لائیو

افغانستان میں دہشتگرد گروہوں کی موجودگی سے رکن ممالک کو دہشت گردی کے خطرات کا سامنا ہے: سربراہ سلامتی کونسل

افغانستان میں دہشتگرد گروہوں کی موجودگی سے رکن ممالک کو دہشت گردی کے خطرات کا سامنا ہے: سربراہ سلامتی کونسل7 نومبر، 2026

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی سربراہ سانیتا پاولیوٹا ڈیس لینڈیس نے خبردار کیا ہے کہ افغانستان میں داعش خراسان اور تحریک طالبان پاکستان سمیت دہشت گرد گروہوں کی موجودگی خطے اور رکن ممالک کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ ان کے مطابق ٹی ٹی پی نے افغان سرزمین سے پاکستان میں متعدد جان لیوا حملے کیے جبکہ دہشت گرد گروہوں کو طالبان کی لاجسٹیکل اور آپریشنل معاونت بھی حاصل ہے۔ دوسری جانب اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب سید حیدر شاہ نے بدلتے عالمی خطرات سے نمٹنے کے لیے اقوام متحدہ کے انسدادِ دہشتگردی نظام میں اصلاحات کا مطالبہ کیا ہے۔

چین کے شہر شینزن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، روسی صدر ولادیمیر پوتن اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان تاریخ کی پہلی سہ فریقی سربراہ ملاقات جاری ہے، جس میں عالمی امن، جوہری ہتھیاروں اور یوکرین جنگ سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جا رہا ہے۔

ملاقات کے آغاز پر چینی صدر شی جن پنگ نے مذاکرات کو تاریخی اہمیت کا حامل قرار دیا، جبکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ تینوں ممالک کے درمیان یہ بات چیت واقعی تاریخ رقم کر رہی ہے۔

اس سے قبل ٹرمپ نے شی جن پنگ اور ولادیمیر پوتن کے ساتھ الگ الگ دو طرفہ ملاقاتیں بھی کیں۔ روسی صدر سے ملاقات کے دوران ٹرمپ نے انہیں اپنا دوست قرار دیا اور کہا کہ دونوں کے درمیان بہت اچھے تعلقات ہیں۔

بعد ازاں پوتن کے ایک معاون نے بتایا کہ ٹرمپ اور روسی صدر کی ملاقات مثبت رہی اور پوتن بہترین موڈ میں تھے۔

شی جن پنگ سے ملاقات کے بعد ٹرمپ نے کہا کہ امریکا اور چین دونوں یوکرین جنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا، چین اور روس دنیا کی بڑی جوہری طاقتیں ہیں اور جوہری ہتھیاروں میں کمی کے لیے بات چیت کرنے کی منفرد حیثیت رکھتے ہیں۔

ٹرمپ نے کہا کہ دیگر ممالک میں جوہری ہتھیاروں کے پھیلاؤ کے خطرے سے نمٹنے کے لیے تینوں ممالک کا تعاون انتہائی ضروری ہے۔ ایران کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکا ایران کو جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرنے دے گا۔

یوکرین جنگ کے حوالے سے امریکی صدر نے بتایا کہ وہ اس معاملے پر پوتن کے ساتھ پہلے ہی تفصیلی گفتگو کر چکے ہیں۔ انہیں امید ہے کہ روس سمیت تمام متعلقہ فریق جنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں۔

روسی صدر ولادیمیر پوتن نے کہا کہ روس، چین اور امریکا کے درمیان تعمیری تعاون عالمی استحکام کو مضبوط بنانے میں مدد دے سکتا ہے۔ ان کے مطابق اقوام متحدہ کے بانی ارکان ہونے کے ناطے تینوں ممالک پر بین الاقوامی قانون کے نظام کو مضبوط بنانے کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔

چینی صدر شی جن پنگ نے کہا کہ بڑی طاقتوں کے درمیان مثبت روابط وقت کی ضرورت ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا ایک عالمی گاؤں بن چکی ہے جہاں تمام ممالک کی تقدیر ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہے، اس لیے عالمی طاقتوں پر خصوصی ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔

شی جن پنگ نے امریکا، روس اور چین پر زور دیا کہ وہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے اور امن و استحکام کے فروغ کے لیے تعاون کرکے دنیا کے لیے مثال قائم کریں۔

یہ تینوں ممالک کے سربراہان کی پہلی سہ فریقی ملاقات ہے، جو ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن (ایپیک) اجلاس کے موقع پر منعقد ہو رہی ہے۔ رہنماؤں نے اسے عالمی امور پر مکالمے اور تعاون کے لیے اہم موقع قرار دیا ہے۔

