تفصیلات کے مطابق 37 سالہ ویرات کوہلی پہلے ہی ٹی20 انٹرنیشنل اور ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہوچکے ہیں اور اب وہ صرف 50 اوورز کی فارمیٹ میں انڈیا کی نمائندگی کر رہے ہیں۔

آئی سی سی کے مطابق کوہلی ون ڈے کرکٹ میں 54 سنچریوں کے ساتھ سب سے زیادہ سنچریاں بنانے والے بلے باز ہیں، جب کہ 14,797 رنز کے ساتھ وہ ون ڈے میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں سچن ٹنڈولکر کے بعد دوسرے نمبر پر ہیں۔

کوہلی نے 2011 میں اپنی سرزمین پر انڈیا کے ساتھ ورلڈ کپ جیتا تھا جبکہ 2023 کے ورلڈ کپ کے فائنل میں انڈیا کو آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

2027 کا آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ اکتوبر اور نومبر میں جنوبی افریقہ، زمبابوے اور نمیبیا کی مشترکہ میزبانی میں کھیلا جائے گا اور یہ کوہلی کا پانچواں ون ڈے ورلڈ کپ ہوگا۔

کوہلی نے ہفتے کو براڈکاسٹر جیو اسٹار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے لیے یہ انڈیا کی جانب سے کھیلا جانے والا آخری ورلڈ کپ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ وہ اپنی پوری صلاحیت بروئے کار لائیں۔ ان کے مطابق مقصد یقیناً ورلڈ کپ جیتنا ہے اور اس کے لیے جو کچھ بھی کرنا پڑا، وہ اس کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

کوہلی نے اس سے قبل بھی 2027 کے ورلڈ کپ میں شرکت کے حوالے سے اپنی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ مئی 2026 میں آئی سی سی نے رپورٹ کیا تھا کہ کوہلی 2027 ورلڈ کپ کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہیں اور ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ کھیل رہے ہیں تو ان کی خواہش کرکٹ جاری رکھنے اور انڈیا کے لیے ورلڈ کپ کھیلنے کی ہے۔

کوہلی نے 2024 کے ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل میں انڈیا کو جنوبی افریقہ کے خلاف کامیابی دلانے کے بعد ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا، جب کہ 2025 میں ٹیسٹ کرکٹ کو بھی خیرباد کہہ دیا تھا۔

اب ان کی توجہ ون ڈے کرکٹ پر ہے اور 2027 کا ورلڈ کپ ان کے بین الاقوامی کیریئر کے ایک اہم آخری مرحلے کے طور پر سامنے آرہا ہے۔