پرتگال میں پاکستانی سفارتخانے کے مطابق شراکت داری کے تحت ایف سی پورٹو پاکستان کے نوجوان فٹبالرز کے لیے جامع تربیتی پروگرام منعقد کرے گا، جب کہ مقامی کوچز اور مینیجرز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔

سفارتخانے کا کہنا ہے کہ یہ تعاون پاکستان کے باصلاحیت نوجوان کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی تربیت حاصل کرنے اور ایک معروف یورپی فٹبال کلب کے تجربات سے سیکھنے کا منفرد موقع فراہم کرے گا۔

ایف سی پورٹو کی ڈریگن فورس اکیڈمیز کے ڈائریکٹر ریکارڈو فرے راموس نے کہا کہ شراکت داری کے ذریعے پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ کلب کے فٹبال ڈیولپمنٹ کے طریقہ کار، اقدار اور تجربات شیئر کرنے کا بہترین موقع ملے گا۔

سیالکوٹ فٹبال اکیڈمی کے صدر اور فارورڈ اسپورٹس کے جنرل منیجر حسن مسعود خواجہ نے معاہدے کو اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس تعاون سے پاکستان میں نوجوان فٹبال ٹیلنٹ کے لیے ایک نئے باب کا آغاز ہوگا۔

سیالکوٹ فٹبال اکیڈمی سیالکوٹ کی کمپنی فارورڈ اسپورٹس کا فلیگ شپ منصوبہ ہے، جو فیفا ورلڈ کپ کے لیے آفیشل فٹبالز تیار کرتی رہی ہے۔

سیالکوٹ میں قائم ہونے والی ڈریگن فورس اکیڈمی ایف سی پورٹو کی 11ویں بین الاقوامی اکیڈمی ہوگی۔ کلب اس سے قبل میکسیکو، برازیل، کولمبیا، ترکیہ، موزمبیق، بھارت، کیپ وردے اور قبرص سمیت مختلف ممالک میں ڈریگن فورس اکیڈمیز قائم کرچکا ہے۔

ایف سی پورٹو کا ہدف 2030 تک دنیا بھر میں 40 ہزار نوجوان کھلاڑیوں تک اپنے فٹبال ڈیولپمنٹ پروگرام کی رسائی بڑھانا ہے۔