تازہ اپڈیٹس

  1. پاکستان میں انٹرنیٹ بند ہوسکتا ہے، پی ٹی اے نے خبردار کردیا

    پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے کہا ہے کہ بین الاقوامی سب میرین کیبلز کے نظام SEA-ME-WE 5 (SMW5) میں پاکستان کے ساحل سے تقریباً 11 کلومیٹر دور خرابی پیدا ہو گئی ہے، جس کے باعث بعض صارفین کو انٹرنیٹ تک رسائی میں تعطل اور سروس کے معیار میں کمی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

    پی ٹی اے کے مطابق خرابی کی بنیادی وجہ معلوم کرنے اور یہ اندازہ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر بحال ہونے میں کتنا وقت لگے گا۔

    ادارے کا کہنا ہے کہ ممکنہ اثرات کو کم سے کم رکھنے اور سروس کی فراہمی جاری رکھنے کے لیے انٹرنیٹ ٹریفک کو متبادل بین الاقوامی روابط کے ذریعے منتقل کیا جا رہا ہے۔

    پی ٹی اے نے کہا ہے کہ وہ متعلقہ فریقین کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے اور ملک بھر میں انٹرنیٹ سروسز کی جلد از جلد مکمل بحالی کے لیے صورتحال کی نگرانی کر رہا ہے۔

  2. بیجنگ اور ماسکو کے تعلقات پہاڑ کی طرح مضبوط ہیں، چینی میڈیا

    چینی سرکاری خبر رساں ایجنسی شنہوا کے مطابق چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ وہ واشنگٹن کے ساتھ ’تعمیری اور مستحکم تعلقات‘ کے خواہاں ہیں۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ آج بدھ کے روز چین کے شہر شینزن پہنچے ہیں جہاں چینی صدر نے ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا، جبکہ اس موقع پر سرخ قالین بھی بچھایا گیا تھا۔

    اس سفارتی لمحے کو بہت ہی سوچ سمجھ کر ترتیب دیا گیا تھا۔

    ٹرمپ شینزن میں ہونے والے ایشیا پیسفک اکنامک تعاون (ایپیک) اجلاس کے موقع پر چین پہنچے ہیں، جہاں ان کی شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ سہ فریقی ملاقات بھی متوقع ہے۔

    اس سے قبل شی جن پنگ اور ولادیمیر پوتن کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤں نے چین اور روس کے تعلقات کو سراہا۔

    چینی سرکاری میڈیا کے مطابق شی جن پنگ نے کہا کہ بیجنگ اور ماسکو کے تعلقات ’پہاڑ کی طرح مضبوط ہیں اور طوفانوں سے متزلزل نہیں ہوئے۔‘

    انھوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے تعلقات نے عالمی بے یقینی اور کشیدگی کے ماحول میں استحکام فراہم کیا ہے، جبکہ دونوں رہنماؤں نے باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے پر بھی زور دیا۔

  3. ٹرمپ، پوتن اور شی چن پنگ کی ملاقات

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی چین میں روسی صدر ولادیمیر پوتن کے ساتھ ملاقات ہوئی ہے۔

    خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق شینزن میں عشائیے کی تقریب سے قبل سرخ قالین پر تینوں رہنما ایک ہی مقام پر موجود تھے۔ روسی صدارتی دفتر کریملن کے پول رپورٹرز کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اپنے چینی ہم منصب شی جن پنگ اور ان کی اہلیہ کے ساتھ کھڑے ہیں، جب ولادیمیر پوتن وہاں آتے ہیں۔

    ویڈیو میں ٹرمپ اور پوتن ایک دوسرے سے مصافحہ کرتے اور گرمجوشی سے خیر مقدم کرتے دکھائی دیتے ہیں۔

    دونوں رہنماؤں کے درمیان اگست 2025 میں الاسکا میں ہونے والی روس۔امریکہ سربراہی ملاقات کے بعد یہ پہلی براہِ راست ملاقات ہے۔

    تینوں رہنماؤں کی با ضابطہ سہ فریقی ملاقات جمعرات کو متوقع ہے، جس میں بین الاقوامی امور اور عالمی امن سے متعلق موضوعات پر تبادلہ خیال ہونے کا امکان ہے۔

