے اور مناسب تربیت، سہولیات اور مواقع فراہم کیے جائیں تو مقامی کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کرسکتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سعودی کرکٹ ٹیم مستقبل میں آئی سی سی کے مقابلوں میں بھی اپنی موجودگی اور کارکردگی سے نمایاں مقام حاصل کرے گی۔
شاہد آفریدی نے الخبر میں انٹرنیشنل اسپورٹس اکیڈمی کے قیام کو بھی اہم قدم قرار دیا۔ ان کے مطابق بچوں کو کم عمری سے ہی کرکٹ کی تربیت دینا، ان کی جسمانی فٹنس بہتر بنانا اور کھیل کی بنیادی مہارتیں سکھانا مستقبل کے باصلاحیت کھلاڑی تیار کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔ اسکول کی سطح سے تربیتی مواقع فراہم ہونے سے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتیں نکھارنے کے لیے ایک منظم پلیٹ فارم میسر آئے گا۔
اس موقع پر انٹرنیشنل اسپورٹس اکیڈمی کی سی ای او مریم عمر نے کہا کہ اکیڈمی کا بنیادی مقصد اسکول اور کالج کے بچوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق کرکٹ سیکھنے اور کھیلنے کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اکیڈمی نوجوانوں کی فنی تربیت، جسمانی فٹنس اور کھیل کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے پر توجہ دے گی، تاکہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی بچے اور نوجوان بھی کرکٹ کے میدان میں اپنی شناخت بنا سکیں۔
مریم عمر کے مطابق پاکستانی نوجوان مختلف شعبوں میں اپنی قابلیت منوا رہے ہیں اور کھیلوں کے میدان میں بھی انہیں مناسب مواقع فراہم کرنا ضروری ہے، اکیڈمی ایسے کھلاڑی تیار کرنے کی کوشش کرے گی جو مستقبل میں سعودی عرب اور پاکستان کا نام روشن کرسکیں۔
تقریب سے قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ندا ڈار، فاسٹ بولر سہیل خان، عمر لودھی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے سعودی قیادت اور سعودی کرکٹ فیڈریشن کی جانب سے کرکٹ کے فروغ کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کے بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور نوجوانوں کی تربیت سعودی عرب میں کرکٹ کے مستقبل کے لیے اہم ثابت ہوسکتی ہے۔
تقریب میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ کرکٹ اکیڈمیوں، تربیتی پروگراموں اور جدید کھیلوں کی سہولیات کے ذریعے نوجوان نسل کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کیے جا سکتے ہیں، جبکہ پاکستانی کمیونٹی کی شمولیت بھی سعودی عرب میں اس کھیل کو مزید مقبول بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔







