تفصیلات کے مطابق کوروجی اسپورٹس پارک میں شیڈول پہلے کوارٹر فائنل کا ٹاس بھی نہیں ہوسکا اور مسلسل بارش کے باعث میچ منسوخ کر دیا گیا۔ گراؤنڈ کا بڑا حصہ کور کے نیچے ہونے کے باعث حکام نے فیصلہ کیا کہ میچ کے انعقاد کا کوئی حقیقی امکان نہیں، یہاں تک کہ اگر کھیل کا دورانیہ یا فارمیٹ بہت مختصر ہی کیوں نہ کر دیا جاتا۔
یاد رہے کہ پاکستان ان چار ’سیڈڈ‘ یعنی اعلیٰ درجہ بندی والی ٹیموں میں شامل تھا، جن میں انڈیا، سری لنکا اور بنگلہ دیش بھی شامل ہیں اور ان ٹیموں کو براہِ راست آخری آٹھ ٹیموں کے مرحلے میں داخلہ ملا تھا۔
ٹورنامنٹ کے ضوابط کے تحت میچ کا نتیجہ نہ نکلنے کی صورت میں بہتر رینکنگ والی ٹیم کو اگلے مرحلے میں رسائی دی جاتی ہے اور اسی اصول کے تحت پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔
نمایاں طور پر کم رینکنگ کی حامل ٹیم ہانگ کانگ میدان میں اترے بغیر ہی مقابلے سے باہر ہوگئی۔
ہانگ کانگ نے گروپ بی میں دوسری پوزیشن حاصل کرکے کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔ ہانگ کانگ نے ملائیشیا کو 8 وکٹوں سے شکست دی تھی، جب کہ عمان کے ہاتھوں اسے 41 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
پاکستان کی ٹیم کراچی میں تربیتی کیمپ اور نیشین میں پریکٹس سیشن کے بعد جاپان پہنچی تھی، جہاں پریکٹس سیشن بھی رات بھر ہونے والی بارش اور گیلے آؤٹ فیلڈ کے باعث متاثر ہوا تھا۔
صاحبزادہ فرحان کی قیادت اور مائیک ہیسن کی کوچنگ میں کھیلنے والی پاکستانی ٹیم سیمی فائنل میں بنگلہ دیش اور ملائیشیا کے درمیان منگل کو ہونے والے کوارٹر فائنل کی فاتح ٹیم کا مقابلہ کرے گی۔ سیمی فائنل جمعرات کو اسی مقام پر کھیلا جائے گا۔
یہ پاکستان اور ہانگ کانگ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی کا تیسرا مقابلہ ہوتا۔ اس سے قبل 2022 کے ایشیا کپ اور 2023 کے ایشین گیمز میں دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والے مقابلوں میں پاکستان نے کامیابی حاصل کی تھی۔
پاکستان نے 2010 کے ایشین گیمز میں مردوں کے کرکٹ ایونٹ میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔
دوسری جانب انڈیا اور افغانستان کے درمیان دوسرا کوارٹر فائنل بھی بارش کی نذر ہوگیا اور بغیر کسی گیند کے کھیلے منسوخ کر دیا گیا۔
بہتر رینکنگ کی حامل ٹیم ہونے کے ناتے انڈیا سیمی فائنل میں پہنچ گیا، جہاں اس کا مقابلہ سری لنکا اور نیپال کے درمیان ہونے والے کوارٹر فائنل کی فاتح ٹیم سے ہوگا۔
ایشین گیمز کرکٹ کے سیمی فائنلز یکم اکتوبر کو کھیلے جائیں گے، جب کہ کانسی کے تمغے کا میچ اور فائنل 3 اکتوبر کو شیڈول ہیں۔







