لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے سہ ملکی ون ڈے سیریز کے آخری لیگ میچ میں سری لنکن کپتان کوشل مینڈس نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، جس کے بعد انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بڑا مجموعہ ترتیب دیا۔

انگلینڈ کی جانب سے اوپنرز بین ڈکٹ اور ٹام بینٹن نے اننگز کا شاندار آغاز کیا اور پہلی وکٹ کے لیے 163 رنز کی شراکت قائم کی۔ ٹام بینٹن 74 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، تاہم بین ڈکٹ نے اپنی جارحانہ بیٹنگ جاری رکھی۔

گزشتہ میچ میں سری لنکا کے خلاف ڈبل سنچری بنانے والے انگلش کپتان ہیری بروک ون ڈے کیریئر میں پہلی مرتبہ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئے۔ انہوں نے بین ڈکٹ کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کے لیے 107 رنز جوڑے اور ٹیم کا اسکور 270 رنز تک پہنچا دیا۔ تاہم ہیری بروک بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور 44 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

انگلینڈ کو 301 رنز کے مجموعی اسکور پر تیسرا نقصان اٹھانا پڑا جب بین ڈکٹ 167 رنز کی کیریئر بیسٹ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے اپنی اننگز میں 24 چوکے لگائے، تاہم حیران کن طور پر ان کی اننگز میں ایک بھی چھکا شامل نہیں تھا۔

اس کے علاوہ ول جیکس نے 30 اور جارڈن کاکس نے 43 رنز بنائے، جب کہ سیم کرن 21 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

اس طرح انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 386 رنز بنائے اور سری لنکا کو جیت کے لیے 387 رنز کا ہدف دے دیا۔

یہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کسی ون ڈے میچ میں بنایا جانے والا سب سے بڑا اسکور ہے۔ اس سے قبل پاکستان نے 2025 میں زمبابوے کے خلاف 375 رنز بنائے تھے۔

سری لنکا کی جانب سے اسیتھا فرنانڈو نے 2 وکٹیں حاصل کیں، جب کہ ایشان ملنگا، داسن شاناکا اور دلشان مدھوشنکا نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

سہ ملکی ون ڈے سیریز کا چھٹا میچ انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جا رہا ہے، جو فائنل سے قبل سیریز کا آخری لیگ میچ ہے۔ سری لنکن کپتان کوشل مینڈس نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

میچ کے لیے سری لنکن ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، جب کہ انگلینڈ نے جیمی اوورٹن کی جگہ سونی بیکر کو ٹیم میں شامل کیا۔

انگلینڈ کو سیریز میں پہلی فتح کی تلاش ہے، تاہم اس میچ کے نتیجے سے فائنل میں رسائی پانے والی ٹیموں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، کیونکہ پاکستان اور سری لنکا پہلے ہی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں۔ پاکستان نے سیریز میں 3، جب کہ سری لنکا نے 2 فتوحات حاصل کی ہیں۔ انگلینڈ اب تک سیریز میں کوئی میچ نہیں جیت سکا۔

اس سے قبل سری لنکا نے اسی سیریز میں انگلینڈ کے خلاف 430 رنز کا ہدف کامیابی سے حاصل کیا تھا، جو ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں کامیابی سے حاصل کیا جانے والا دوسرا بڑا ہدف ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان سہ ملکی ون ڈے سیریز کا فائنل 31 اکتوبر، بروز ہفتہ، قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا، جہاں دونوں ٹیمیں ٹرافی کے حصول کے لیے مدمقابل ہوں گی۔