  4. نیتن یاہو کی قومی اتحادی حکومت بنانے کی درخواست مسترد

    عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی اپوزیشن رہنما اور وزارت عظمیٰ کے امیدوار آئزن کوٹ نے نیتن یاہو کی جانب سے  قومی اتحادی حکومت بنانے کی درخواست کو سیاسی چال قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔ 

    گادی آئزن کوٹ کا کہنا تھا کہ نیتن یاہو جانتے ہیں کہ وہ انتخابات ہار چکے ہیں، اتحادی حکومت کی پیشکش نئی حکومت کی تشکیل مشکل بنانے کی کوشش ہے، یہ حربے مجھ پراور اسرائیل کے شہریوں پر اثر انداز نہیں ہوتے۔

    گذشتہ روز نیتن یاہو نے ایک بار پھر اپوزیشن کو اتحادی حکومت بنانے کی پیش کش کی اور مجوزہ حکومت میں صرف یہودی جماعتوں کو شامل کرنے کا کہا تاکہ ایران کے خطرے کے خاتمہ کیا جاسکے۔

    واضح رہے کہ اسرائیلی انتخابات کے بعد 67 ارکانِ پارلیمان کی حمایت حاصل کرنے والے گادی آئزنکوٹ کو اسرائیلی صدر نے حکومت بنانے کی ذمہ داری دی ہوئی ہے۔ 

  5. دو امریکی طیارے آپس میں ٹکرا گئے

    امریکا میں ملک گیر سطح پر پروازوں کی عارضی بندش کے محض ایک روز بعد ہفتے کی رات میامی انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے رن وے پر دو طیارے آپس میں ٹکرا گئے۔

    امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن (ایف اے اے) کے مطابق ’رن وے پر ٹیکسی کرتے ہوئے 'کوپا ائیرلائنز' کے بوئنگ 737 طیارے کا پر کارگو کمپنی 'یو پی ایس' کے بوئنگ 767 طیارے کے اگلے حصے سے جا ٹکرایا‘۔

    ائیرپورٹ کے ڈائریکٹر کمیونیکیشن گریگ چن نے امریکی نشریاتی ادارے سی این این کو بتایا کہ مقامی وقت کے مطابق رات تقریباً 9 بج کر 15 منٹ پر پیش آنے والے اس تصادم میں 2 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ 

    حکام کے مطابق دونوں افراد کے زخم معمولی نوعیت کے تھے اور فائر اینڈ ریسکیو ٹیموں نے انہیں موقع پر ہی طبی امداد فراہم کر دی۔

    حادثے کے بعد سامنے آنے والی ایک تصویر میں یو پی ایس طیارے کا اگلا حصہ متاثر  دکھائی دے رہا ہے اور اس کے پینلز میں ایک بڑا شگاف پڑ گیا ہے۔ 

    اطلاعات کے مطابق حادثے کے وقت کوپا ائیرلائنز کی پرواز پاناما سٹی سے میامی پہنچی ہی تھی جبکہ یو پی ایس کا کارگو طیارہ کولمبیا کے دارالحکومت بوگوٹا کے لیے اڑان بھرنے کی تیاری کر رہا تھا۔

    یہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب ملک بھر کے ائیرپورٹس جمعے کے روز ایف اے اے کی جانب سے پروازوں کی ملک گیر بندش کے بعد فضائی آپریشن کو معمول پر لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

  6. سعودی عرب نے حوثیوں کے دو بیلسٹک میزائل اور دو ڈرون تباہ کر دیے، عدن میں بھی دھماکے

