ذرائع کے مطابق صاحبزادہ فرحان کو سلمان علی آغا کی جگہ قومی ٹی 20 ٹیم کی قیادت سونپی جاسکتی ہے۔ پی سی بی 2028 کے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے قومی ٹی 20 ٹیم کے لیے طویل المدتی منصوبہ بندی کررہا ہے، جس کے تحت ایسے کھلاڑیوں کا وسیع پول تیار کیا جائے گا جو مستقبل میں قومی ٹیم کا بنیادی حصہ بن سکیں۔

صاحبزادہ فرحان کو پہلے ہی جاپان میں جاری ایشین گیمز کے مینز کرکٹ مقابلوں کے لیے پاکستان کی ٹی 20 ٹیم کی قیادت سونپی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق انہیں 9، 11 اور 13 اکتوبر کو راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں سری لنکا کے خلاف شیڈول تین ٹی 20 میچز پر مشتمل ہوم سیریز میں بھی کپتان برقرار رکھنے کا امکان ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مائیک ہیسن مختصر فارمیٹ میں صاحبزادہ فرحان کو کپتان برقرار رکھنے کے حق میں ہیں، تاہم مستقل تقرری کا حتمی فیصلہ ایشین گیمز میں ان کی بیٹنگ اور قیادت کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد کیا جائے گا۔

پاکستان کی ایشین گیمز ٹی 20 مہم کا آغاز 28 ستمبر کو کوارٹر فائنل سے ہوگا، جہاں صاحبزادہ فرحان کو نئی ذمہ داری میں اپنی صلاحیتیں ثابت کرنے کا موقع ملے گا۔

دوسری جانب سلمان علی آغا کی حالیہ بین الاقوامی میچز میں کارکردگی پر بھی سوالات اٹھے ہیں، جس کے باعث ٹی 20 کپتانی کے معاملے پر نظرثانی کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