    یمن کے حوثی گروپ، انصار اللہ، کی جانب سے سعودی عرب پر میزائل اور ڈرون حملوں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ جنوبی یمن کے شہر عدن میں بھی میزائل حملوں کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
    یمن میں قانونی حکومت کی حمایت کرنے والے سعودی قیادت والے اتحاد نے بُدھ کو اعلان کیا کہ اس نے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کی طرف داغے گئے دو بیلسٹک میزائل اور دو ڈرون تباہ کر دیے ہیں۔
    اتحادی افواج کے ترجمان ترکی المالکی کے مطابق مشترکہ دفاعی نظام نے مملکت کے مغربی علاقے میں دو بیلسٹک میزائلوں کو فضا ہی میں تباہ کر دیا، جبکہ اس سے قبل ریاض کی جانب داغے گئے تین کروز میزائل بھی ناکام بنا دیے گئے تھے۔
    یہ حملے ایک ایسے وقت میں ہو رہے ہیں جب فروری میں ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کے بعد شروع ہونے والی علاقائی جنگ کے دوران حوثی سعودی عرب کے ہوائی اڈوں، بندرگاہوں، تیل کی تنصیبات اور دیگر اہم اہداف کو مسلسل نشانہ بنا رہے ہیں۔
    سعودی عرب کا مشرقی صوبہ، جہاں ملک کے بیشتر تیل و گیس ذخائر اور آرامکو کا صدر دفتر واقع ہے، حالیہ ہفتوں میں متعدد حملوں کی زد میں آ چکا ہے۔ اطلاعات کے مطابق اکتوبر میں ہونے والے ایک حملے میں آرامکو کے مرکزی دفتر کو بھی نقصان پہنچا تھا۔
    دوسری جانب حوثیوں نے بدھ کو جنوبی یمن کے شہر عدن پر بھی میزائل حملے کیے۔
    خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق دو پولیس ذرائع نے بتایا کہ عدن میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ ذرائع کے مطابق دو میزائلوں نے شہر کے مغربی حصے میں اتحادی افواج کے ایک کیمپ کو نشانہ بنایا جبکہ تیسرا میزائل شہر کے وسط میں واقع ایک اور فوجی مرکز پر گرا۔
    سنہ 2022 کی جنگ بندی کے خاتمے اور جولائی میں دوبارہ لڑائی شروع ہونے کے بعد سے حوثی کئی مرتبہ عدن کو نشانہ بنا چکے ہیں۔
    دارالحکومت صنعا میں گذشتہ ہفتے بڑی تعداد میں لوگ ان افراد کی یاد میں جمع ہوئے جو سعودی فضائی حملوں میں مارے گئے تھے۔
    رپورٹس کے مطابق الشریعہ نامی گاؤں میں گھروں پر ہونے والے حملوں میں 40 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے، جن میں تقریباً 20 بچے بھی شامل تھے۔ سوگوار افراد متاثرین کی تصاویر سے مزین تابوت اٹھائے ہوئے تھے۔
    اقوام متحدہ کے مطابق جولائی میں لڑائی دوبارہ شروع ہونے کے بعد سے اب تک 1600 سے زائد افراد ہلاک جبکہ لاکھوں لوگ بے گھر ہو چکے ہیں۔
    خلیجی ممالک کا اجلاس
    ادھر بحرین کے دارالحکومت منامہ میں خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے وزرائے داخلہ کا اجلاس بھی منعقد ہوا۔
    سعودی وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خطے کو غیر معمولی سکیورٹی چیلنجز اور تیزی سے بدلتی علاقائی صورت حال کا سامنا ہے، جس کے لیے مشترکہ اور پیشگی اقدامات ناگزیر ہیں۔
    انھوں نے کہا کہ خلیجی ممالک کی سلامتی ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہے اور کسی ایک ملک کو لاحق خطرہ پورے خلیجی نظام کے لیے خطرہ تصور کیا جاتا ہے۔
    سعودی وزیر داخلہ نے حوثیوں کی جانب سے شہریوں اور معاشی تنصیبات کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات کسی بھی صورت میں جائز قرار نہیں دیے جا سکتے کیونکہ ان سے نہ صرف شہریوں کی جانوں کو خطرہ لاحق ہوتا ہے بلکہ یمن اور پورے خطے کے امن و استحکام پر بھی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

  7. پاکستان سمیت 150 سے زائد ممالک چین کے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کا حصہ بن گئے

    چین نے کہا ہے کہ اس کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی) کے تحت اب تک 150 سے زائد ممالک اور 30 سے زیادہ بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ تعاون کے معاہدوں پر دستخط کیے جا چکے ہیں، جو دنیا کے تقریباً تین چوتھائی ممالک اور کئی بڑے عالمی اداروں کا احاطہ کرتے ہیں۔

    چین کے ’ڈیپارٹمنٹ آف ریجنل اوپننگ اَپ، نیشنل ڈیولپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن‘ کے سربراہ لیانگ لن چونگ نے بدھ کو ایک پریس کانفرنس میں اس پیش رفت کا اعلان کیا۔

    چین نے 2013 میں بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ متعارف کروایا تھا، جسے بیجنگ عالمی اقتصادی تعاون اور ترقی کے فروغ کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم قرار دیتا ہے۔

    منگل کو ایک چینی تھنک ٹینک کی جانب سے جاری کی گئی ’بلڈنگ این اوپن ورلڈ اکانومی تھرو بیلٹ اینڈ روڈ کوآپریشن یعنی بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کے ذریعے ایک کھلی عالمی معیشت کی تعمیر کے عنوان سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس منصوبے کے تحت ہونے والا تعاون چین کی کھلے پن کی پالیسی اور باہمی فائدے پر مبنی ترقیاتی حکمتِ عملی کی عکاسی کرتا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق دنیا کے ممالک پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ باہم منسلک ہو چکے ہیں، جس سے عالمی مسائل کے حل کے لیے تعاون اور مشترکہ اقدامات کے نئے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چین داخلی اور عالمی حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے اعلیٰ معیار کے کھلے پن کو فروغ دینا اور عالمی ترقیاتی شراکت داریوں کو مضبوط بنانا چاہتا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق چین کا مؤقف ہے کہ بین الاقوامی تعاون اور اقتصادی روابط کے ذریعے موجودہ چیلنجز کو مواقع میں تبدیل کیا جا سکتا ہے اور ایسی عالمی معیشت کی تشکیل ممکن ہے جس سے تمام ممالک کو مشترکہ فائدہ پہنچے۔

  8. امریکا نے ایران کے ساتھ سرحدی گزرگاہیں بندکرنےکا مطالبہ کیا ہے، عراق

    عراق کے وزیر خارجہ فواد حسین نےکہا ہےکہ امریکا نے مطالبہ کیا ہےکہ عراق ایران کے ساتھ مشترکہ سرحد پر واقع دو گزرگاہوں کے علاوہ باقی تمام سرحدی راستے بندکردے۔

    ایرانی میڈیا کے مطابق عراق کی سرحدی گزرگاہ الشیب21 اکتوبر 2026 کی صبح عراقی حکومت کے حکم پر بند کردی گئی تھی۔ جس کے بعد سے عراق کے صوبے میسان میں احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔

    عراقی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات خطے میں دوبارہ فوجی تصادم شروع ہونےکے خدشات ظاہر کر رہے ہیں۔

    فؤاد حسین کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز کے راستے تیل کی برآمدات معطل ہونےکے باعث عراق کو تقریباً 60 ارب ڈالرکا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔


  9. آبنائے ہرمزکےقریب ایک روزکے دوران تیسرا آئل ٹینکر بارودی سرنگوں سے ٹکرا گیا، پاسداران انقلاب

    ایران کی پاسداران انقلاب کی بحریہ نے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہےکہ  آج صبح سے اب تک تین آئل ٹینکرز بارودی سرنگوں سے ٹکرائے ہیں، یہ آئل ٹینکرز  آبنائے ہرمز سے غیر مجاز راستوں کے ذریعے گزرنے کی کوشش کر رہے تھے۔

    بیان میں کہا گیا کہ ان آئل ٹینکرز نے اپنے نیویگیشن اور شناختی نظام بند کر دیے تھے اور غیر مجاز راستوں سے گزرنے کے لیے امریکی فوجی کارروائیوں میں تعاون کر رہے تھے، جس کے بعد ان میں آگ لگ گئی۔

  10. ایران کو روسی ایس 400 میزائل دفاعی نظام ملنے کا امکان، معاہدے پر بات چیت جاری: برطانوی اخبار

    برطانوی اخبار ’دی ٹیلی گراف‘ کے مطابق روس اور ایران کے درمیان جدید فضائی دفاعی نظام ایس 400 کی فراہمی کے لیے مذاکرات جاری ہیں اور تہران کو امید ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اس معاہدے کی منظوری دے دیں گے۔

    رپورٹ کے مطابق ملاقات میں روس اور ایران کے درمیان نئی گیس پائپ لائن کی تعمیر پر بھی بات چیت ہوئی۔ تاہم دونوں ممالک کی جانب سے ایس 400 کی خریداری کے کسی حتمی معاہدے یا فراہمی کے شیڈول کا اعلان نہیں کیا گیا۔

    اخبار نے روسی دفاعی صنعت کی خفیہ دستاویزات کا حوالہ دیتے ہوئے یہ بھی بتایا کہ روسی ادارے ایران کے لیے ہیلی کاپٹروں سے داغے جانے والے ’ایل ایم یو آر‘ گائیڈڈ میزائلوں کے خصوصی لانچرز تیار کرنے کے معاہدے پر کام کر رہے تھے۔

    دستاویزات کے مطابق ایران کے لیے 90 لانچرز کی تیاری اور فراہمی کا منصوبہ تھا، تاہم ان دستاویزات سے یہ تصدیق نہیں ہوتی کہ یہ سامان ایران پہنچا بھی یا نہیں۔

مزید خبریں